ماہ ِشوال کے روزوں کی فضیلت

رمضان المبارک کامقدس مہینہ ختم ہوگیاہے۔یہ اﷲ رب العزت کی بارگاہ میں ہماری گواہی دے گا۔جس نے اس مقد س مہینہ کاحق اداکیاقیامت کے دن یہ مقدس مہینہ اﷲ رب العزت کی بارگاہ میں اس شخص کے لئے عزت ووقارکے تاج پہننانے کی درخواست کرے گا۔اس مقد س مہینہ کی درخواست قبول ہوگی خوش نصیب انسان کوعزت ووقارکاتاج پہنادیاجائے گا۔جس نے اس مقد س مہینہ کاحق ادانہیں کیاجیسے اس کی عزت ہم پرواجب تھی ؟وہ پچھتائے گازندگی کاکوئی بھروسہ نہیں شایدآئندہ یہ ماہِ مقدس ہمارے نصیب میں نہ ہواگر موت نے غافل کومہلت نہ دی توانسان نادم ہوگاپَراس دن صرف ندامت ہی ہوگی اورتوکچھ فائدہ نہیں ہوگا۔میرے مسلمان بھائیو!زندگی کوغنیمت جانوگناہوں سے بازآجاؤغفلت چھوڑدوکہیں ایسانہ ہوکہ قیامت کے دن افسوس کرناپڑجائے ۔

منقول ہے کہ جب رمضان المبارک کامقدس مہینہ آتاہے توجنت کوایک کنارے سے دوسرے کنارے تک سجایاجاتاہے یہاں تک کہ جب اسکی پہلی رات آتی ہے توعرش کے نیچے تیزہواچلتی ہے توجنتی درختوں کے پتے پھڑپھڑاتے ہوئے جنت کے دروازوں پرلگتے ہیں توان کی ایسی آوازسنائی دیتی ہے کہ کسی سننے والے نے اس سے زیادہ دلکش آوازکبھی نہ سنی ہوپھرزینت سے آراستہ بڑی بڑی آنکھوں والی حوریں جنت کے بالاخانوں میں کھڑی ہوکرپکارتی ہیں کیاکوئی خوش نصیب ہے جواﷲ پاک کوہمارے نکاح کاپیغام دے تاکہ اﷲ پاک ہمارانکاح اس سے کردے پھردربان جنت سے پوچھتی ہے اے رضوان یہ کون سی رات ہے تووہ ان کولبیک کہتے ہوئے جواب دیتاہے یہ ماہ رمضان المبارک کی پہلی رات ہے اوراﷲ پاک نے فرمایاہے کہ اے رضوان میرے محبوب ﷺکے امت کے روزہ داروں کے لئے جنت کے دروازے کھول دے ۔اے جبرائیل امینؑ زمین کی طرف جاؤمردو دشیاطین کوزنجیروں میں جکڑدواوران کے گلے میں طوق ڈال کرسمندرکی گہرائی میں پھینک دوتاکہ میرے محبوبﷺکی امت کے روزے فاسدکرنے کی کوشش نہ کریں اﷲ پاک ماہ رمضان کی ہررات تین مرتبہ ارشادفرماتاہے ہے کوئی توبہ کرنیوالاکہ میں اسکی توبہ قبول کروں ہے کوئی مغفرت طلب کرنیوالاکہ میں اسے معاف کروں ہے کوئی سوال کرنیوالاکہ میں اس کوعطاکروں ہے کوئی دعاکرنیوالاکہ میں اس کی دعاقبول کروں اﷲ پاک رمضان کی ہررات افطارکے وقت دس لاکھ جہنمی کہ جن پرعذاب واجب ہوچکاہوتاہے دوزخ سے آزادفرماتاہے جب ماہِ رمضان کاآخری دن آتاہے تواس دن مہینے کے شروع سے آخرتک آزادکئے ہوؤں کی تعدادکے برابرجہنم سے آزاد فرماتاہے ۔ماہ رمضان المبارک کامہینہ امت محمدیہﷺکو اﷲ پاک کی طرف سے ایک خصوصی انعام ملاہواہے ۔ کیونکہ اس ماہِ مقدس میں ایک نفلی عبادت کاثواب فرض کے برابراورفرض کاثواب عام دنوں کے فرضوں سے سترتاسات سوگناتک ملتاہے۔

شوال شول سے ماخوذہے جس کے معنی ہیں باہرنکلنا۔چونکہ اہل عرب اس مہینہ میں سیروسیاحت کے لئے گھروں سے باہرنکل جایاکرتے تھے۔اس لئے اِس ماہ کانام شوال رکھاگیا۔ ماہ ِ شوال کے مہینے میں جوحرام ومعاصی سے پرہیز کرتاہے وہ جنت کامستحق ہوتاہے ۔حضرت لوط علیہ السلام کی قوم پران کی بدکاری کی وجہ سے زمین کاجوطبقہ الٹ دیاگیاتھاوہ ہفتہ کادن اورماہِ شوال کی پہلی تاریخ تھی۔ حضرت صالح علیہ السلام کی امت یکم شوال جمعرات کے دن مبتلائے عذاب ہوئی ۔حضرت نوح علیہ السلام کی امت پہلی شوال ہفتہ کے دن طوفان میں غرق ہوئی تھی۔قوم عادعلیہ السلام پریکم شوال بدھ کے دن عذاب صرصرآیاتھا۔

حدیث شریف میں واردہے کہ شوال کی پہلی رات میں جس کوصبح عیدہوتی ہے چندہزارفرشتے نازل ہوتے ہیں اوروہ نداکرتے ہیں کہ اے اﷲ پاک کے بندو!خوشخبری ہوتم کواس بات کی اﷲ پاک نے تم کواس لئے بخش دیاہے کہ تم نے ماہِ رمضان کے روزے رکھے ۔اگرتم چھ روزے شوال میں بھی رکھوتوتم کواﷲ پاک جنت میں ایسابڑامکان دے گاجوکسی کونہ دے گاسوااسکے جوتمہارے موافق عمل کرے ۔

حضرت سیدناابوایوب انصاریؓ سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺنے ارشادفرمایاجس نے رمضان کے روزے رکھے اورپھرشوال کے چھ روزے رکھے گویااس نے سارازمانہ روزے رکھے۔(نسائی)یہ اس وقت ہے کہ جب کہ وہ تمام عمریہ روزے رکھے اگراس نے صرف ایک ہی سال یہ روزے رکھے تواسے سال بھرکے روزوں کاثواب ملے گا۔ماہِ شوال کے چھ روزے اکٹھے یامتفرق رکھنا ہرطرح جائزہے۔

حضرت عبداﷲ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اﷲﷺنے فرمایاکہ جوشخص رمضان شریف کے روزے رکھے اورپھرماہ شوال میں چھ روزے رکھے اس نے گویاپورے سال کے روزے رکھے ۔آپؓ نے اس حدیث پاک کی توضیح میں فرمایاکہ سال بھرکے روزے اس حساب سے ہوتے ہیں کہ رمضان شریف کے تیس روزے تین سوروزوں کے برابرہوئے اورشوال کے چھ روزے ساٹھ کے برابریوں سال کے تین سوساٹھ دنوں کے برابرروزے ہوئے ۔ایک روایت میں ہے کہ جوشخص ماہ شوال کے چھ روزے لگاتارماہِ رمضان سے ملاکررکھے (عیدکے دن کے علاوہ)تواس کے لئے چھ لاکھ برس کی عبادت ،چھ لاکھ اونٹ کی قربانی ،چھ لاکھ غلام آزادکرنے سے بھی افضل ہے -

حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرمﷺنے ارشادفرمایاجوماہِ شوال کے چھ روزے رکھے گااﷲ تعالیٰ اسے قیامت کے دن طوق اور زنجیروں سے بچالے گا۔ایک اورروایت کے مطابق جوشخص ماہِ شوال کے چھ روزے صدق وایمان سے رکھے گااسکے نامہ اعمال میں امت مصطفیﷺ کے برابرثواب لکھاجائے گااوربہشت میں حضرت امیرحمزہؓ ،حضرت عباسؓ ،حضرت امام حسن ؓ اورحضرت امام حسین ؓ کی ہمسائیگی میں جگہ ملے گی۔

حضرت علی المرتضیٰ شیرخداؓ فرماتے ہیں اے مسلمانو!شوال کے مہینے میں چھ روزے ضروررکھ کراپنے جسموں کوپاک وصاف کرلیاکروکیونکہ اﷲ تعالیٰ رمضان میں روزہ رکھنے والوں کے اجسام دیکھتاہے لہذاجوشخص اس مہینے میں حرام ومعاصی سے پرہیزرکھے گاوہ جنت کاحقدارہے۔شوال کے پہلے روزے کے بدلے میں اﷲ تعالیٰ اس کے چالیس سال کے گناہ بخش دے گاچالیس نبیوں کاثواب عطافرمائے گااوربہشت کی چالیس حوریں اس کی زوجیت میں دے گادوسرے روزے کے بدلے سترغزوات کاثواب اورعذاب قبرسے نجات ملے گی ۔تیسرے روزے کے بدلے میں ایک لاکھ شہیدوں کامرتبہ اورقیامت کی سختی سے محفوظ رہے گا۔چوتھے روزے کے بدلے میں دنیاوآخرت کی سترحاجتیں پوری ہوں گی اوراعمال نامہ دائیں ہاتھ میں دیاجائے گا۔پانچویں روزے کے بدلے میں بہشت کے سترحلے پہنائے جائیں گے اوردعاقبول ہوگی۔چھٹے روزے کے بدلے میں اسے قیامت کے دن ایک لاکھ گناہ گاروں کی شفاعت کاحق ملے گاساٹھ لاکھ برس کی عبادت نامہ اعمال میں لکھی جائے گی ۔ اگراسی سال جس میں روزے رکھے ہیں مرجائے گاتوشہیدہوگااوردیداربھی حاصل ہوگا۔حدیث پاک میں ہے کہ جوآدمی شوال کی پہلی رات یادن میں نمازعیدکے بعدچاررکعت نمازنفل اپنے گھرمیں پڑھے اورہررکعت میں الحمدشریف کے بعدسورۃ الاخلاص اکیس مرتبہ پڑھے اﷲ تعالیٰ اس کیلئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیتاہے اوردوزخ کے ساتوں دروازے بندکردیتاہے اتنے تک وہ آدمی نہیں مرے گاجب تک وہ اپنامقام جنت میں نہ دیکھ لے ۔اﷲ پاک ہم سب کی تمام جانی مالی عبادتیں اپنی بارگاہ لم یزل میں قبول فرماکربروزقیامت ذریعہ نجات بنائے اوراپنے پیارے محبوب ﷺکی شفاعت نصیب فرمائے۔ آمین
Hafiz kareem ullah Chishti
About the Author: Hafiz kareem ullah Chishti Read More Articles by Hafiz kareem ullah Chishti: 179 Articles with 298991 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.