عیدالاضحیٰ اور اس سال کے خوبصورت جانور ( خصوصی فیچر - 1 )

ذکر عیدالاضحیٰ کا ہو اور خوبصورت جانوروں کی بات نہ ہو ایسا ممکن ہی نہیں٬ عیدالاضحیٰ کی تمام رونق خوبصورت اور تندرست جانوروں کی بدولت ہوتی ہے اور ان دنوں جس گلی محلے میں نظر دوڑائیں آپ کو ہر طرف خوبصورت جانور اور ان کو دیکھنے والا کا ایک ہجوم دکھائی دیتا ہے- عیدالاضحیٰ کے چاند کا اعلان ہوتے ہی کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں بھی جانوروں کی خرید و فروخت میں خاصی تیزی آجاتی ہے- منڈی میں سب سے زیادہ قیمت والے جانور مشہور کیٹل فارم کے ہوتے ہیں- ان کیٹل فارم میں قابل ذکر کائنات کیٹل فارم٬ عامر دلپسند کیٹل فارم٬ لاثانیہ کیٹل فارم اور بی ایم کیٹل فارم ہیں- اس وقت ان کیٹل فارم میں موجود جانوروں کی قیمت 8 لاکھ سے لے کر 15 لاکھ تک ہے٬ بعض مخصوص جانوروں کی قیمت 20 لاکھ سے بھی تجاوز کر جاتی ہے- ان جانوروں کی اتنی زیادہ قیمت کا سبب ان کا وزن٬ خوبصورتی اور قد کاٹھ ہے- ہماری ویب کی ٹیم نے اپنے قارئین کے لیے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مویشی منڈی میں لائے گئے خوبصورت اور بیش قیمت جانوروں کی تصاویر اور ان سے متعلق معلومات اکھٹی کی ہیں- منڈی میں موجود خوبصورت جانوروں کا احوال آپ ہمارے آج کے خصوصی فیچر میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ ویڈیو میں دیکھ بھی سکتے ہیں-
 

کائنات کیٹل فارم:
یوں تو اس کیٹل فارم کئی جانور موجود تھے اور سب ایک سے بڑھ کر ایک- لیکن ایک جانور ایسا بھی تھا جس کے ارگرد لوگوں کا ہجوم تھا- اونچے قد کاٹھ کے مالک اس جانور کی قیمت کیٹل فارم کی جانب سے 22 لاکھ مقرر کی گئی ہے اور اتنی زیادہ قیمت کے باوجود انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس کے گاہک بھی دستیاب ہیں- 6 دانت کا یہ جانور 7 سال کا ہے اور اس کا وزن 18 من- ساہیوال سے تعلق رکھنے والے اس بیش قیمت جانور کو موسم کے اعتبار سے غذا دی جاتی ہے- کیٹل فارم انتظامیہ کا دیکھ بھال کے دوران آنے والی مشکلات کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ جانور کبھی بیمار ہوجائیں تو وقت پر ان کا علاج کروایا جاتا ہے اور ڈاکٹر سے انجکشن لگوائے جاتے ہیں جبکہ کیٹل فارم کے تمام جانوروں کی ویکسینیشن بھی کروائی جاتی ہیں-

image


لاثانیہ کیٹل فارم:
جیسا خوبصورت جانور ویسا ہی خوبصورت نام بھی ہے اس کا- داجل سے تعلق رکھنے والی اس بچھیا کو ناز کے نام سے پکارا جاتا ہے- ناز لاثانیہ کیٹل فارم کا اس وقت سب سے مہنگا جانور ہے جس کی قیمت 9 لاکھ روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس کا وزن 12 من ہے- کیٹل فارم کے مالک کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس سے بھی مہنگے جانور موجود تھے لیکن وہ سب اب فروخت ہوچکے ہیں- ناز کی غذا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دودھ٬ گھی٬ مکھن اور مصری کھلائی جاتی ہے اور اسے کراچی میں ہی موجود دنبہ گوٹھ پر واقع کیٹل فارم میں پالا گیا ہے- کیٹل فارم کے مالک کے مطابق انہیں اس جانور کی دیکھ بھال میں کوئی مشکلات نہیں آئیں کیونکہ ان کا اس فیلڈ میں وسیع تجربہ ہے- لاثانیہ کیٹل فارم کی جانب سے عام عوام کی آگہی کے لیے یہ بھی بتایا گیا کہ آجکل جانوروں میں منہ کھر کی بیماری عام ہے جس سے بچاؤ کے لیے منہ میں سوموجل ٹیوب اور پاؤں میں پیٹرول ڈالتے رہیں- اس کیٹل فارم کے تمام جانوروں کی مکمل ویکسینیشن کروائی جاتی ہے-

image


سیال کیٹل فارم:
اس کیٹل فارم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کے پاس وہ جانور موجود ہے جس نے منڈی میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے اور ٹرافی بھی لے رکھی ہے- اس جانور کی خوبی یہ ہے کہ اس کی ایک آنکھ سفید جبکہ دوسری کالی ہے- ہم بات کر رہے ہیں گلابی نقرہ نسل تعلق رکھنے والے جانور کی جو ساہیوال سے لایا گیا ہے- اس جانور کی قیمت 9 لاکھ مقرر کی گئی ہے جبکہ اس کا وزن 12 من سے زائد ہے- انتظامیہ کے مطابق اس جانور کے بلند قد کاٹھ کا تعلق نسل اور غذا سے ہے- اس کی غذا کے حوالے سے کیٹل فارم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اسے چنے کا دلیہ٬ چنے کی اٹی٬ کھلی٬ چوکر اور بھوسا وغیرہ مکس کر کے کھلاتے ہیں- کیٹل فارم کے مطابق وہ اپنے جانوروں کی ویکسینیشن کے لیے دوائی امپورٹ کرتے ہیں- فارم کے اس بیش قیمت جانور کو کراچی کے علاقے ملیر واقع سیال کیٹل فارم پر ہی پالا گیا ہے-

image


عامر دلپسند کیٹل فارم:
خوبصورت نیلے رنگ کے ٹینٹ میں رکھا گیا یہ حسین جانور عامر دلپسند کیٹل فارم کی ملکیت ہے- اس کیٹل فارم کے اب تک 55 جانور فروخت ہوچکے ہیں اور یہ لال بادشاہ ان کا سب سے بیش قیمت جانور ہے جو کہ فروخت تو ہوچکا ہے لیکن ابھی روانہ نہیں کیا گیا- انتظامیہ کے مطابق لال بادشاہ کی ڈیمانڈ 25 لاکھ تھی لیکن 20 لاکھ پر سودا ہوگیا- انتظامیہ کے مطابق اس جانور کا وزن 28 من ہے جس کا اندازا تجربے کی بنیاد اور کانٹے پر وزن کر کے لگایا جاتا ہے- انتظامیہ کے مطابق اس جانور کے بلند قد اور زیادہ وزن دار ہونے میں پہلے اس کی نسل کا اور پھر خوراک کا کمال ہے- لال بادشاہ کا تعلق ساہیوال سے ہے اور لال نقرہ کہا جاتا ہے- خوراک کے حوالے سے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اسے ونڈا کے علاوہ موسم کے اعتبار سے خوراک دیتے ہیں جس میں دودھ اور مکھن شامل ہیں- کیٹل فارم کے مطابق وہ اپنے جانور دیسی حکمت پر پالتے ہیں اور صرف منہ کھر وغیرہ کی بیماریوں کی ویکسینیشن کروائی جاتی ہے- ایسی عوام جو جانور خرید کر لی جاتی ہے انہیں عامر دلپسند کیٹل فارم کی جانب سے مشورہ ہے کہ وہ اپنے جانور دھوپ اور شبنم میں باندھیں اس عمل سے جانور بیماری سے محفوظ رہیں گے-

image


بی ایم کیٹل فارم:
کالی رنگ کی اس جوڑی کا نام بھی بلیک ہی رکھا گیا ہے- کیٹل فارم کی جانب سے حیدرآباد سے لائے گئی اس جوڑی کی قیمت 30 لاکھ روپے طلب کی جارہی ہے- اس جوڑی میں سے ایک ایک کا وزن تقریباً 25 من ہے- کیٹل فارم کے مطابق یہ وزن کمپیوٹرائزڈ کانٹے کی مدد سے کیا گیا ہے- آسٹریلین نسل کے ان جانوروں کے غیرمعمولی قد کاٹھ اور وزن کا سبب ان کی نسل اور غذا ہے- کیٹل فارم کے مطابق انہیں دیسی غذا کھلائی جاتی ہے جبکہ بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر 3 ماہ کے بعد ویکسینیشن کروائی جاتی ہے- دیکھ بھال کے حوالے سے کیٹل فارم کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جانوروں کی اولاد کی طرح ہی پالا جاتا ہے- اور انہیں روزانہ ڈاکٹر چیک کرتا ہے-

image


جناح کیٹل فارم:
یہ ہے کالا بادشاہ جو کہ ملکیت ہے جناح کیٹل فارم کی-کالا بادشاہ کی عمر ساڑھے تین سال ہے جبکہ ان کا وزن 22 من ہے- کالا بادشاہ کی قیمت 7 لاکھ رکھی گئی ہے- جناح کیٹل فارم کے مطابق انہوں نے اس جانور کی بہت دیکھ بھال کی ہے اور مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اس کی وقت پر ویکسینیشن کروائی گئی ہے- وزن کے حوالے سے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جانوروں کے وزن کا ایک باقاعدہ نظام موجود ہوتا ہے اور کالا بادشاہ کا وزن بھی اسی مخصوص نظام کے تحت کروایا گیا ہے-

image


ساکران ڈیری فارم:
یہ آسٹریلین نسل سے تعلق رکھنے والا خوبصورت اور پرکشش جانور ساکران ڈیری فارم کی ملکیت ہے- ڈیری فارم کی جانب سے اس جانور کی قیمت ساڑھے پانچ لاکھ مقرر کی گئی ہے- اس جانور کی عمر 5 سال ہے جبکہ اس کا وزن 15 من ہے- ڈیری فارم کے مطابق اتنے زیادہ وزن میں زیادہ تر کمال اس نسل کا ہے- غذا کے حوالے سے ڈیری فارم کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اسے عام غذا دیتے ہیں جو کہ چارہ اور بھوسا وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے-

image

   

 

YOU MAY ALSO LIKE:

Holy Eid-ul-Azha is the second greatest religious festival of the Muslims with solemnity and religious fervor. Eid-ul-Azha is known as the 'Festival of Sacrifice'. Especially for this purpose, the cows, sheep, goats and camel are offered to sell in the muslim countries. In this article many of beautiful cows are listed who catch attention to their buyers due to their beauty and size.