اہل پاکستان تو کراچی کو روشنیوں کا شہر کہتے ہی تھے لیکن
اب تو شہرِ قائد کراچی کو ناسا نے بھی روشنیوں کا جھرمٹ قرار دیدیا ہے۔
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے 23 ستمبر 2015 کو بین الاقوامی خلائی
اسٹیشن سے کچھ تصاویر بنائیں، ان تصاویر میں بحیرہ عرب کے کنارے آباد
پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی روشنیوں سے جگمگاتا ہوا نظر آرہا ہے۔
|
|
ان تصاویر کے بارے میں ناسا کا یہ کہنا ہے کہ رات کے وقت کراچی شہر خلا سے
بھی روشنیوں سے جگمگاتا نظر آرہا ہے۔
کراچی شہر کی ان روشنیوں، چکا چوند اور ستاروں جیسی جگمگاہٹ کو دیکھ کر
ناسا نے کراچی کو Bright Cluster of lights یعنی روشنیوں کا جھرمٹ قرار
دیدیا۔
خلا سے بھیجی جانے والی تصاویر میں سے چند تصاویر میں پاکستان اور بھارت کی
سرحدوں کو بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ تصاویر میں دنیا کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ
پاک بھارت سرحد کو زرد رنگ کی روشنی میں ظاہر کیا گیا ہے۔ ناسا کی جانب سے
جاری کردہ تصاویرمیں ہمالیہ کو بھی ظاہر کیا گیا ہے اور ناسا کی رپورٹ میں
کراچی سے ہمالیہ کے دامن کا فاصلہ ایک ہزار 160 کلومیٹر (720میل) بتایا گیا
ہے۔ یہ ساری تصاویر دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔
|
|
کراچی شہر کو مقامی اور غیر مقامی دہشت گردوں نے اندھیروں میں ڈبونے کی
کوششیں کیں لیکن اس کی رونقیں بحال ہوتی جارہی ہیں۔اہل ِ پاکستان کراچی کو
روشنیوں کا شہر کہتے ہیں، ناسا نے بھی اسے روشنیوں کا جھرمٹ قراردیدیا ہے۔
لیکن کے الیکٹرک ناسا کے اس دعوے کو غلط ثابت کرنے کی سرتوڑ کوشش کرتا رہتا
ہے۔
اﷲ تعالیٰ ہمارے شہر کو دہشت گردوں، حاسدوں کے شر اور کے الیکٹرک کی نظرِ
بد سے بچائے اور اس شہر اور اس کے باسیوں کو شاد و آباد رکھے۔ آمین
|