ویلنٹائن کیا ہے؟

دنیا بھر میں سال کے تقریبا تمام دنوں کو کسی نہ کسی نام یا واقعہ کے ساتھ جوڑ کر منایا جاتا ہے۔ عموما ان واقعات کو بھول کر نوجوان طبقہ بلا سوچے سمجھے ان دنوں کو فیشن کے طور پر مناتے ہیں۔ ایسے ہی دنوں میں سے ایک مخصوص عالمی دن ویلنٹائن ڈے ہے جو ہر سال14فروری کو کچھ مغربی اور سیکولر ملکوں میں سرکاری اور غیر سرکاری طور پر منایا جاتا ہے۔

ویلنٹائن ڈے کیا ہے اور اس کی ابتدا کس طرح ہوئی ؟ اس کے بارے میں کئی روایات ملتی ہیں تاہم ان میں یہ بات مشترک ہے :
ویلنٹائن ڈے (جو 14فروری کو منایا جاتا ہے) محبوبوں کے لئے خاص دن ہے۔
اسے عاشقوں کے تہوار(Lover's Fesitival) کے طور پر منایا جاتا ہے۔
سینٹ ویلنٹائن کون تھا؟
سینٹ ویلنٹائن ایک عیسائی راہب تھا۔اس سے بھی ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے کچھ باتیں جڑی ہیں۔ اسے عاشقوں کے تہوار کے طور پر کیوں منایا جاتا ہے؟ اور سینٹ ویلنٹائن سے اس کی کیا نسبت بنتی ہے ، اس کے بارے میں بک آف نالج کا مذکورہ اقتباس لائق توجہ ہے :
ویلنٹائن ڈے کے بارے میں یقین کیا جاتا ہے کہ اس کا آغاز ایک رومی تہوار لوپر کالیا (Luper Calia) کی صورت میں ہوا۔ قدیم رومی مرد اس تہوار کے موقع پر اپنی دوست لڑکیوں کے نام اپنی قمیصوں کی آستینوں پر لگا کر چلتے تھے۔ بعض اوقات یہ جوڑے تحائف کا تبادلہ بھی کرتے تھے۔ بعد میں جب اس تہوار کوسینٹ ویلن ٹائن کے نام سے منایا جانے لگا تو اس کی بعض روایات کو برقرار رکھا گیا۔ اسے ہر اس فرد کے لئے اہم دن سمجھا جانے لگا جو رفیق یا رفیقہ حیات کی تلاش میں تھا۔ سترہویں صدی کی ایک پراُمید دوشیزہ سے یہ بات منسوب ہے کہ اس نے ویلن ٹائن ڈے والی شام کو سونے سے پہلے اپنے تکیہ کے ساتھ پانچ پتے ٹانکے۔ اس کا خیال تھا کہ ایسا کرنے سے وہ خواب میں اپنے ہونے والے خاوند کو دیکھ سکے گی۔ بعد ازاں لوگوں نے تحائف کی جگہ ویلنٹائن کارڈز کا سلسلہ شروع کردیا۔

یہ بھی کہا جاتا ہے کہ تیسری صدی عیسوی میں ویلنٹائن نام کے ایک پادری تھے جو ایک راہبہ (Nun)کی زلف گرہ گیر کے اسیر ہوئے۔ چونکہ عیسائیت میں راہبوں اور راہبات کے لئے نکاح ممنوع تھا۔ اس لئے ایک دن ویلن ٹائن نے اپنی معشوقہ کی تشفی کے لئے اسے بتایا کہ اسے خواب میں بتایا گیا ہے کہ 14 فروری کا دن ایسا ہے اس میں اگر کوئی راہب یا راہبہ صنفی ملاپ بھی کرلیں تو اسے گناہ نہیں سمجھا جائے گا۔ راہبہ نے ان پر یقین کیا اور دونوں جوشِ عشق میں یہ سب کچھ کر گزرے۔ کلیسا کی روایات کی یوں دھجیاں اُڑانے پر ان کا حشر وہی ہوا جو عموماً ہوا کرتا ہے یعنی انہیں قتل کردیا گیا۔ بعد میں کچھ منچلوں نے ویلن ٹائن صاحب کوشہید ِمحبت کے درجہ پر فائز کرتے ہوئے ان کی یادمیں دن منانا شروع کردیا۔ چرچ نے ان خرافات کی ہمیشہ مذمت کی اور اسے جنسی بے راہ روی کی تبلیغ پر مبنی قرار دیا۔ یہی وجہ ہے کہ عیسائی پادریوں نے بھی اس دن کی مذمت میں سخت بیانات دیئے۔ بنکاک میں تو ایک عیسائی پادری نے بعض افراد کو لے کر ایک ایسی دکان کو نذرآتش کردیا جس پر ویلنٹائن کارڈ فروخت ہورہے تھے۔

اسلام میں غیرمردوں اور غیر عورتوں کا ایک دوسروں سے ملنا اور اظہارمحبت کرنا منع ہے۔اسی طرح چرچ نے ان خرافات کی ہمیشہ مذمت کی اور اسے جنسی بے راہ روی کی تبلیغ پر مبنی قرار دیا۔

پاکستان میں گذشتہ دو تین سالوں سے اس دن کے جشن منانے کا جذبہ نوجوانوں میں جوش پکڑتا جا رہا ہے، حالانکہ یہاں کا ماحول یورپ جتنا سازگار نہیں ہے اور آبادی کا معتدبہ حصہ اس دن کی تقاریب کو قبیح مانتا ہے۔یہاں پر ویلنٹائن ڈے کا تصور نوے کی دہائی کے آخر میں ریڈیو اور ٹی وی کی خصوصی نشریات کی وجہ سے مقبول ہوا۔ شہری علاقوں میں اسے جوش وخروش سے منایا جاتا ہے۔پھولوں کی فروخت میں کئی سو گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔یہی حال کارڈز کی فروخت کا ہوتا ہے۔

بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل نے ویلنٹائن ڈے منانے والوں کو سنگین نتایج کی دھمکیاں دیتے ہوئے انھیں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کا مشورہ دیتی ہے۔ایک اور انتہاء پسند تنظیم ہندو مہاسبھا نے اعلان کیا ہے کہ وہ کُھلے عام آئی لو یو کہنے والے جوڑوں کی زبردستی شادی کروائے گی۔ کچھ اسلامی ممالک میں اس دن اس رسم کیخلاف مہم بھی چلائی جاتی ہے۔

بحیثیت مسلمان ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم نہ صرف اس دن کو منانے کا بائیکاٹ کریں بلکہ اس کے خلاف بھر پور تحریک چلائے۔ اپنے نوجوان نسل کو ایسے قبیح اور غیر شرعی کاموں سے روکے۔ اگر آج ہم نے ویلنٹائن جیسے تہواروں کا راستہ نہ روکا تو بے حیائی کا طوفان ہمارے گھروں میں داخل ہوکر سب کچھ بہا لے جائے گا۔
Abid Ali Yousufzai
About the Author: Abid Ali Yousufzai Read More Articles by Abid Ali Yousufzai: 97 Articles with 83158 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.