قارئین!میرا آج کا موضوع اپنی نوعیت کے لحاظ سے بہت اہم
ہے اس سے پہلے میں آپ کو اﷲ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں کے فوائد بتا چکا ہوں
جس میں پھل اور سبزیاں سہر فہرست ہیں۔ آج میں آپ کو اسلام کے پانچ ارکان
میں سے دوسرا اہم رکن نماز کے طبعی فوائد بتاؤں گا۔ مسلمان ہونے کے ناطے
نماز ہم پر فرض کی گئی ہے اور اسے ہر بالغ عورت و مرد پر لازم ہے کہ وہ
نماز کی پابندی کرے۔نماز سے نہ صرف ہم اپنے رب کا شکر ادا کرتے ہیں بلکہ
آخرت میں یہی نماز ہمارے لئے نامہ اعمال میں اضافے کا سبب بھی بھی بنتی ہے
اور یقیناً نماز کی پابندی کرنے والا آخرت میں سرخرو ہو جائے گا۔ نماز سے
جہاں روحانی سکون ملتا ہے وہاں ہمیں اس کے جسمانی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔
مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں پانچ وقت کی نماز ضرور پابندی اور دل سے ادا کرنی
چاہیئے۔ پھر ہی ہمیں اس کا پورا پورا فائدہ ہوگا۔
|
|
صبح کی نماز ادا کرنے سے انسان کو جو ترو تازگی ملتی ہے اس سے وہ سارا دن
ہشاش بشاش رہتا ہے۔اس طرح ظہر کی نماز ہمیں کھانا کھانے کی بعد کی ہلکی
ورزش بن جاتی ہے اور عصر کی نماز ہمارے جسم کو آرام دیتی ہے۔ شام اور عشاء
کی نماز ادا کرنے سے ہمیں رات بھر بھر پور نیند آتی ہے۔نماز پڑھنے والے کا
چہرہ نورانی اور دل پرنور ہو جاتا ہے۔جسم کو سکون ملتا ہے اور نماز قبر کی
ساتھی بھی ہے۔نمازی پر اﷲ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے اور یہ جنت کی
کنجی بھی ہے۔روز قیامت نماز ہمارے نیکی کے پلڑے کا وزن بڑھا دے گی اور ہمیں
دوزخ کی آگ سے بچانے کا ذریعہ بن جائے گی۔ بشرطیکہ ہم نماز کو پوری دل جمعی
، آداب اور سنت کے مطابق ادا کریں اور جلد بازی سے کام نہ لیں بلکہ ٹھہر
ٹھہر کا پڑھیں۔اور نماز کا پورا پورا لطف اٹھائیں۔
ایک ٹی وی پروگرام کے مطابق نماز یوگا سے بہتر رزلٹ دیتی ہے اور یہ ہماری
صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ نماز کی سب سے بڑی بات کہ
انسان صاف ستھرا اور پاک صاف رہتا ہے جس سے وہ کئی بیماریوں سے بچ جاتا
ہے۔اس کے بعد وضو کرنے سے تمام بدن اندر اور باہر سے دھل جاتا ہے اس سے
انسان کے ذہن و قلب کو سکون ملتا ہے۔مسواک کرنے دانت صاف رہتے ہیں اور
زیادہ تر بیماریاں دانتوں سے ہی جنم لیتی ہیں۔
|
|
نماز کے فوائد:
٭نماز ہمیں کاہل اور سست ہونے سے بچاتی ہے۔
٭ نماز ہمیں وقت کا پابند بننے کا درس دیتی ہے۔
٭ نماز ہمیں بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے۔
٭وضو کرتے وقت تین بار ہاتھ دھونے سے ہاتھ جراثیم سے پاک ہو جاتے ہیں۔
٭مسواک اور کلی کرنے سے ہم منہ،دانتوں اورحلق کی بیماریوں سے محفوظ ہو جاتے
ہیں۔
٭ناک میں پانی ڈالنے سے گرود و غبار اور جراثیم سے محفوظ ہو جاتے ہیں۔
٭چہرے کو تین بار دھونے سے ہم گردو غبار،پسینے اور جلدی چکنائی سے بچ جاتے
ہیں۔
٭بازوؤں اور کہنیوں کو دھونے اور مسح کرنے سے دوران خون بڑھتا ہے۔
٭ گردن پر مسح کرنے سے فالج سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
٭پاؤں کی صفائی اور دھونے سے ان میں درد وغیرہ میں کمی آ جاتی ہے۔
٭وضو ہمارے بلڈ پریشر کو نارمل کر دیتا ہے۔
٭ نماز میں سیدھا کھڑے ہونے سے ریڑھ کی ہڈی کو سکون ملتا ہے۔
٭نماز میں رکوع کرنے سے کمر درد سے نجات مل جاتی ہے اور آپ کے پیٹ کے عضلات
،معدے اور آنتوں کا فعل بہتر ہو جاتا ہے۔
٭سجدے کی حالت میں ہمیں بہتر آکسیجن ملتی ہے۔سجدے کی حالت میں خون ہمارے
دماغ تک پہنچ جاتا ہے۔
٭ سجدے کی وجہ سے ہماری آنکھ ،کان ،گردن کو آرام ملتا ہے۔
٭ نماز سے ہمارے گھٹنے اور کہنیوں کے جوڑ مضبوط ہوتے ہیں۔
٭ نماز میں ہم بار بار اٹھتے اور بیٹھتے ہیں جس سے ہمارا دوران خون اور
ہاضمہ درست رہتا ہے۔
٭ نماز کی پابندی سے ہمارا خون گاڑھا نہیں ہوتا جس سے ہم دل کے دورے سے
محفوظ رہتے ہیں۔
٭نماز ہماری گردن اور شانوں کے پٹھوں کے لئے بہترین ورزش ہے۔
٭نماز کی ادائیگی سے پیٹ کے عضلات کا ڈھیلا پن ختم ہو جاتا ہے۔
٭ نماز پڑھنے سے اعضاء کے سن ہونے سے نجات ملتی ہے۔
٭رکوع کرنے سے ٹانگوں کی ورزش ہو جاتی ہے ۔
٭ نماز میں رکوع کی ادائیگی سے پتھری بننے کا عمل سست ہو جاتا ہے۔
٭تہجد کی نماز پڑھنے سے انسان بڑھاپے کو دیر سے پہنچتا ہے۔
٭ تہجد کی نماز پڑھنے سے اعصاب مضبوط اور چہرہ نورانی ہو جاتا ہے۔
٭نماز سے انسان کئی بیماریوں سے بچ جاتا ہے جیسے دماغی،اعصابی،نفسیاتی
امراض ،جوڑوں کے دوروں، معدے اور السر ،شوگر، فالج،بلڈ پریشر،آنکھوں اور
گلے کے امراض سے محفوظ ہو جاتا ہے۔
قارئین !یہاں آپ کو صرف یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ نماز پڑھنے سے آپ کو
کیا کیا جسمانی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔آپ نماز کو فائدوں کے لئے نہیں بلکہ
اﷲ کی رضا کے لئے پڑھیں۔تو جہاں آپ کو اﷲ تعالیٰ کی قربت نصیب ہو گی وہیں
اﷲ تعالیٰ ہی آپ کو اس کا صلہ بھی ضرور دے گا اور آپ کو ہر طرح کی جسمانی
اور روحانی بیماریوں سے نجات دلائے گا۔۔اﷲ تعالیٰ ہم سب کو نماز پڑھنے کی
توفیق عطا فرمائے ۔آمین۔
|