بالی وڈ کے سپر اسٹار امیتابھ
بچن ان دنوں بیمار ہیں۔ کسی انسان کی بیماری اسے اس بات کا احساس دلاتی ہے
کہ اس کے پاس سے ایک ایسی دولت چھن گئی ہے۔ جو دنیاوی دولت سے نہیں خریدی
جاسکتی۔ صحت ایک ایسی نعمت خداواندی ہے جس کے چھن جانے پر ہی اس کی اہمیت
کا احساس ہوتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ امیتابھ اپنی بیماری کے تعلق سے اپنے
بلاگ پر لکھتے ہیں ” یہ ایسی کہانی ہے جو ختم ہی نہیں ہوتی۔ مجھے نہیں پتا
میری قسمت میں کیا لکھا ہے”۔ امیتابھ کے پرستارو کے لئے اس کی بیماری کی
خبر ایک بری خبر ہے۔ ان کی آخری فلم تین پتتی ہے جو انہوں نے برطانوی
اداکار بین کنگسلے کے ساتھ کی تھی۔ بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کو جگر
کا مرض لیور سیروسِس ہے، یہ سنسی خیز انکشاف خود امیتابھ نے کیا ہے۔ جس سے
اس کے لاکھوں شیدائی بے چین ہیں۔ امیتابھ فلمی دنیا کے ان چند بڑے فنکاروں
میں سے ہیں، جو شراب نہیں پیتے۔ جب کہ یہ بیماری بیشتر شراب پینے والوں کو
ہوتی ہے۔ یہ بیماری امیتابھ کے حصے میں کیسے آئی جب وہ شراب کو چھوتے ہی
نہیں؟ امیتابھ کے مطابق وہ شراب تو نہیں پیتے۔ خیال یہ ہے کہ 1982ء میں قلی
فلم کی عکس بندی کے دوران ہوئے حادثے میں زخمی ہونے کے بعد انہیں دیے گئے
خون کے عطیے میں کسی شخص کے خون میں اِس بیماری کے جراثیم موجود تھے۔ جس کے
اثرات اب نمایاں ہوچلے ہیں۔ لیور سیروسِس مرض کی وجہ سے امیتابھ کے جگر کا
25 فی صد حصہ بے کار ہوچکا ہے۔ سرجیکل گیسٹرو کے ماہر ڈاکٹر سنجے پانڈیا سے
یہ سوال کیا گیا کہ جگر کا 25 فی صد نا کام ہونا انسانی صحت کے لیے کتنا
خطرناک ثابت ہوسکتا ہے تو پانڈیا نے کہا اوپر والے نے ہمیں جو اعضاء دیے
ہیں وہ ہمارے جسم کی ضروریات سے سات فی صد زیادہ کام کرتے ہیں۔ ایک کھلاڑی
کے لیے یہ تشویش ناک بات ہوسکتی ہے پر ایک فن کار صحیح طبی جانچ کے ساتھ
بیماری کو قابو میں رکھ سکتا ہے۔ 67 سالہ امیتابھ کچھ سالوں میں کئی بار
پیٹ کی بیماری کے باعث اسپتال میں زیرعلاج رہے ہیں۔ بھارت اور بین الاقوامی
سطح پر اپنی منجھی ہوئی اداکاری کے لیے مشہور 150 سے زائد فلموں میں اپنی
اداکاری کے جوہر دکھانے والا یہ سپر اسٹار جب کون بنے کا کروڑ پتی میں آیا
تو اس نے اپنی اداکاری سے ایک کوئز پروگرام کو بھی عالمی شہرت بخش دی۔ اور
چھوٹے اسکرین کو بھی اپنی جداگانہ کمپئیرنگ سے عروج بخشا۔ ایشوریا رائے
جیسی بہو اور ابھیشک جسے بیٹے کے باپ اور جیہ جیسی اداکارہ کے شوہر امیتابھ
اب بھی پردہ سیمیں پر جلوہ گر ہوتے ہیں تو اپنی اداکاری سے لوگوں کے دل موہ
لیتے ہیں۔ اسی لئے انہوں نے اپنی بیماری کی خبر کو عام آدمی کے ساتھ بانٹنا
چاہا۔ ڈاکٹر پانڈیا کے مطابق لیور سیروسِس مرض میں انسانی جگر کے ٹِشو کو
کچھ نقصان پہنچتا ہے اور زخم کے نشان کی وجہ سے جگر کی ساخت بدل جاتی ہے۔
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ شراب پینے والوں کے علاوہ ہیپا ٹائٹس بی اور سی وائرس
بھی لیور سیروسِس مرض کی وجہ بنتے ہیں۔ امیتابھ کے طبی کیس میں بھی ہیپا
ٹائٹس کے وائرس نے ہی ویلن کا کردار کیا ہے اور اِس مرض کا پتا امیتابھ کو
آٹھ سال قبل چلا۔ امیتابھ کے پرستار اس کی صحت کے لئے دعا کرتے ہیں۔ اور
امید کرتے ہیں کہ وہ صحت یاب ہونے کے بعد اپنے شیدائیوں کو اپنی لاجواب
اداکاری سے محظوظ کرتے رہیں گے۔ |