ابهی صرف مرحوم کی م ہی ٹائپ کی اور
آنکهوں سے آنسو رواں ہو گئے مجهے بالکل نہیں لگتا کہ آپ اور ہم گذشتہ چار
سالوں سے دو الگ دنیاوں کے باسی ہیں ابو جی آپ کے زیر سایہ میں نے اپنی
جتنی گذاری ان تمام دنوں کی داستان تو اتنی طویل ہے اور آپ کے دنیا سے چلے
جانے کے بعد تو مزید طویل ہو گئی هے ایسا لگتا هے اس داستان کا سفر بهی
میری زندگی کے آخری پیرا گراف تک ساته چلے گا موت زندگی کی سب سے بڑی حقیقت
هے اس سے کون انکار کر سکتا هے مگر میرا پاگل دل تو روز ابو جی آپ کا ایسے
انتظار کرتا هے کہ موت کی حقیقت کو بهی مجه پر بے رحم سا رحم آنے لگتا هے
ہاں مگر میں وقتی ہی سہی پر بہل ہی تو جاتی ہوں آپ کی موجودگی کی جهوٹی سی
تسلی مجهے آج یہ چهوٹی چهوٹی باتیں کیسے کیسے دیتی ہیں میں کیا کیا بتاؤں
اس ظالم دنیا سے رخصت ہونے سے کچه عرصہ قبل وہ جو آخری بار آپ گهر سے
اسپتال جاتے ہوئے اپنی زیر مطالعہ کتاب کے جس صفحے کا کونہ ہلکا سا موڑ کر
رکه گئے تهے نا میں نے آج تک اسے ویسا ہی موڑے رکها هے اور جب آپ اسپتال
میں تهے تو میں اس کتاب کو کهول کر نہ جانے کتنی بار یہ صفحہ دیکهتی رہتی
تهی یہ کتاب بهی میری طرح شاید آپ کی راہ تکتی هے-
آپ کی زیر استعمال بہت ساری چیزیں اگرچہ رسمی طور پہ مستحق افرادکو دے دی
گئیں پر کچه میں نے اصرار کر کے آپ کے کمرے میں رہنے دی ہیں آپ کی واسکٹ
میں چند طے شدہ ٹشو پیپرز اور موبائل ویسے ہی موجود هے آپ کے هاتهوں سے
ٹائپ کردہ کچه ٹیکسٹ میسیج بهی آج تک ویسے ہی موجود ہیں حتی کہ میں نے آپ
کو جو آخری کال اسپتال میں کی تهی ہسڑی ریکارڈ آج بهی اپنے پاس ویسے ہی
محفوظ کیا ہوا هے جیسے شاید آپ کی اچانک میرے پاس کال آجائے گی ابو ایک
مرتبہ میں نے آپ کو بتائے بغیر آپ کی آواز موبائل میں ریکارڈ کر لی تهی پهر
آپ کو بهی سنوائی تهی تو آپ نے مجهے پیار بهری ڈانٹ میں اس طرح کی باتوں سے
باز آنے کا کہا تها مگر مجهے کیا اثر ہونا تها اگر مجهے پتہ ہوتا آپ کی
آواز آپ کے بعد مجهے ایسے بے چین کر دے گی تو میں شاید کبهی آپ کی آواز کو
ریکارڈ نہ کرتی اس آواز کو سننے کا حوصلہ نہیں رہا مجه میں آپ کی دی ہوئی
چار سال پہلے کی عیدی آج بهی ویسے هی میرے پاس هے ہر عید کے دن وہ عیدی
میری عید کو بهی عید بنا دیتی ہیں مزے کی بات ہے آپ نے باقی بہن بهائیوں کی
نسبت وہ عیدی مجهے زیادہ دے دی تهی یہ تو مجهے بهی نہیں پتہ کیوں پر باقی
بہن بهائی خفا ہو کے آپ سے گلہ بهی کر رہے تهے اور آپ صرف مسکرا کے چپ کر
گئے تهے اور میں محظوظ ہو رہی تهی اور ان بہن بهائیوں کو چڑا رہی تهی-
ابو جی آپ کو امی جی کے میٹهے پکوان بہت پسند تهے نا البتہ آپ چائے مجه سے
فرمائش کر کے بنواتے یا پهر اپنے کمرے سے ایک بار بلند آواز میں کہہ دیتے
جب تم چائے بناو تو میرا کپ بهی بنا دینا ابو جی آج بهی اکثر بے خیالی میں
آپ کے حصے کی چائے مجه سےبن جاتی هے-
پیارے ابو جی آپ کی عینک،رومال اور ٹوپی بهی ترتیب سے آپ کی الماری کا آج
بهی حصہ ہیں آپ کے استعمال شدہ آپ کے مخصوص پرفیوم اور عطر کی آدہی آدہی
شیشیاں میں نے ایسےہی رکه چهوڑی ہیں جیسے آپ اچانک آجائیں گے یہ آپ کی ذات
سے وابستہ مخصوص خوشبویات آپ کا آج بهی یہیں کہیں میرے ارد گرد ہونے کا
احساس دلاتی ہیں -
ابو جی آپ سفید لباس اوڑهے آنکهیں بند کئے جب آخری بار مجهے نظر آئے تو مجه
میں حوصلہ ہی نہیں تها آپ کے قریب آنے کا ہاں یہ مجهے یاد ہے کچه خواتین نے
مجهے بازووں سے تهاما ہوا تها اور آپ اس سفید لباس میں مجهے اتنے اجنبی سے
لگے تهے کہ میرے دماغ اور دل میں جنگ چهڑ گئی کہ یہ ابو جی هو سکتے کہ نہیں
اور پهر مجهے کچه ہوش نہ رہا تها-
آپ کے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد ابو جی آپ کی تصاویر کو میں نے بہت عرصہ
نہیں دیکها اور نہ ہی مجه میں حوصلہ تها مگر اب میں کافی مضبوط دل ہو گئی
ہوں اور اب روئے بغیر بهی کئی مرتبہ آپ کی تصویر کو دیکه لیتی ہوں-
پیارے ابو جی اک آخری نشانی تو میں نے بتائی ہی نہیں آپ جب اسپتال جاتے
ہوئے گهر کی چپل تبدیل کر کے سینڈل پہن کر گئے تهے تو میں نے وہ چپل بهی سب
سے نظر بچا کے رکه لی تهی آپ آجائیں نا کسی دن اسے پہننے کے لئے-
قارئین کرام میری یہ بے ربط تحریر میرے خیالات ہیں کچه سوچ کر نہیں لکها بس
ایک بیٹی کے اپنے والد کو یاد کرنے کا انداز اور کچه نہیں-
اے اللہ میرے ابو جی کی مغفرت فرما جن جن کے والد اس دنیا سے رخصت ہو گئے
ان سب کی مغفرت فرما دے جن خوش نصیبوں کے پاس والد جیسا مضبوط سائبان هے
انہیں یوں ہی آباد رکه سلامتی عافیت کے ساته آمین |