کیاآپ کو لفظ جمعہ کا مطلب معلوم ہے

’اے ایمان والو جب جمعہ کے دن نماز کے لئے بلایا جائے تو جلدی کرو

محمد مسعود میڈوز نوٹنگھم یو کے

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
کیاآپ کو لفظ جمعہ کا مطلب معلوم ہے

نوٹنگھم یو کے ( محمد مسعود ) ہر مسلمان کے لئے جمعہ المبارک کا دن بہت با برکت اور رحمتوں سے بھرا ہوتا ہے کہ اس دن ہم تیار ہو کر اہتمام کے ساتھ مسجد میں نماز ادا کرتے ہیں کیا آپ کو لفظ جمعہ کا مطلب اور اس کے بارے میں دیگر باتوں کا علم ہے؟ آئیے آپ کو اس با برکت دن کے بارے میں کچھ باتیں بتاتے ہیں۔

’جمعہ‘عربی زبان کے لفظ ’ال جم‘ سے نکلا ہے جس کا مطلب اکٹھے ہونے یا جمع ہونے کے ہیں اس دن کے لئے اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو قرآن پاک کی ’سورة جمعہ ‘ میں حکم دیا ہے کہ ’اے ایمان والو جب جمعہ کے دن نماز کے لئے بلایا جائے تو جلدی کرو خرید و فروخت بند کر دو اور اگر سمجھو تو یہ تمہارے لئے بہتر ہے۔‘

مسلمانوں کا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان پر بہت سے انعامات کئے ہیں جن میں رمضان المبارک کا مہینہ اور جمعہ کے دن شامل ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ ہفتے کے دنوں میں جمعہ کا دن بہترین ہے ، اس دن اللہ پاک نے حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا کیا، اسی دن انہیں جنت میں داخل کیا گیا، اسی دن انہیں وہاں سے نکالا گیا اور قیامت بھی اسی روز واقع ہو گی نماز جمعہ ادا کرنا انتہائی ضروری بات ہے۔ روایت ہے کہ فرشتے اس روز لوگوں کے انتظار میں بیٹھتے ہیں۔ نبی آخری الزماں ﷺ کا کہنا ہے کہ جس مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کی جاتی ہے اس کے دروازے پر فرشتے موجود ہوتے ہیں تا کہ نماز ادا کرنے والوں کو خوش آمدید کہا جائے۔

جمعہ کے روز ایک ساعت ایسی ہوتی ہے جب دعا قبول کی جاتی ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جمعہ کے روز میں ایک ساعت ایسی ہوتی ہے جب اہل ایمان کی دعا قبول کی جاتی ہے۔

اس دن کی گئی خیرات کا مقام بھی بہت بلند ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ جمعہ کے دن کی گئی خیرات سب سے افضل ہے۔

جمعہ کا دن مسلمانوں کے لئے عید کے دن جیسا ہے۔ ابن عباس رضی اللہ عنہہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جمعہ کا دن خوشی کا دن ہے لہذا جو بھی یہ دن دیکھے اسے چاہیے کہ غسل کرے۔ ایک اور روایت میں ہے کہ جو کوئی اس دن غسل کرے گا ، خوشبو لگائے گا ، بہترین کپڑے پہنے گا اور امام کی بات کے
دوران خاموشی کے ساتھ اس کی بات سنے گا اس کے اس دن اور اگلے جمعے کے دن تک گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔
Mohammed Masood
About the Author: Mohammed Masood Read More Articles by Mohammed Masood: 62 Articles with 178293 views محمد مسعود اپنی دکھ سوکھ کی کہانی سنا رہا ہے

.. View More