حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی

 ویسے تو پاک پیغمبر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ساری پاکیزہ زندگی عظیم الشان قربانیوں سے آراستہ ہے مگر بحکم خداوندی اپنے لاڈلے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کے نازک و نرم خوبصورت نورانی گلے پر اپنے ہاتھ مبارک سے پوری قوت کیساتھ تیزدھار چھری کا چلانا ایسی لا مثال و منفرد قربانی ہے ، کہ تعمیل حکم و اطاعت خداوندی کی ایسی مثال نہیں ملتی، اطاعت خداوندی کا یہ انوکھا نرالا انداز کیوں کر وقوع پذیر ہوا ، بقول شاعر کہ
خدا نے ہی انہیں بخشا تھا وہ ایثار کا جذبہ
خدا کے حکم پر دینے چلے بیٹے کا نذرانہ
خدا کے امتحان میں کامیاب و کامراں آئے
اسی باعث جہاں میں وہ خلیل اﷲ کہلائے

اب ادھر دیکھیں کہ جب باپ نے اپنے نو عمر فرزند سے پوچھا ، اے میرے بیٹے میں نے خواب میں دیکھا کہ میں تجھے ذبح کر رہاہوں ، بتا تیری کیا مرضی ہے ؟ ‘‘ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے سے رائے اس لیے نہیں پوچھی کہ اگر بیٹے کی رائے ہو گی تو ایسا کروں گاورنہ میں اپنے بیٹے کو ذبح نہیں کروں گا۔ نہیں !نہیں! ایسا ہر گز نہیں۔ بلکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے رائے اس لیے پوچھی تھی کہ میری نبوت کا وارث اس آزمائش میں پورا اترتا ہے یا نہیں اور یہ بھی معلوم ہوجائے کہ اﷲ کے حکم کے بارے میں بیٹے کا تصور کیا ہے؟

حضرت اسماعیل علیہ السلام کی فرمابرداری دیکھئے ،وہ بیٹا بھی تو کوئی عام بیٹانہیں تھا ، وہ بھی آخر خلیل اﷲ کے فرزند ارجمند تھا ۔ اگر باپ خلیل اﷲ کے مرتبہ پر فائز تھا تو بیٹے کے سر پر بھی ذبیح اﷲ کا تاج سجنے والا تھا، کیونکہ آپ علیہ السلام ہی کی صلبِ اطہر سے آقائے دو جہاں ،تاجدارِانبیاء،شفیعِ روزِ جزا، جناب حضرت محمد مصطفیٰ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم ،اپنے نورِ مبین سے اس جہان کو دائمی روشنی سے منور کرنے والے تھے۔ اس لیے وارثِ نبوت نے بھی اطاعت کی حد کر دی۔آپ علیہ السلام نے اپنے باپ کے آگے سر کو جھکا دیا اور یہ بھی نہیں پوچھا کہ ابا جا ن مجھ سے کیا جرم سر زد ہوا ہے ؟میری خطا کیا ہے؟ جو آپ مجھے موت کے حوالے کرنے جا رہے ہیں، بلکہ قربان جاؤں! اس بیٹے پر جس نے نہایت عاجزی وانکساری سے اپنے باپ کے آگے گردن جھکاتے ہوئے جوکلمات اپنی زبان سے ارشاد فرمائے وہ قیامت تک نسل انسانی کے لیے مشعل راہ بن گئے۔ چنانچہ آپ نے ارشاد فرمایا (ترجمہ) ’’اس (بیٹے) نے کہااے ابا جان!آپ وہی کیجئے جس کا آپ کو حکم دیا گیاہے، انشاء اﷲ ! آپ مجھے عنقریب صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے۔ ( الصفّٰت: 102 )‘‘ اے اباجان! میں روؤں گا نہیں اور نہ ہی میں چلاؤں گا اور نہ ہی آپ کو اس کام سے منع کروں گا،اب آپ چلئے اور اس حکم کی تعمیل میں دیر نہ کیجئے۔انشاء اﷲ ! آپ مجھے صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے۔

اب آگے بڑھ کر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو پیشانی کے بل لٹا دیا اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اﷲ تعالی کے عشق میں اپنی گردن مبارک زمین پر رکھ دی ، اور باپ نے چھری کو چلانا شروع کیا تو آسمان دنیا کے فرشتے پہلی دفعہ اطاعت خداوندی اور تسلیم و رضا کا یہ عالی شان منظر دیکھ کر ششدر رہ گئے ، قریب تھا کہ چھری چل جاتی ، لیکن اﷲ کریم کی طرف سے ندا آئی ، اے ابراہیم تم نے خواب کو سچ کر دکھایا ، یہ ایک بڑی آزمائش تھی تم اس میں کامیاب ہوئے اور اﷲ تعالی نے جنت سے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے بدلے قربانی کیلئے ایک دنبہ بھیج دیا ، اور یوں یہ سنت ابراہیمی قیامت تک ہر صاحب استطاعت پر واجب کردی گئی ۔
وہ قربانی رہ حق میں جو اسماعیل نے دی تھی
مثال اس کی ہمیں تاریخ عالم میں نہیں ملتی
خدا نے اس کی قربانی کو خود ناز سے دیکھا
ذبیح اﷲ کا اعزاز عالی پھر انہیں بخشا

حضر ت زید بن ارقم رئی اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ صحابہ کرامؓ نے عرض کیا ، یا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم ، یہ قربانی کیا ہے ؟ آپ ؐنے فرمایا ، یہ تمہارے باپ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے ، انہوں نے عرض کیا کہ اے اﷲ کے رسولؐ ، اس میں ہمارا کیا فائدہ ہے ؟ آپؐ نے فرمایا (تمہارا فائدہ یہ ہے کہ تمہیں قربانی کے جانور کے ) ہر بال کے بدلے میں ایک نیکی ملے گی ، انہوں نے پھر عرض کیا ، یا رسول اﷲؐ ، اون کا کیا حکم ہے ؟ آپ ؐ نے فرمایا ، اون کے ہر بال کے عوض میں بھی ایک نیکی ملے گی (مشکوۃ شریف) حضرت عبد اﷲ بن عمردضی اﷲ تعالیٰ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے مدینہ منورہ میں دس سال قیام فرمایا اور ہر سال قربانی کی (مشکوۃ شریف) حضور اقدس ﷺ نے فرمایا کہ ’’ قربانی کے دن کوئی نیک عمل اﷲ تعالی کے نزدیک قربانی کا خون بہانے سے بڑھ کر محبوب اور پسندیدہ نہیں۔ (ترمذی ، ابن ماجہ ) ، دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ہمیں اپنی رضا اور خوشنودی کے لئے زیادہ سے زیادہ قربانیاں کرنے کی توفیق عطاء فرمائے اور ہماری فربانیوں کو اپنی بارگاہ رحمت میں قبول فرمائے۔ آمین
Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 995 Articles with 720879 views Journalist and Columnist.. View More