بزرگوں کا احترام ایک خالص اسلامی نظریہ ہے ۔اسلام
ایک پاکیزہ مذہب ہے ، بزرگوں کی تعظیم کو اﷲ کی تعظیم قراردیا ہے ۔ حضور
نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے بزرگوں کی عزت و تکریم کی تلقین فرمائی
اور بزرگوں کا یہ حق قرار دیا کہ کم عمر اپنے سے بڑی عمر کے لوگوں کا ادب و
احترام کریں اور ان کے مرتبے کا خیال رکھیں،ان سے حسن سلوک سے پیش
آئیں۔بزرگوں کا ادب واحترام،عزت وخدمت ہمارا فرض ہے۔آج جو بچہ ہے وہ جوان
ہوتا ہے اور پھر اس پر بڑھاپا آجاتا ہے ۔ہم عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں،
ایک دن(اگر زندہ رہے تو)بوڑھے لازمی ہو جائیں گے۔ضعیف عمری میں کمزوری اور
بیماریوں کا حملہ تو ہوتا ہی ہے،اپنی اولاد یا دیگر عزیز وں کی قدر وعزت نہ
کرنے کا دکھ بھی ان کو گھیرے رہتا ہے ۔ معمر افراد کسی بھی قوم کا سرمایہ
ہوتے ہیں۔ان کے تجربات نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہوتے ہیں ۔
اس طرح کہ ان کی زندگی کے تجربات نوجوانوں کو منتقل ہوتے ہیں ،اس لیے بھی
کہ آج جو جوان ہے کل وہ بچہ تھا، اسے جس نے پالا پوسا اپنی جوانی اس کو
جوان کرنے پر صرف کی آج وہ بوڑھا ہے وہ اپنی محنت و مشقت سے اپنی اولاد کو
بڑا آدمی بنانے کے لئے ساری عمر کوشاں رہے۔پھرایک وقت ایسا آتا ہے ۔ دیکھا
گیا ہے کہ ان بزرگوں کی خوشیاں اکثر اوقات تلخیوں میں بدل جاتی ہیں۔ وہ پل
پل جیتے اور پل پل مرتے ہیں۔اب ہم مجبور بھی ہوتے ہیں اور بے بس بھی اور
شائد ان کی ضرورت بھی نہیں رہتی اس لیے ان کو مرنے کے لئے چھوڑ دیا جاتا ہے
۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 14 دسمبر 1990 ء کو ایک قرار داد کے ذریعے
ہر سال یکم اکتوبر کو ’’معمر افراد کا عالمی دن ‘‘منا نے کا اعلان کیاہے ۔
ا قوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے معمر افراد کے عالمی دن کے
موقع پر اپنے ایک پیغام حکومتوں اور عوام پر زور دیا کہ معمر افراد کی
معاشرے میں بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق اور وقار
کے تحفظ کا بھی خیال رکھا جائے ۔اس دن کو منانے کا مقصد معمر افراد کی
ضروریات، مسائل اور تکالیف سے معاشرے کو آگاہی فراہم کرنا اور لوگوں کی
توجہ بوڑھے افراد کے حقوق کی طرف دلاناہے ۔اس موقع پردنیا بھر میں تقریبات،
سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔دنیا کے دیگر ممالک کی طرح
پاکستان میں بھی ہر سال یکم اکتوبر کو اپنے بزرگوں سے محبت اور عقیدت کا
اظہار کیا جاتا ہے۔
آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ’’وہ ہم میں سے نہیں جو ہمارے چھوٹوں
پر رحم نہ کرے اور ہمارے بڑوں کی عزت نہ کرے ۔‘‘اسی طرح قرآن پاک میں ارشاد
ہے کہ ’’اور آپ کے رب نے حکم فرما دیا ہے کہ تم اﷲ کے سوا کسی کی عبادت مت
کرو اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کیا کرو، اگر تمہارے سامنے دونوں میں سے
کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو انہیں ’’اْف‘‘ بھی نہ کہنا اور
انہیں جھڑکنا بھی نہیں اور ان دونوں کے ساتھ بڑے ادب سے بات کیا کرو، اور
ان دونوں کے لیے نرم دلی سے عجز و اِنکساری کے بازو جھکائے رکھو اور (اﷲ کے
حضور) عرض کرتے رہو ،اے میرے رب، ان دونوں پر رحم فرما جیسا کہ انہوں نے
بچپن میں مجھے (رحمت و شفقت سے ) پالا‘‘
ہم دیکھتے ہیں بچے اپنے والدین کو بات بات پر ڈانٹتے رہتے ہیں ایسے بچے
دوسرے بزرگوں کا کیا احترام کریں گے ۔آپ دیکھیں مسجدومدرسوں ،مزاروں،بازاروں
گلی محلوں میں بھیک مانگتے بزرگ ہرروز دیکھے جاسکتے ہیں کوئی پیٹ بھرنے کے
لئے ایک وقت کاکھانادے دیتاہے توکوئی جھڑک دیتا ہے ۔اﷲ کو سخت ناپسند ہے کہ
بزرگوں کو جھڑکا جائے ۔حضرت ابو امامہ رضی اﷲ عنہ روایت کرتے ہیں حضور نبی
اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ’’ہمارے بڑوں کی وجہ سے ہی ہم میں
خیر و برکت ہے ۔ پس وہ ہم میں سے نہیں جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہیں کرتا
اور ہمارے بڑوں کی شان میں گستاخی کرتا ہے ۔‘‘
یہ بات بڑی توجہ طلب ہے کہ اسے پڑھ کر سر ندامت سے جھک جاتا ہے آپ بھی
پڑھیں ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بزرگوں کے معیارِ زندگی کے حوالے سے
بہترین ملک سویڈن ہے(تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بزرگوں کے لیے بہترین ملک کے
طور پر ناروے نے اپنے ہمسایہ ملک سویڈن کی جگہ لی ہے جواب دوسرے نمبر پر ہے
۔تیسرے نمبر پر سوئٹزرلینڈ، چوتھے پر کینیڈا اور پانچویں پر جرمنی ہے )
جبکہ پاکستان بدترین ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے ۔
اقوام متحدہ کی ایک روپورٹ کے مطابق 2050 ء تک دنیا بھر میں معمر افراد کی
تعداد دو ارب سے زائدہو جائے گی۔ایک اور رپورٹ نظر سے گزری جس میں بدترین
ممالک میں پاکستان کا چھٹا نمبر بتایا گیا ہے، اور بزرگ افراد کے لیے
بدترین ملک ایک مرتبہ پھر افغانستان کو قرار دیا گیا ہے۔ دونوں رپورٹس میں
سے کوئی بھی درست ہو ہمارے لیے باعث شرم ہے ۔اس کی مثال کے لیے اتنا ہی
کافی ہے کہ پاکستان کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں شائد ہی بزرگوں کوعلاج
ومعالجے کے حوالے سے کوئی ترجیحی سہولتیں فراہم ہوں، معمر افراد کو لمبی
قطاروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اسی طرح بینک ہیں جہاں پینشن لینے کے لیے ان
کو سارا سارا دن دھکے کھانے پڑتے ہیں ۔تحریر کے آخر میں تحقیق پیش ہے ۔
ایک تازہ ترین تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو لوگ بوڑھے افراد کے لیے منفی رویے
رکھتے ہیں، ان میں اپنی آئندہ زندگی میں دل سے منسلک بیماریوں کا خطرہ بڑھ
جاتا ہے ۔ نئی تحقیق کے مطابق وہ نوجوان اور ادھیڑ عمر افراد جنہوں نے
بوڑھے افراد کے لیے منفی رویوں کا اظہار کیا، انہیں اپنی آئندہ زندگی میں
سٹروک، دل کے حملوں اور دل کی دوسری سنگین بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خطرہ
اپنے ہم عمر ان افراد کی نسبت زیادہ تھا جو بوڑھے افراد کی جانب عمومی
طورمثبت رویہ رکھتے تھے ۔اب چلتے چلتے ایک حدیث سنتے جائیں حضرت انس رضی اﷲ
عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ’’جو
جوان کسی بوڑھے کی عمر رسیدگی کے باعث اس کی عزت کرتا ہے ۔ اﷲ تعالیٰ اس
جوان کے لیے کسی کو مقرر فرما دیتا ہے جو اس کے بڑھاپے میں اس کی عزت کرے
۔‘‘ |