یہ بستی
اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ تباہ ہوچکی تھی
گزشتہ سال
کھولتے ہوئے گرم پانی کا سیلاب آیا
جس سے بستی کے سینکڑوں باسی جل کر مر گئے
زہریلی بارش نے لاشوں کے ڈھیر لگائے تھے
تو سفید پاؤڈر نے بھی بستی کو تخت وتاراج کیا
جو باسی کونے کھدروں میں چھپ کر بچ گئے
انہوں نے دوبارہ اسے آباد کیا
اور اپنے بچوں کو پال پوس کر جوان کیا
آج ایک مرتبہ
پھر بستی پر موت کے سائے منڈلا رہے تھے
بستی کے باسیوں نے
بدحواسی میں بھاگنا شروع کیا
کوئی کسی غار میں چھپ رہا تھا
تو کوئی کھڈے میں
اﷲ رکھا نے اپنی بیوی کوآواز دیتے ہوئے کہا
ارے کم بخت !
گرم پانی کی کیتلی جلدی لانا
ورنہ
یہ تمام کھٹمل بھاگ جائیں گے |