معروف محقق،اسلامی دانشور، بین الاقوامی قانون دان ڈاکٹر محمد حمید اﷲ

ڈاکٹر محمد حمید اﷲ کی 17 دسمبر2016ء کو 14ویں برسی پرایک تحریر
 معروف محدث، فقیہ، قانون دان اور اسلامی دانشور ،تاریخ قرآن وحدیث کے محقق کو دنیا ڈاکٹر محمد حمید اﷲ کے نام سے جانتی ہے ۔حیدرآباد دکن میں 9 فروری 1908 ء کو پیدا ہوئے ۔آپ آٹھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے ۔ آپ کے والد محترم کا نام محمد خلیل اﷲ تھا، جو خود بھی ایک ادیب اور عالم شخصیت تھے۔آپ کے دادا محمد صبغت اﷲ کا شمار بھی عظیم علماء میں تھا، جنہوں نے67 کتابیں عربی ،فارسی ،اردو میں لکھی تھیں ۔

آپ نے گھر میں ابتدائی تعلیم حاصل کی اس کے بعد جامعہ نظامیہ میں داخلہ لیا اور 1924ء میں درس نظامی مکمل کیا ۔اس کے بعد امتیازی حیثیت سے میٹرک پاس کیا ۔1924ء میں آپ نے جامعہ عثمانیہ میں داخلہ لیا اور اسلام، علم قانون میں ایم اے اور ایل ایل بی کی سند 1930ء میں حاصل کی۔ 1932ء میں جامعہ بون، جرمنی سے ڈی فل کی سند حاصل کی اور پھر اسی جامعہ میں عربی و اردو کے استاد مقرر ہوئے ۔تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا ،جرمنی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور جامعہ سوربون میں 11 ماہ میں ڈی لٹ کی سند حاصل کی ۔وطن واپس آ کر جامعہ عثمانیہ میں بطور لیکچرار اور اسسٹنٹ پروفیسرکے 1935 ء سے1948ء تک خدمات سرانجام دیں ۔

پاکستان کا پہلا مسودہ قانون یا قرارداد مقاصد کی تیاری کے لیے1950 ء میں پاکستان نے جہاں دنیا بھر کے اہم علما سے رابطہ کیا انہی میں ڈاکٹر حمید اﷲ بھی شامل تھے ۔آپ نے1952ء سے1978ء تک ترکی کی مختلف جامعات میں بطور مہمان استاد خدمات انجام دیں۔ آپ 20 سال سے زائد عرصے تک فرانس کے قومی مرکز برائے سائنسی تحقیق سے وابستہ رہے ۔جامعہ بہاولپور میں 1980ء میں طلبا کو خطبات دیے جنہیں خطبات بہاولپور کے نام سے بعد ازاں شائع بھی کیا گیا۔

پاکستان نے 1985ء میں آپ کو اعلی ترین شہری اعزاز ہلال امتیاز سے نوازا۔ آپ نے اعزاز کے ساتھ ملنے والی تمام رقم (ایک کروڑ روپیہ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقات اسلامی کو عطیہ کردی۔ اِس جامعہ کا کتب خانہ (لائبریری) ڈاکٹر حمید اﷲ کے نام سے موسوم ہے ۔آپ نے علم و تحقیق سے ایسا رشتہ باندھا کہ رشتہ ازدواج سے دور رہے ۔ علم و تحقیق سے شادی کی اورکتابیں ورثہ چھوڑا ۔آپ اردو، عربی، فرانسیسی، جرمن،قدیم و جدید ترکی، اطالوی, فارسی، انگریزی اور روسی وغیرہ سمیت 22 زبانوں پر عبور رکھتے تھے ۔انگریزی اور اردو کے علاوہ فرانسیسی، جرمن، عربی، فارسی اور ترکی زبان میں بھی مضامین اور کتابیں لکھی۔

ڈاکٹر محمد حمید اﷲ کی تحریروں کی بدولت امریکا، یورپ اور افریقہ میں اسلام پھیلا اور صرف فرانس میں اسلام قبول کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ڈاکٹر صاحب کی چند مشہور کتابیں اور تصانیف کچھ اس طرح سے ہیں۔ان کی تصانیف، تالیفات، ترجموں، نظر ثانی شدہ کتابوں، کتابچوں اور رسائل کی تعداد 164 کے قریب بنتی ہے ۔ اردو مقالات کی تعداد 350 سے زائد ہے ۔ عربی میں 15 کتابیں جبکہ عربی مقالات کی تعداد 35 ہے ۔فارسی میں 6 مقالات تحریر کیے ۔’’تعارف اسلام‘‘ دنیا کی 22 زبانوں میں ترجمہ کیا جا چکا ہے ۔

قرآن کریم کا مکمل فرانسیسی زبان میں ترجمہ اور تفسیر ۔صحیفہ ہمام بن منبہ (احادیث کی سب سے اولین کتاب)خطبات بہاولپور(12 خطبات )جن میں تاریخ قرآن،تاریخ حدیث ،تاریخ فقہ،تاریخ اصول فقہ و اجتہاد،اسلامی قانون بین الممالک، دین(عقائد، عبادت، تصوف) ،عہد نبوی میں مملکت اور نظم و نسق،عہد نبوی میں نظامِ دفاع اور غزوات،عہد نبوی میں نظامِ تعلیم،عہد نبوی میں نظامِ تشریع و عدلیہ،عہد نبوی میں نظامِ مالیہ و تقویم،عہد نبوی میں تبلیغ اسلام اور غیر مسلموں سے برتاؤ۔’’رسول اکرم ﷺکی سیاسی زندگی ’ ’سیرت ابن اسحاق‘‘ سیرت طیبہ کا پیغام عصر حاضر کے نام‘‘ا سلامی قانون کا ارتقاء و غیرہ ۔بے شک تحقیق کے مختلف میدان انہوں نے بڑے معرکہ کی چیزیں پیش کیں، لیکن شاید ان کا سب سے بڑا کارنامہ مسلمانوں کے بین الاقوامی قانون کے میدان میں ہے ،جس میں انہوں نے علمی دنیا سے یہ منوا لیا کہ بین الاقوامی قانون کے اصل بانی مسلمان فقہا اور علما ء ہیں، سترہویں صدی کے مغربی مفکرین نہیں۔

ڈاکٹر حمید اﷲ اس وقت تک تصنیف و تالیف اور تحریر و تقریر میں مصروف رہے ،جب تک صحت نے ساتھ دیا ۔جب بیماریوں نے آلیا، یہ کام جاری نہ رکھ سکے، خود امریکہ میں اپنے عزیزوں کے پاس چلے گئے ۔ آپ 17 دسمبر 2002ء کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن ول میں انتقال کر گئے ۔دعا ہے اﷲ پاک ان کی دینی و دنیا وی خدمات کو قبول فرمائے ، اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے ۔
Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal
About the Author: Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal Read More Articles by Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal: 496 Articles with 524467 views Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal
Press Reporter at Columnist at Kassowal
Attended Government High School Kassowal
Lives in Kassowal, Punja
.. View More