مراقبہ کیا ہے؟

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
مراقبہ یعنی غور و فکر کرنا نا صرف جائز بلکہ مستحسن ہے۔ اور اللہ تبارک و تعالیٰ اور اللہ کے محبوب ﷺ نے بھی اسکی ترغیب دلائی ہے۔ چنانچہ سورۃ آل عمران کی آیت نمبر ۱۹۱ میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ ' جو اللہ کی یاد کرتے ہیں کھڑے اور بیٹھے اور کروٹ پر لیٹے اور آسمان اور زمین کی پیدائش پر غور کرتے ہیں۔ اے رب ہمارے تو نے یہ بیکار نہ بنایا۔ '

سرکار مدینہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ' اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں غور کرو ۔ اللہ عزوجل میں غور نہ کرو۔ (اتحاف السادۃ ج ۱۳ ص ۳۰۷) ۔

مراقبہ اہل طریقت کے نزدیک اللہ تعالیٰ تک پہنچنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اور مراقبے کے ذریعے بندہ تفکرات قلبی سے نجات حاصل کر کے یکسوئی پا لیتا ہے۔

مراقبہ کی مختصر تعریف جو علماء نے بیان فرمائی وہ یہ ہے کہ بندے کا رجوع الی اللہ اور اس بات کا یقین کر لینا کہ اللہ تعالیٰ میرے ہر کام پر مطلع ہے۔ جیسا اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے ' اور اللہ ہی ہر شئے پر نگہبان ہے ' ۔

سرکار مدینہ ﷺ کا فرمان ہے ' اگر تو رب تعالیٰ کو نہیں دیکھتا تو ضرور جان لے کہ بے شک وہ تجھے دیکھتا ہے۔ '

یہ اشارہ ہے مراقبہ کی حالت کی طرف، بے شک مراقبہ بندے کا یہ یقین کر لینا ہے کہ رب تعالیٰ اس کے حال پر مطلع ہے اور اس یقین پر قائم رہنا ہی اس کے رب تعالیٰ کی طرف مراقبہ ہے۔ نیز جب اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف مکمل توجہ ہو جائے اور بندہ اپنے ہر عمل پر اللہ کو نگہبان پائے اور اس پر یقین کامل کے ساتھ مداومت اختیار کرے کہ اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے۔ تو اس ہی کیفیت خاصہ کو مراقبہ کا نام دیا جاتا ہے۔

دور حاضر میں کئی طرح کے مراقبات کیئے جاتے ہیں۔ کہیں اسماء مبارکہ کا، تو کہیں مقدس مناظر کا، کہیں رنگ و روشنی کا۔ ان تمام مراقبات کی اقسام کا انحصار مقاصد پر ہے۔ کہیں مقصد رجوع الی اللہ ہے تو کہیں فیض مرشد، کہیں مقصد روحانیت ہے تو کہیں علاج مقصود ہے۔ جبکہ طریقہ چاہے کچھ بھی ہو بندہ مراقبے کے ذریعے اپنے اللہ تک پہنچنے کا راستہ تلاش کرتا ہے۔ بندہ جس طرح بھی اپنے خالق کو یاد کرے، خالق اس ہی صورت اس کو نظر آتا ہے۔ اور جیسا اوپر بیان ہوا کہ ' اور اللہ ہی ہر شئے پر نگہبان ہے ' ۔ تاہم قرآن و سنت کی روشنی میں ، بزرگان دین کی پیاری تحریروں میں جو مراقبہ افضل و اعلٰی ہے اور تمام مراقبات کا سرتاج ہے وہ مراقبہ اسم ذات اللہ ہی ہے۔
bashir
About the Author: bashir Read More Articles by bashir: 26 Articles with 63271 views i m honestly and sensory.. View More