آج سال کا پہلا دن ہے اور ہر کوئی دوسرے
کو مبارک دے کر نئے سال کے اچھا ہونے کی دعا دیتا ہے،کیا ہی اچھا ہو کہ ہم
ہر نئے دن کی خود کو مبارک دیں اور اسے اچھا بنانے کی کوشش میں لگ جائیں
کیونکہ زندگی کا اصل مزا وہی لوگ لیتے ہیں جو لمحوں کی اہمیت کو سمجھتے ہیں
۔لمحے جو دن ،مہنے اور سال بناتے ہیں،کیسی تمسخر خیزبات ہے کہ ہم رات کے
بارہ بجے فیس بک پر لکھتے ہیں کہ نیا سال مبارک ہو اورآنے والا سال آپ کے
لیے خوشیوں کی نوید ہو ،آپ اپنی گذشتہ غلطیوں کو نہ دُہرائیں مگریہ باتیں
صرف باتیں ہی ہوتیں ہیں ،ہم خود ان باتوں کا اثر نہیں لیتے تو کوئی اور کیا
لے گا؟ہم جس طرح اپنے دن گزارتے ہیں اسی طرح سال بھی گزار دیتے ہیں ،پتہ
بھی نہیں چلتا۔ایک کے بعد ایک سال گزرتا چلا جاتا ہے اور جب موت سر پر کھڑی
ہوتی ہے تو ہم کہتے ہیں کہ سوچنے کا تو ٹائم ہی نہیں ملا ،ابھی تو بہت کچھ
کرنا تھا۔
کچھ لوگ تو کہتے ہیں یہ سال تو ہمارا ہے ہی نہیں ۔ہمارا سال تو اسلامی
ہے۔سچ تو یہ ہے کہ سال کو کہیں سے بھی شروع کر لیں، مہنے اس میں بارہ ہی
ہوں گئے ،اپنی زندگی کو بہتر کرنے کا آغاز جس دن سے کر لیں وہی بہترین ہے
دوسروں کو نصحیت کرنے کی بجائے خود سے شروعات کیجیے،جیسے ہی صبح انکھ کھلے
تو خود سے باآواز بلند بولیں،اس پاک ہستی کا شکرہے، جس نے مجھے دوبارہ
زندگی دی ،اب جب کہ میں جاگ رہا ہوں تو میرا یہ دن میری زندگی کا سب سے
خوبصورت دن ہو گا۔میں سب کے لیے خوشی کی نوید ہوں اور سب میرے لیے ۔یہ
روشنی اس بات کی دلیل ہے کہ مجھے بہت سے فرائض کی ادائیگی کرنی ہے اور میں
خوش ہوں کہ مجھے ان فرائض کی ادائیگی کے لیے چنا گیا۔اپنے لمحوں کو پیش
قیمت بنائیں۔زندگی رب کی بہت بڑی نعمت ہے اس کے ہر لمحہ کو خوبصورت
بنائیں۔آپ کا ہر دن قیمتی ہے،اب یہ آپ پر ہے کہ آپ صبح اٹھ کر کیا کہتے
ہیں کہ اُف صبح ہو گئی یا واہ صبح ہو گئی ۔آپ کی شکرگزاری آپ کو مذید دے
گی اور آپ کی ناشکری بھی آپ کی تکلیفوں کو بڑھائے گی کیونکہ رب کا فرمان
ہے کہ میں اپنے بندے کے لیے ویسا ہی ہوں جیسا وہ گمان کرتا ہے۔اس لیے اپنے
رب سےاچھے کی امید کے ساتھ دن کا آغاز کیجیے۔آپ کے سال کا ہر دن مبارک
ہو۔ |