موسمِ سرما اپنے اختتام کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور
موسمِ گرما کی ابتدا ہونے والی ہے- یہ موسم کی تبدیلی انسانی جسم پر
انتہائی گہرے اثرات مرتب کرتی ہے- اگر انسان آنے والے موسم سے قبل خود کو
تیار نہ کریں تو وہ اس موسم کی کئی بیماریوں کا شکار بن جاتا ہے- اس لیے
ضروری ہے کہ ہم موسمِ گرما کی آمد سے قبل ہی اپنے جسم کو اس کے مطابق
ڈھالنا شروع کردیں- اب یہ کیسے ممکن ہے؟ اس کے لیے ہماری ویب کی ٹیم نے
معروف حکیم رخِ نسرین آغا سے خصوصی ملاقات کی- اس نشست میں حاصل ہونے والی
اہم معلومات یہاں ہماری ویب کے قارئین کی خدمت میں پیش کی جارہی ہیں-
حکیم رخِ نسرین کہتی ہیں کہ “ اگر آپ گرمیوں کی ابتدا سے قبل خود کو صحت
مند بنانا چاہتے ہیں اور موسمِ گرما کی محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو اپنے جسم
کو فاسد مادوں سے صاف کیجیے“-
|
|
“ سردیوں میں بھاری مقدار میں گوشت٬ گرم مصالحے٬ مغزیات٬ گرم چیزیں اور
متعدد اقسام کی میٹھی اشیاﺀ کھاجی جاتی ہیں جس سے جسم میں کافی تبدیلی آ
جاتی ہے اور زیادہ تبدیلی حرکت نہ کرنے کی وجہ سے آتی ہے کیونکہ سردیوں میں
لوگوں کا غیر ضروری آنا جانا کم ہوتا ہے“-
“ گرمیوں کی آمد سے قبل کیے جانے والے چند عمل کی مدد سے آپ اپنے جسم سے
چند چیزوں جیسے کہ یورک ایسڈ٬ کولیسٹرول اور بہت سے نقصان دہ ایسڈ ختم
کرسکتے ہیں- اور بہت سے امراض جیسے کہ الرجی٬ گرمی دانے٬ پھوڑے پھنسیاں٬
بواسیر اور نکسیر سے آپ محفوظ رہ سکتے ہیں“-
“ اس کے علاوہ گرمی میں ہونے والے دردِ سر٬ منہ میں چھالے اور متلی سے بھی
خود کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے“-
حکیم رخِ نسرین کا کہنا تھا کہ “ خون صاف کرنے کا ایک طریقہ تو حجامہ ہے
لیکن اس میں بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ ہمیشہ کسی ماہر طبیب سے ہی
کروانا چاہیے جسے ہر قسم کی معلومات حاصل ہو کیونکہ حجامہ ایک چھوٹی سرجری
کی مانند ہوتا ہے- اس کے علاوہ دواؤں سے بھی خون صاف کیا جاسکتا ہے“-
“ لیکن سب سے اہم چیز آپ کی غذا ہے- غذا میں تبدیلی آپ کو ابھی سے کرنا
ہوگی- جیسے ہی موسم تبدیل ہو اپنے کھانوں میں گوشت٬ مچھلی٬ پائے اور کلیجی
وغیرہ کا استعمال آہستہ آہستہ کم کیجیے- اچانک ہونے والی تبدیلی کو جسم
قبول نہیں کرتا“-
|
|
“ اسی طرح آہستہ آہستہ گرم مصالحوں کا استعمال بھی کم کردیں٬ اس کے علاوہ
تینوں اقسام کی مرچیں یعنی کالی مرچ٬ لال مرچ اور سبز مرچ کا استعمال بھی
گرمیوں میں کم کریں“-
“ لہسن٬ ادرک٬ اجوائن٬ پیاز٬ کلونجی اور رائی دانہ یہ چیزیں بھی گرم ہوتی
ہیں- اب چاہے یہ چیزیں کسی نسخے میں شامل ہوں یا پھر آپ انہیں کسی اور طرح
لے رہے ہوں ان کا استعمال کم کر دیں- یاد رہے کہ پودینہ بھی گرم ہوتا ہے“-
حکیم رخِ نسرین مزید بتاتی ہیں کہ “ اگر اناج کی بات کی جائے تو اس میں
گیہوں اور باجرے کا استعمال کم کیجیے- آپ چاول٬ مکئی اور ساگو دانہ کھائیے-
ایسی چیزیں کھائیے جو ٹھنڈی ہوں اور انہیں آہستہ آہستہ اپنی زندگی میں داخل
کیجیے“-
“ مشروبات میں چائے٬ کافی اور سبز چائے کو خیرباد کہہ دیجیے- دودھ ٬ لسی
اور دودھ سے بنی اشیاﺀ کا استعمال بڑھائیے- اس کے علاوہ پھلوں سے تیار کردہ
مشروبات بھی استعمال کیجیے“-
“ کپڑوں اور رہن سہن میں تبدیلی لائیے٬ گرمیوں میں پیاس خود بخود لگتی ہے
ایسے میں لیموں کا شربت٬ نیلوفر کا شربت یا اناب کا شربت پیجیے- سردیاں ہوں
یا پھر گرمیاں کیمیکل سے بنی اشیاﺀ سے دور رہیے“-
|
|
حکیم رخِ نسرین کا کہنا تھا کہ “ خون صاف کرنے کا ایک بہترین گھریلو ٹوٹکا
یہ ہے کہ میٹھے چاولوں کو دم دینے کے بعد اس میں گلاب کے پھولوں کی پتیاں
شامل کرلیں- پتیاں اتنی ہوں کہ پلیٹ میں واضح دکھائی دیں- یہ ٹوٹکا نہ صرف
خون صاف کرے گا بلکہ دل کو تقویت بھی دے گا“-
“ ایک نسخہ یہ بھی ہے کہ 10 گرام شاہتراہ اور 10 گرام چرائتہ لے کر ایک کپ
ابلتے ہوئے پانی میں بھگو دیں- واضح رہے کہ ابالنا نہیں ہے بلکہ صرف بھگونا
ہے- اب اس پانی کو ٹھنڈا کر کے چھان لیں اور پی لیجیے٬ خون صاف ہوجائے گا“-
“ اس کے علاوہ اگر آپ کے پاس نیم کی نمولیاں موجود ہیں تو انہیں ابلتے ہوئے
پانی میں بھگو دیں اور چھان کر 15 روز تک نہار منہ مسلسل پیجیے“-
|
|
“ شربتِ بزوری کا استعمال کیجیے- اگر آپ ذیابیطیس کے مریض ہیں تو یہ گردے
صاف رکھنے کے لیے بہترین چیز ہے- کوشش کیجیے کہ ایسی تدابیر کا استعمال
کیجیے جن کے مضر اثرات نہ ہوں“- |
|
|