محترم شیخ مقبول احمد بن عبد الخالق سلفی کا انٹرویو

السلام علیکم معزز اراکین اردو مجلس !
امید ہے کہ اراکین اردو مجلس فورم خیریت سے ہوں گے ۔ اللہ عزوجل سب کو عافیت سے رکھے ۔ سوشل میڈیا پر دعوت دین قرآن وحدیث کا فریضہ مستقل مزاجی سے انجام دینے والوں میں شیخ مقبول احمد بن عبد الخالق سلفی حفظ اللہ کا معروف نام ہیں ۔ بطور داعی جالیات برائے دعوت و ارشاد شمال طائف مسرہ سعودیہ سے وابستہ ہیں، آپ کا تعلق بہار ،انڈیا سے ہے ۔ علم و فہم دین کے ساتھ ساتھ وسیع مطالعہ اور تحقیقی مزاج بھی رکھتے ہیں ۔لوگوں کی کثیر تعداد ان سے استفادہ کرتی ہے ۔
شیخ اردو مجلس فورم پر رکن مجلس علماء میں شامل ہیں ۔ ان کی شخصیت اور علمی کاوشوں کے حوالے سے جاننے کے لئے گفتگو کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے ۔اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ ان کی دینی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔آمین ( ابوعکاشہ : منتظم اردو مجلس فورم )
1. آپ کا مکمل اِسمِ گرامی ؟
میرانام مقبول احمد ہے ، والد گرامی کا نام عبدالخالق فیضی (ہندوستان کے قدیم ومعروف ادارہ فیض عام مئو، یوپی سے فارغ) اور دادا جی کا نام عبدالباری رحمہ اللہ رحمۃ واسعۃ ہیں ۔
2. آپ کی تاریخِ پیدائش ؟
بالضبط تاریخ پیدائش کا گھر میں کسی کو علم نہیں لیکن سرکاری اندراج کے مطابق 7/جولائی 1984 ہے ۔
3. آپ ہندوستان کے کس شہرسے تعلق رکھتے ہیں ؟
صوبہ بہار کے ضلع مدھوبنی سے تعلق رکھتا ہوں ، قریبی شہر مدھوبنی ہے جو تقریبا 35 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور عظیم آباد (پٹنہ ) تقریبا 200 کلو میٹر کے آس پاس ہے ۔ گوگل میپ پہ میراگاؤں دیکھا جاسکتا ہے اندھراٹھارہی کے نام سے ۔
4. آپ کی تعلیمی قابلیت کیا ہے ؟
ہندوستان کے مرکزی ادارہ جامعہ سلفیہ بنارس سے فضیلت کیا، پھر سنٹرل یونیورسٹی جامعہ ملیہ نیودہلی سے بی اے آنرس اردوپاس کیا۔اپنے صوبے کے وفاق المدارس سے فاضل تک کی مکمل ڈگری حاصل کی ہے جبکہ الہ آباد بورڈ یوپی سے فارسی میں منشی وکامل پاس کیا۔ تعلیمی قابلیت کا کل اثاثہ یہی ہے ۔
5. آپ کا پیشہ کیا ہے ؟
فراغت سے ابتک منصب دعوت وتبلیغ پر ہی براجمان رہا ، آئندہ بھی اسی فریضے کو بحسن وخوبی انجام دینے کی اللہ سے توفیق طلب کرتاہوں ۔
6. والدین بقید حیات ہیں ؟
الحمدللہ والدین کا سایہ عاطفت سر پہ موجود ہے ۔ رب ارحمھما کما ربیانی صغیرا
7. بہن بھائیوں میں آپ کا کونسا نمبر ہے ؟
پانچ بھائیوں اور چار بہنوں میں تیسری پوزیشن حاصل کیا ہوں ۔
8. آپ اجتماعیت پسند ہیں یا انفرادیت پسند؟
معاشرتی طور پر اجماعیت کا حامی اور سرگرمیوں میں انفرادیت پسند ہوں ۔ سوچتاہوں کام تو سب کرتے ہیں مگر کچھ ایسا کروں جس سے انفرادیت جھلکے اور دورونزدیک ، خاص وعام سب کو فائدہ پہنچے ۔
9. گرامی قدر کے مزاج میں نری سنجیدگی ہی سنجیدگی ہے یا مزاح بھی پایا جاتا ہے یا پھر دونوں وقت کی ضرورت کے لحاظ سے ؟
سنجیدگی ، ترشی اور مزاح کا مرکب مگر حلقہ یاراں میں خوش طبع معروف ہوں ۔
10. کتنی زبانوں سے آپ کو آشنائی ہے اور کتنی پر عبور حاصل ہے ؟اور ان میں سے پسندیدہ کونسی ہے ؟
اردو، ہندی ، نیپالی ، عربی اور کچھ کچھ انگریزی اپنا لسانی دائرہ ہے ۔ اردو کے ساتھ نیپالی پر بھی عبور ہے تاہم اردو کی شیرینی ہی کانوں میں رس گھولتی ہے ۔
11. اپنے پسندیدہ کھیلوں کے نام اور پسندیدگی کی وجہ ذکر کریں۔
تعلیمی زمانے تک کرکٹ پسندکرتا اورکرکٹ ہی کھیلتا رہاہوں کیونکہ عموما ہندوستان میں اسی کھیل کا جادوسر چڑھ کر بولتا ہے مگر فراغت کے بعد سے وقت کی اہمیت ، عمر کی قلت اور زندگی کی بے ثباتی کا احساس کرکے اسے چھوڑدیا ، اب نہ تو دیکھتاہوں ، نہ ہی کھیلتاہوں اور نہ ہی پسند کرتاہوں بلکہ دوسروں کو بھی زیادہ وقت ضائع ہونے والے کھیلوں سے بچنے کی تنبیہ کرتاہوں ۔ وہ کھیل جس سے جسمانی ورزش یا کوئی فائدہ ہو اور وہ سود ، ظلم ، نقصان سے پاک، فرائض وواجبات کی ادائیگی میں مخل نہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے ۔
12. اپنے من پسند کھانوں سے ہمیں بھی متعارف کروائیے ؟
دارالحکومت دہلی کی بریانی اورسعودی عرب کی لحم مندی بہت پسند کرتا ہوں ۔
13. آپ کے روزمرہ کے مشاغل کیا ہیں ؟
ٍصبح کا وقت آفشیل ذمہ داریوں کے ساتھ سوشل میڈیا پہ لوگوں کی رہنمائی، دوپہر گھر کی نذراور عصر ومعرب وعشاء کے اوقات آفس روٹنگ کے مطابق میدانی دعوت کے لئے وقف ۔ اکثر اہم مضامین عشاء کے بعد لکھنے کی کوشش کرتاہوں کیونکہ اس وقت ذہن یکسوئی سے کام کرتا ہے ۔
14. یہ تو طے ہے کہ دُنیا میں ہر اِنسان کو غصہ آتا ہے مگر کیا آپ یہ بتانا پسند کریں گے کہ جب آنجناب کو غصہ آتا ہے تو کیا گل کھلاتے ہیں ؟
غصے سے ایک واقعہ یاد آگیا ۔ جب میں فارغ ہوکر مرکزی جمعیت اہل حدیث کاٹھمانڈونیپال میں بحیثیت داعی ومحرر فریضہ انجام دینے گیا ، وہاں پہلے سے کئی دعاۃ موجود تھے ، ان میں ایک بڑے ملنسار،زیادہ ہنس مکھ ، بہت دلدار وفیاض مگر بہت غصہ والے شیخ محمد قاسم مدنی تھے ۔ نیاپن سے ہرجگہ فائدہ اٹھایاجاتا ہے ، میرے نئے پن اور سادہ مزاجی سے بھی کچھ فائدہ اٹھایاگیا۔ بات بات پہ غصہ دکھایا گیا۔ ایک دن میں نے شیخ محمد قاسم مدنی حفظہ اللہ کو بٹھاکر کہا دیکھئے اللہ تعالی نے سب کی فطرت میں جہاں نرمی دیا ہے وہیں غصہ بھی ودیعت فرمایاہے ، میرے غصہ نہ ہونے کا مطلب یہ ہرگزنہیں ہے کہ میں اس خوبی سے محروم ہوں ، بس اسے پینے کی کوشش کرتاہوں ۔ ایسے ہی آدمی کو پہلوان مانا جاتا ہے جو بوقت غصہ اپنے نفس پر قابو رکھے ۔ اس دن کے بعد سے لیکر مرکزی جمعیت میں پانچ سال رہنے تک میری سب سے زیادہ عزت، تکریم ، تعریف اور تعارف کرنے والے وہی رہے ۔ آج تک میں نے اپنے لئے ویسا محسن وگرم گستر اور توقیرکرنے والا نہیں دیکھا ۔
بہرکیف ! جب دوسروں پر غصہ آتا ہے تو اسے حتی الامکان پینے کی کوشش کرتا ہوں اور اسی میں خیروبھلائی بھی سمجھتا ہوں مگر جب اپنوں یا گھروالوں پر زیادہ غصہ آتا ہے تو سر کے نیچے ہاتھ رکھ کر تھوڑی دیر کے لئے چت لیٹ جاتاہوں ۔
15. دوسروں کی خوشی آپ کے لیے کیا معنی رکھتی ہے؟ اور کیا آپ لوگوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ؟
دوسروں کی خوشی میں ہی اصل اپنی خوشی ہے گر لوگ اسے سمجھ لیں ۔ میں بھی دوسروں کی خوشی کو اپنی خوشی پر ترجیح دینے کی کوشش کرتاہوں مگر بسااوقات حق گوہی وبیباکی کی اپنی ہی خو سے مار کھاجاتا ہوں اس لئے کبھی کبھی کچھ نظروں سے گرجاتاہوں ۔
16. ایسا کون سا کام ہےجس کو سرانجام دیکر آپ کو قلبی مسرت ہوتی ہے؟
ذمہ داری کی حسن ادائیگی پر قلبی فرحت وسرور محسوس کرتاہوں خواہ وہ ذمہ داری حقوق العباد سے متعلق ہو یا حقوق اللہ سے ۔
17. زندگی میں تمام رشتے اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے مگر ان میں سے کون سی ہستی آپ کے دِل پر ناز کرتی ہے؟
والدین اور بیوی بچوں کے بعد بڑے بھائی منظور الرب اسلامی (اسلامی اس لئے کہ وہ اپنے ضلع مدھوبنی کے مدرسہ اسلامیہ سے فارغ ہیں ) کا میرے اوپر بہت بڑا احسان ہے جنہوں نے مجھے جامعہ سلفیہ بنارس جیسے ادارے میں داخلہ دلوایا اور وہاں تعلیم حاصل کرنے میں ہرطرح کا تعاون کیا بلکہ ایک مہینے میں کئی کئی اور لمبے لمبے خطوط بھیج کران کے ذریعہ علوہمتی، تعلیمی جہداور بلند معیار وکردار پر فائز ہونے کی تعلیم دی ۔ آج جو کچھ بھی ہوں سب ان کی مرہون منت ہے اور ہستی کو میرے دل پر ناز کرنے کا حق ہے ۔ ان کے بعد مادر علمی جامعہ سلفیہ بنارس کے تمام اساتذہ کرام شکریہ کے حقدار ہیں بطور خاص شیخ محمد ابوالقاسم فاروقی حفظہ اللہ ، ڈاکٹر رضاء اللہ عبدالکریم مبارک پوری رحمہ اللہ اور شیخ عزیزالرحمن سلفی حفظہ اللہ ۔
18. ایسی کون سی باتیں ہیں جو آپ کو اچھی نہیں‌لگتیں؟
جھوٹ سے غایت درجہ نفرت ہے ، اگر معلوم ہوجائے کہ سامنے والا جھوٹ بول رہاہوں خواہ گھر کو ہو یا باہر کا تو رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں ۔ اللہ تعالی اس مذموم صفت سے ہم سب کو بچائے جس کے بڑے بھیانک نتائج ہیں ۔
19. آپ کو اپنی کون سی عادت انتہائی ناگوار لگتی ہے؟
مجھے ہراس عادت ، کام ، بات اور امرسے ناگواری ہے جن سب سے اللہ ناراض ہوتا ہے ۔
20. حُسن، دولت ، شہرت اور عزت میں سےکسی ایک کا انتخاب کریں؟
ان چاروں میں عزت کا انتخاب کرتاہوں ، جیسے مجھے اپنی عزت پیاری ہے ویسے سب کو اپنی اپنی عزت پیاری ہےاور اسلام میں ایک مسلمان کی عزت کی پامالی دوسرے مسلمان پر حرام ہے ۔ فرمان نبوی ﷺ ہے :
كلُّ المسلمِ علَى المسلمِ حرامٌ ، دمُهُ ، ومالُهُ ، وَعِرْضُهُ(صحیح مسلم :2564)
ترجمہ: ہر مسلمان کا خون، مال اور عزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے۔
21. کیا آپ کو روزمرہ دوست بنانے اچھے لگتے ہیں یا جو پہلے سے ہیں ان کے ساتھ دوستی نبھانا؟
دونوں ہی اچھے لگتے ہیں لیکن پرانوں کو نبھانا ، انہیں خوش رکھنا اور دوستی بنائے رکھنا زیادہ اچھا لگتا ہے ۔
22. آپ پریشان ہوں تو کیا کرتے ہیں ؟
شریک حیات سے اس کا اظہار کرکے یہ بوجھ ہلکا کرتا ہوں ، اس کے علاوہ صبر کا مقام ہوتو صبر کرتا ہوں ، اسباب اختیار کرنے کا مقام ہو تو اللہ کی طرف التفات کرکے جائز اسباب اپناتا ہوں ۔
23. فارغ وقت میں آپ کیا کرنا پسند فرماتے ہیں؟
پہلے کی بات اور ہے مگر جب سے سوشل میڈیا سے جڑا ہوں وقت کی فراغت کم ہی نصیب ہوتی ہے ، اگر کچھ وقت ملے بھی تو اس میں کوئی شرعی مسئلہ حل کرنے اور کسی کی دینی رہنمائی کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔
24. اردو مجلس میں آپ کا پہلا دن کیسا گزرا یا پہلے دن آپ نے مجلس کو کیسا پایا ؟ کسی ایک واقعہ سے ہمیں مطلع کیجئے ۔
میں اس مجلس میں بہت پہلے شمولیت اختیار کیا تھا مگرانٹر نٹ کی دنیا سے صحیح سے باخبر نہ ہونے کی وجہ سے اس پر آمد ورفت نہیں رہی ۔ جب سوشل میڈیا پہ کام بڑھنے لگا اور میرے مضامین ادھر ادھر پھیلنے لگے تو مجھے اپنے ایمیل پر اردومجلس فورم کی طرف سے میل آنے لگا ۔ بار بار آیا، اسے نظر انداز کرتا رہا پھر دل میں آیا اسے استعمال کرکے دیکھتے ہیں ، جب اس مجلس پہ دوبارہ میری آمد ہوئی اور پہلا مضمون اس فورم میں پوسٹ کیا اس دن یہاں کے ارکان اور ممبران کی طرف سے ڈھیرساراخلوص وپیار ملا اور شاید اسی دن یا اس کے چند دن بعدمجھے مجلس علماء کا رکن بنادیا گیا۔ یہ میں کبھی نہیں بھول سکتا۔
25- آپ کے پسندیدہ رکن جس سے آپ کو دینی فائدہ حاصل ہوا اور جن کی تحریریں آپ اثرکرتی ہیں
وقت کی قلت کی وجہ سے یہاں کی بہت زیادہ تحریریں نہیں پڑھ سکا جو بھی پڑھ سکا اس میں علمی طور طور پر جن سے فائدہ ہواوہ شیخ کفایت اللہ سنابلی ، شیخ رفیق طاہر اور ڈاکٹر عبدالمنان حفظہم اللہ ہیں ۔
26. اردو مجلس پر آپ اب تک فعال رہنے کا راز کیا ہے جبکہ نیٹ کی دُنیا اتنی وسیع ہے، اِسے ترک کرکے کہیں اور کیوں نہیں گئے ؟
اردو مجلس فورم میرا پسندیدہ فورم ہے ، بھلاکوئی اپنی پسندیدہ چیز چھوڑ کے کہیں جاتا ہے ۔ اردو مجلس کے علاوہ محدث فورم اور رومن اردو میں اصلاح امت فورم بھی میرا پسندیدہ ہے ، ان پہ بڑی تعداد میں میرے مضامین ہیں ۔
27. کسی کے ساتھ پہلی مُلاقات میں آپ سامنے والے میں کیا ملاحظہ کرتے ہیں ؟
ویسے تو انسان اپنے وضع قطع سے کچھ نہ کچھ اثر چھوڑتا ہی ہے مگر سچی اور صاف تصویر ہم کلام ہونے پر ظاہر ہوتی ہے ، اس لئے میں سچی تصویر سامنے آنے پر ہی کچھ فیصلہ کرتاہوں ۔
تامرد سخن نگفتہ باشد –عیب وہنرش نہفتہ باشد
28-. وہ کون ہے جسے آپ اپنی ہربات کے متعلق باخبر رکھتے ہیں ؟
شریک حیات اور دوست سے انسان ہربات کہہ دیتا ہے مگر کچھ باتیں بیگم سے بھی چھپانے کے قابل ہوتی ہیں کیونکہ بطن عورت میں ہربات ہضم ہونے کا آلہ نہیں ہے اور کچھ باتیں دوستوں سے بھی چھپانے کے قابل ہوتی ہیں کیونکہ دوست کب بے وفائی کرجائے کچھ کہا نہیں جاسکتا ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
أحبِبْ حبيبَكَ هونًا ما ، عَسى أن يَكونَ بَغيضَكَ يومًا ما ، وأبغِض بغيضَكَ هونًا ما عسَى أن يَكونَ حبيبَكَ يومًا ما(صحيح الترمذي:1997)
ترجمہ: اپنے دوست سے اعتدال اورتوسط کے ساتھ دوستی رکھوشایدوہ کسی دن تمہارا دشمن ہوجائے اور اپنے دشمن سے اعتدال اور توسط کے ساتھ دشمنی کرو شاید وہ کسی دن تمہارا دوست بن جائے۔
29. اِس پُرفتن دور میں دُنیا کے مجموعی حالات کو دیکھ کر آپ کیا سوچتے ہیں؟
میری سوچ تو یہ ہے کہ ہرمیدان میں نوجوانوں کی الگ الگ ٹیم ہو جو جس کے متخصصین ہیں وہ ٹیم اس محاذ پر فتنے کا سدباب کرنے کی کوشش کرے ، یہی ٹیم منکرات کو مٹائے اور حسنات کو فروغ دے تاکہ فتنے ختم یا کم ہوسکیں ، نیکی کی راہ چلنا آسان ہو اور برائی کو پنپنے کا موقع نہ ملے ۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے :
وَلْتَكُن مِّنكُمْ أُمَّةٌ يَدْعُونَ إِلَى الْخَيْرِ وَيَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَيَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنكَرِ ۚ وَأُولَٰئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ (آل عمران:104)
ترجمہ: اور تم میں ایک جماعت ایسی ہونی چاہئیے جو لوگوں کو نیکی کی طرف بلائے اور اچھے کام کرنے کا حکم دے اور برے کاموں سے منع کرے یہی لوگ ہیں جو نجات پانے والے ہیں۔
یہ جماعتی سطح کا کام ہے اور انفرادی طور پر ہمیں اللہ سے تعلق جوڑنا چاہئے ، ایمان پر قائم رہنے ، برے کاموں، شہوت ابھارنے والے امور اور منکرات کی طرف لے جانے والے اسباب سے بچتے رہنا چاہئے ۔
اور قرآن کریم کو اپنا ساتھی بنالیں اسے روزانہ کچھ نہ کچھ سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کریں ، ہرزور نئی نئی ہدایت کی کرنیں پھوٹتی رہیں گی اسی طرح احادیث کی کتابیں بھی ترجمہ کے ساتھ پڑھنے کا اہتمام کرتے رہیں تاکہ مسائل اور دینی بصیرت سے مزید واقفیت ہوتی رہے ۔ ایک اہم بات تمام عام لوگوں کے لئے کہ قرآن کو اور کم ازکم بخاری شریف کو ایک بار ترجمے وتفہیم کے ساتھ ضرور ختم کریں ۔ اس سے جہاں نیکی کرنے پر مدد ملے گی وہیں برائی اور فتنے میں واقع ہونے سے بھی بچ سکیں گے ۔ یہ بھی معلوم رہے کہ اس وقت فتنہ اس قدر شدید ہے کہ بچوں کی تربیت کے تئیں آپ کی غفلت وتساہلی ان کا مستقبل تباہ کردے گی، بنابریں اسلامی ماحول میں بچوں کی خصوصی رعایت ونگرانی ہونی چاہئے ۔
30 مسقبل میں کیا کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں ؟
جو مشن میں نے شروع کیاہے ، جس قدر دلچسپی کے ساتھ سوشل میڈیا پر دعوت وتبلیغ کا فریضہ انجام دے رہاہوں اور جس طرح نت نئے مسائل کا تجزیہ پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں مستقبل میں بھی اسے باقی رکھنے کا عزم ہے ۔ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ میں نے شدت کے ساتھ احساس کیا سوشل میڈیا پر غلط فہمیاں، غلط پروپیگنڈے، غلط افکار ونظریا ت ، قرآن واحادیث کے نام پر جھوٹی باتیں وافر مقدار میں پھیلی ہوئی ہیں اور چوبیس گھنٹے پھیلائی جارہی ہیں جن سے سوشل میڈیا سے مربوط کم علم حضرات بآسانی گمراہ ہورہے ہیں اس لئے اسٹیج کے ساتھ اس میڈیا سے وابستہ لوگوں کو بھی دعوت دینا اور یہاں پر پھیلی دین کے نام پر گمراہی کا سد باب کرنا علماء کی ذمہ داری میں شامل ہونا چاہئے۔ میں نے یہاں پر جہد مسلسل کے ساتھ کام کیاجس کے بہت اچھے نتائج وثمرات سامنے آئے ۔
31. ایک پیغام جو آپ اردو مجلس/ ارکینِ اُردو مجلس کے نام کرنا چاہیں؟
ایک پیغام اردو مجلس فورم کے سبھی اراکین کو دینا چاہتاہوں کہ میں بلاتفریق آپ سب سے بیحد محبت کرتاہوں، اگر اردو مجلس کے کسی زمرے میں یا کسی مضمون پر تبصرہ نگاری میں اختلاف ہوجائے تو اسے رنجش یا نفرت کے معنی میں نہ لیں کیونکہ اختلاف کا تعلق علم سے ہے اور محبت کا تعلق دل سے ۔یہی معیار میرے علاوہ دوسروں کے لئے بھی ہو۔
دوسرا پیغام اس فورم کے منتظمین کے لئے ہے کہ اس فورم کا ماحول سازگاربنا رہے اور خالص منہج سلف کی روشنی میں یہاں سے علم پھیلتا رہے اس کو کوشش کرتے رہیں نیز مزیدفعال اہل علم حضرات کو اس سے جوڑیں ۔
تیسرا پیغام عمومی اور تمام قارئین کے لئے ہے کہ یہ پلیٹ فارم خالص کتاب وسنت پر مبنی تعلیم کو فروغ دیتا ہے اس لئے اس اردو مجلس فورم سے جڑیں ، دوسروں کو بھی جڑنے کا مشورہ دیں اور اس سے جڑکر نہ صرف فائدہ اٹھائیں بلکہ دوسروں کو بھی فائدہ پہنچانے کی کوشش کریں ، یہ آپ کے حق میں صدقہ جاریہ ہوگا۔ایک طرف اس پلیٹ فارم سے دین سیکھیں تو دوسری طرف گھرمیں ،آنگن میں ، آفس میں ، محفل میں اور گلی گلی میں جس طریقے سے بھی ممکن ہو علم پھیلائیں اور بطور خاص سوشل میڈیا پر علم نافع کی نشر واشاعت کریں ۔

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 320 Articles with 350253 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.