۱۔ محبت
محبت صرف وہ ہی نہیں جو فلموں میں ہیرو اور ہیروئن کے مابین ہوتی ہے، محبت
وہ بھی ہے جو والدین اور اولاد کے درمیان ہوتی ہے، محبت وہ بھی ہے جو میاں
اور بیوی کے درمیان ہوتی ہے، محبت وہ بھی ہے جو انسان اور انسان کے درمیان
ہوتی ہے،محبت وہ بھی ہے جو مخلوق اور مخلوق کے مابین ہوتی ہے، محبت وہ بھی
ہے جو مخلوق اور خالق کے درمیان ہوتی ہے۔
میرا ہمسایہ
۲۔ وہ میرا ہمسایہ ہے، لیکن میرا اور اس کا مزاج نہیں ملتا، وہ مجھ سے
کوسوں دور رہتا ہے۔
انسان اور وقت
۳۔ انسان اور وقت کسی زمانے میں پیدل چلا کرتے تھے اور ایک دوسرے کے قریب
رہا کرتے تھے ۔ پھر انسان نے وقت سے آگے نکلنے کے لئے بائیسکل بنا لی، وقت
موٹر سائیکل پے بیٹھ گیا؛ انسان نے موٹر سائیکل بنائی، وقت کار میں بیٹھ
گیا؛ انسان نے کار بنائی، وقت ہوائی جہاز پر چڑھ گیا؛ انسان نے ہوائی جہاز
بنایا، وقت راکٹ پر اڑ گیا؛ انسان نے راکٹ بنایا، وقت غائب ہو گیا۔
شرارتیں، جسارتیں، گزارشیں
۴۔ بچوں کی شرارتیں، جوانوں کی جسارتیں اور ضعیفوں کی گزارشیں اکثرنظر
انداز ہو جاتیں ہیں۔
ادب اور زبان
۵۔ ادب ،زبان کی ہونہار اولاد ہے۔
انسان اس دنیا میں
۶۔ انسان اس دنیا میں
جیسے طوفان میں تنکے۔۔۔
بہترین ورثہ
۷۔ انسان کا بہترین ورثہ وہ خوش گواریادیں ہیں جو وہ دوسروں کے دلوں میں
چھوڑ جائے ۔
بات اور موقع
۸۔ جس طرح لباس موسم کے مطابق اچھے لگتے ہیں، ایسے ہی بات بھی موقع کے
مطابق ہی اچھی لگتی ہے۔
پانی شیشے میں
۹۔ جس طرح بے رنگ پانی بھی شیشے کے برتن میں آ کر اپنا حسن دکھاتا ہے، ایسے
ہی ایک عام سا خیال بھی ادیب کے ذہن میں آ کر حسین ہو جاتا ہے۔
ایک کی ردی ،ایک کی زینت
۱۰۔ ایک شخص کسی چیز کو ردی سمجھ کر گھر سے نکال کے کوڑے کے ڈھیر پر پھینک
جاتا ہے اور اسی چیز کو دوسرا شخص اپنے گھر کی زینت سمجھ کر اٹھا کے اپنے
گھر لے جاتا ہے۔
میٹا فیزیکل موبائل
۱۱۔ ٹچ موبائلوں کے بعد اب میٹا فزیکل موبائل آنے چاہیئیں جوانسان کے دماغ
سے منسلک ہوں ،انسان جیسا سوچے ویسا میسج بن جائے اور پھر وہ جسے چاہے سنڈ
ہو جائے، اسی طرح انسان جس سے بات کرنا چاہے اس کی طرف کال خود بخود جانے
لگے اور پھر جب انسان چاہے کال بند ہو جائے۔ان کی چارجنگ بھی شمسی توانائی
سے خود بخود ہو۔
جنت کی ہوا
۱۲۔ جب شدید گرمی میں، طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث پسینے سے شرابور ہو کر انسان
ہمت فین سے ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا لیتا ہے تو یوں لگتا ہے جیسے جہنم میں جنت کی
بادِ صبا آ گئی ہو۔
فقیر، مفکراور حریص
۱۳۔ فَقر والے کو فقیر، فِکر (سوچ) والے کو مفکر اور فِکر( لالچ) والے کو
حریص کہا جاتا ہے۔
غائب ہوتا کلچر
۱۴۔ ہمارے شہری کلچر سے جو اشیامعدوم ہوتی جا رہی ہیں ان میں : ہُو کا‘
’چرخہ‘ ’ٹانگا‘ ’سائیکل‘ ، پگڑی، صافہ،ٹِنڈ، دھوتی،قینچی جوتی، لمبی
مونچھیں، لسی، مکھن، دیسی گھی، گھروں کے درخت، ۔۔۔
۱۵۔ فاصلہ
’دل میں اترنا ‘ اور ’دل سے اترنا‘ میں فاصلہ صرف ’میں‘ سے ’سے‘ تک کا ہے
لیکن بعض لوگ یہ فاصلہ کبھی طے نہیں کر پاتے جب کہ جبکہ بعض سالوں، بعض
مہینوں ، بعض دنوں ، بعض گھنٹوں اور بعض منٹوں میں کر لیتے ہیں۔
بہترین موبائل
۱۶۔ اانسان چاہتا ہے کہ اس کے پاس دنیا کے بہترین موبائل ہوں اور ہر روز
ایک نیا موبائل استعمال کرے۔
میں اور وقت
۱۷۔ میں نے جب بھی وقت سے پوچھا : کہاں ہو؟
اس نے ہمیشہ یہی جواب دیا : تم سے آگے ہوں !
چہرہ نہیں، دل
۱۸۔ کسی کا چہرہ دیکھنے کی بجائے اس کا دل دیکھنا چاہیئے اور دل ہمیشہ جسم
سے باہر کہیں ہوتا ہے۔
ضدی طلبہ اور محنتی اساتذہ
۱۹۔ کچھ طلبہ بڑے ضدی ہوتے ہیں وہ کالج ٹائم میں کالج نہیں بلکہ اکیڈمی
جانا پسندہیں۔ لیکن کچھ اساتذہ بھی بہت محنتی ہوتے ہیں ، وہ ان کو پڑھانے
پر کمر بستہ ہوتے ہیں چاہے انہیں کالج ٹائم میں اکیڈمی ہی کیوں نہ جانا
پڑے۔
کھلونوں کا انتخاب
۲۰۔ بچیوں کو اگر کھلونے خریدنے کا موقع ملے تو وہ زیادہ تر گڑیا کا انتخاب
کرتی ہیں اور اگر بچوں کو کھلونے خریدنے کا موقع ملے تو وہ زیادہ تر پسٹل
خریدتے ہیں ۔ اس سے دونوں کی نفسیات میں ایک جھلک ملتی ہے۔
سدا بہار
۲۱۔ چائے اور آئس کریم پر گرمی یا سردی کی شدت کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔ چائے
ایک عادت کے ساتھ ساتھ ایک ٹونک بھی ہے اسی طرح آئس کریم ذائقے کے ساتھ
ساتھ ایک سٹیٹس بھی ہے۔
۲۲۔ خواب، خیال اور خواہش
خواب، خیال اور خواہش میں مشترک حرف ’خ‘ ہے جو ’خاموش‘ کے ساتھ بھی آتا ہے۔
۲۳۔ ڈائری
میں ڈائری کیوں لکھوں ؟
زندگی نے پیچھے مڑ کے دیکھنے کی مہلت تو دینی نہیں۔۔۔۔۔۔
۲۴۔ زندگی کا آغاز
نصف صدی گزارنے کے باوجود بھی ہر وقت یوں لگتا ہے کہ جیسے زندگی کا آغاز تو
ابھی ہونا ہے۔
۲۵۔ اج کیہہ پکائیے
اکثر گھروں کا یہ ہر روز کا مسئلہ ہے کہ ’ اج کیہہ پکایئے‘ ۔ اس مسئلے کا
مستقل حل نہیں ملتا۔ بس آلو یا دال چنا اس کا عبوری حل دے دیتے ہیں۔
۲۶۔ شاعر کی ورتھ
کسی شاعر کی ورتھ اس میں نہیں ہوتی کہ وہ کہاں کہاں چَھپا ہے، بلکہ اس میں
ہوتی ہے کہ وہ کہاں کہاں چُھپا ہے۔
۲۷۔ شاعری
شاعری ایک حسینہ ہے جس کا وقار کُھل کر سامنے آنے میں نہیں بلکہ پردوں میں
لپٹے رہنے میں ہے۔
۲۸۔ اچھی بات اور اچھا کھانا
بات بھی سبھی کرتے ہیں اور کھانا بھی سبھی پکاتے ہیں لیکن اچھی بات کرنا یا
اچھا کھانا پکانا کسی کسی کو آتا ہے۔
۲۹۔ پھول اور رشتے
رشتے پھولوں جیسے اور پھول رشتوں جیسے ہوتے ہیں ، دونوں اس وقت تک اچھے
لگتے ہیں جب تک مرجھا نہیں جاتے۔
۳۰۔ پھولوں کی پزیرائی
پھولوں کی انسانی زندگی میں بہت پزیرائی ہے لیکن مرجھانے سے پہلے پہلے۔
انسان بھی پھول ہی ہے، بس مرجھانے سے پہلے پہلے ہی اچھا لگتا ہے۔
|