یوم دفاع

6ستمبر پاکستانیوں کے لئے ایک عظیم اور تاریخی دن ہے، جس دن پاکستان کی بہادر فوج اور غیور قوم نے ڈٹ کر دشمن قوم کا مقابلہ کرتے ہوئے وطن سے محبت کا ثبوت دیا تھا۔

6ستمبر 1965کی صبح بھارت پاکستان کے شہر لاہور پر حملے کے ناپاک عزائم لے کر آیا۔ وہ اس خبط میں مبتلا تھا کہ کہ آج صبح کا ناشتہ لاہور کے جم خانے میں کرے گا۔ بھارت جو کئی بار بہادر اور جذبہ ایمانی سے سرشار پاکستانیوں کے ہاتھوں متعدد بار ہزیمت کا مزا چکھ چکا، اسے ایک بار پھر پاکستان سے ٹکر لینے کی سوجھی تو پاکستان کے جانبازوں نے بنیے کو ناکوں چنے چبوا دیے۔ بزدل بھارتی فوج کو منہ کی کھانی پڑی۔ پاکستان نے بھارت کو ایسی شکست سے دوچار کیا کہ اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔ دلیر افواج پاکستان سمیت پوری پاکستانی قوم ایمان کے جذبے اپنے سینوں میں محفوظ کیے ہوئے تھے، جس سے دشمن محروم تھا۔ پاکستانی قوم کے جذبہ ایمانی نے ہی ہر بہادر جواں کو دشمن کے سامنے کی سیسہ پلائی دیوار بنا دیا تھا۔ جبکہ دشمن چونکہ ایمان کی دولت سے محروم ہے، اس لیے وہ حوصلے اور جرات سے بھی محروم تھا۔

14اگست کے بعد 6ستمبر کو پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی دن کہا جائے تو یہ بے جا نہ ہوگا۔ وطن عزیز کے بہادر سپوتوں نے اس دن ثابت کر دیا کہ ان کے خون میں وطن کے لئے کس قدر وفا اور اپنے پیارے وطن کے لئے مر مٹنے کا کتنا زیادہ جذبہ ہے اور ملک عزیز، کا ہر جوان پاک وطن کی طرف اٹھنے والی ہر میلی نگاہ کو پھوڑ دینے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ وہ جوش و ولولہ رکھتے ہے، جس سے وطن عزیز کی طرف بڑھنے والے ہاتھوں کو کاٹ ڈالیں۔

ہر قوم کے لئے کوئی نہ کوئی دن یادگار ہوتا ہے جس کو سوچ کر محب وطن فخر محسوس کرتے ہیں۔ 6ستمبر 1965 کادن بھی ایسا ہی دن ہے جو قوم کو احساس دلاتا ہے کہ پاکستانی قوم اقوام عالم میں ایک خاص مقام رکھتی ہے اور 6ستمبر کا دن قوم کو یاد دلاتا ہے کہ وہ ایک باہمت قوم ہے۔ آج بھی اگر قوم اپنی حیثیت اپنا مقام پہچان لے تو وہ کسی سے کم نہیں۔ آج بھی پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم ہے۔

6ستمبر کا دن ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ جنگ ہتھیاروں سے نہیں جذبوں، ہمت، جوش و ولولے اور قوت ایمانی سے جیتی جاتی ہے۔ یہ دن ہمیں درس دیتا ہے کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ وطن سے وفا کرنے والی قومیں کبھی شکست نہیں کھاتیں۔ اس دن سے ہمیں درس ملتا ہے وہی قوم کامیابی کی منازل طے کرتی ہیں جو دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتی ہیں اور جو کٹنا اور مرنا تو جانتی ہوں، لیکن انہیں جھکنا نہ آتا ہو۔

افواج پاکستان میں جذبہ حب الوطنی کوٹ کوٹ کر بھرا تھا، اسی لیے دشمن کو اپنے گھر کی طرف آتا دیکھ کر ان پر شیروں کی طرح جھپٹ پڑی اور دشمن کو راہ فرار اختیار کرنا پڑی۔ یہ ولولہ صرف افواج پاکستان میں نہیں تھا، بلکہ پاکستانی قوم کا بچہ بچہ وطن عزیز کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار کھڑا تھا۔

آج بھی افواج پاکستان سمیت پوری قوم وہ جذبہ رکھتی ہے، جو 6ستمبر کے دن ان کے دلوں میں موجزن تھا۔قوم پاکستان آج اگر متحد ہو جائے تمام نفرتیں، اختلافات اور شکوے ختم کر کے یکجا ہو جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی قوم ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتی، کیونکہ پاکستان ہر قسم کے دشمن کو نیست و نابود کرنے کی صلاحیت و طاقت رکھتی ہے۔

اللہ ہمارے وطن عزیز کو قائم دائم رکھے اور اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
آمین ثم آمین

مریم حفیظ لاہور

 

Maryam Hafeez
About the Author: Maryam Hafeez Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.