یوم دفاع پاکستان

چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان ،6 ستمبر 1965 کو بھارتی افواج نے لاہورکی جانب سے وطن عزیز پاکستان پر حملہ کیا، پاک افواج نے اپنی سرحدوں کی حفاظت کا حق ادا کرتے ہوئے پاک سرزمین کے ایک ایک انچ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ،1965کی جنگ میں پاک فوج نے ملک کی سرحدوں کا دفاع باوقار انداز میں موثر بنایا اور دنیا کو یہ بتلا یا اور ثابت کر دکھایا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں۔ جنگ ستمبر میں بھی قوم کے بہادر سپوتوں نے جان کے نذرانے پیش کیے۔ 6 ستمبر کا دن وطن عزیز کے دفاع کیلئے عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ا س دن کو یوم دفاع کے طور پر پاکستانی قوم مناتی ہے۔قومی وسماجی تحریک موومنٹ اگیسنٹ ڈرگ ابیوز"ماڈا" رجسٹرڈ ،الخدمت ویلفیئر کو نسل رینالہ خورد ،ایف ایم 90&92کے عہدیداروں اور ممبران نے سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج کے شہداء ،پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے چھ ستمبر کو ضلع کی حدود میں جہاں جہاں شہداء مدفوں وہاں انکی قبروں پر مقامی افراد کو شامل کر کے فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کا پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے لیے آگاہی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں ۔شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے ،لہو جو ہے شہید کا وہ قوم کی زکوۃ ہے
قارئین کرام اسلامی تاریخ اور حدیث کی روشنی میں ہم پہلے شہید کون ہوتا ہے شہید کارتبہ کون پاتا ہے کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔’شہید‘ کے لفظ کا پاکستان میں بہت عام ہے شہید اسکو کہا جاتا ہے جس کی موت کسی حادثے کے نتیجے میں یا کسی نیک مقصد کی جدوجہد میں آجائے۔ دین کی حفاظت و سربلندی میں دشمن کے خلاف جنگ و جدال اور حق و انصاف کے لیے اٹھ کھڑا ہونا نیک مقصد کے لیے اپنی جان قربان کرنے والا شہید کہلاتا ہے ’شہید‘ کی تعریف کیا ہے؟ اس لفظ کی اصل میں کیا حقیقت ہے اور ہمارے مذہب میں اس کی کیا حیثیت ہے؟قرآن مجید میں یہ لفظ اپنی مختلف صورتوں میں کئی مقامات پر آیا ہے۔ اس ضمن میں مخاطب کا لحاظ کرتے ہوئے ’شَاہِد‘، ’شَہِیْد‘، اور ’شُہَدَآء‘ کے الفاظ اختیار کیے گئے ہیں۔ سورۃ فتح میں رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کو مخاطب کرتے ہوئے اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں:
اِنَّآ اَرْسَلْنٰکَ شَاہِدًا وَّمُبَشِّرًا وَّنَذِیْرًا.(۸۴: ۸)’’بے شک، ہم نے تم کو گواہی دینے والا، خوش خبری پہنچانے والا اور آگاہ کر دینے والا بنا کر بھیجا ہے۔‘‘صحیح مسلم:جلد سوم:حدیث نمبر 444 حدیث مرفوع مکررات 48 متفق علیہ 17:زہیر بن حرب، جریر، سہیل، حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا تم اپنے میں سے شہید کسے شمار کرتے ہو صحابہ رضی اﷲ عنہم نے عرض کیا اے اﷲ کے رسول جو اﷲ کے راستہ میں قتل کیا جائے وہ شہید ہے آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا ایسی صورت میں تو میری امت کے شہید کم ہوں گے صحابہ رضی اﷲ عنہم نے عرض کیا پھر وہ کون ہوں گے آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا جو اﷲ کے راستہ میں قتل کیا گیا وہ شہید ہے اور جو اﷲ کے راستہ میں مر گیا وہ بھی شہید ہے اور جو طاعون میں مرا وہ بھی شہید ہے اور جو پیٹ کی بیماری میں مر گیا وہ بھی شہید ہے ابن مقسم نے اس حدیث میں یہ بھی کہا ڈوب کر مر جانے والا بھی شہید ہے۔سنن ابوداؤد:جلد اول:حدیث نمبر 1516 حدیث مرفوع مکررات 7 متفق علیہ 2:یزید بن خالد، ابن وہب، عبدالرحمن بن شریح ابوامامہ بن سہل بن حنیف حضرت سہل بن حنیف رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جو شخص صدق دل کے ساتھ شہادت کی تمنا کرے تو اﷲ اس کو شہیدوں کا مرتبہ عطا فرمائے گا اگرچہ وہ اپنے بستر پر ہی پڑ کر کیوں نہ مرے۔سنن ابوداؤد:جلد دوم:حدیث نمبر 728 حدیث مرفوع مکررات 0 متفق علیہ 0
محمد بن بکار، مروان، عبدالوہاب بن عبدالرحیم، ام حرام سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا جو شخص (حج عمرے یا جہاد کے لئے) سمندر میں سوار ہوا اور پھر اس کو چکر آئے یا قے ہوئی تو اس کو ایک شہید کا ثواب ملے گا۔ اور جو ڈوب جائے (اور مر جائے) تو اس کو دو شہیدوں کے برابر ثواب ملے گا۔سنن ابوداؤد:جلد دوم:حدیث نمبر 734 حدیث مرفوع مکررات 0 متفق علیہ 0:عبدالوہاب بن نجدہ، بقیہ بن ولید، بن ثوبان، حضرت ابومالک اشعری سے روایت ہے کہ میں نے سنا کہ جناب رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم فرماتے تھے۔ جو شخص اﷲ کے راستہ میں جہاد کی غرض سے نکلا اور وہ مر گیا یا مارا گیا تو ہر دو صورت میں وہ شہید ہے یا اس کے گھوڑے یا اونٹ نے اس کو کچل ڈالا یا کسی زہریلے جانور نے اس کو کاٹ لیا یا اپنے بستر پر (طبعی) موت مرا یا کسی اور طریقہ سے جو اﷲ نے چاہا مر گیا تو ہرصورت میں وہ شہید ہے اور اس کے لئے جنت ہے۔سنن ابوداؤد:جلد دوم:حدیث نمبر 1343 حدیث مرفوع مکررات 9 متفق علیہ 0:قعنبی، مالک، عبداﷲ بن عبداﷲ بن جابر، حضرت جابر بن عتیک سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم عبداﷲ بن ثابت کے پاس ان کی عیادت کے لئے تشریف لائے۔ آپ نے دیکھا وہ بیہوش ہیں آپ نے ان کو زور سے پکارا۔ انہوں نے جواب نہیں دیا تو رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے َانَّا َﷲِ وَاِنَّا اِلَیہِ رَاجِعُون پڑھا اور فرمایا اے ابوالربیع ہم تیرے بارے میں مغلوب ہو گئے (یعنی ہم نے تمہاری زندگی چاہی مگر تقدیر الٰہی غالب آئی اور تم اس دنیا سے رخصت ہوئے) یہ سن کر عورتیں رونے پیٹنے لگیں۔ ابن عتیک ان کو خاموش کرانے لگے آپ نے فرمایا جانے دو جب واجب ہو جائے تو اس وقت کوئی رونے والی نہ روئے گی۔ لوگوں نے عرض کیا یا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم واجب ہونے سے کیا مراد ہے؟ آپ ﷺنے فرمایا موت۔ عبداﷲ بن ثابت کی بیٹی نے اپنے باپ کی طرف مخاطب ہو کر کہا ابا جان مجھے امید ہے کہ آپ (عند اﷲ) شہید ہی ہوں گے کیونکہ آپ نے سامان جہاد تیار کر رکھا تھا۔ یہ سن کر رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اﷲ تعالیٰ ہر شخص کو اس کی نیت کے بقدر ثواب عطا فرمائیں گے اور تم لوگ شہادت کا مطلب کیا سمجھتے ہو؟ کیا راہ اﷲ میں قتل ہو جانا۔ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اﷲ کے راستہ میں مارے جانے کے علاوہ سات طرح کی شہادت اور ہے۔ ایک وہ جو طاعون کی بیماری میں مرے۔ دوسرے وہ جو پانی میں ڈوب کر مرے۔ تیسرا وہ جو ذات الجنب کی بیماری سے مرے۔ چوتھا پیٹ کی بیماری میں مرنے والا۔ پانچواں جل کر مرنے والا۔ چھٹا چھت یا دیوار کے نیچے دب کر مر جانے والا۔ اور ساتویں وہ عورت جو کنواری ہو یا حاملہ ہو۔ یہ سب شہید کہلائیں گے۔
(1)ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ و علی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:ما تَعُدُّونَ الشَّہِیدَ فِیکُمْ؟
تُم لوگ اپنے(مرنے والوں) میں سے کِسے شہیدسمجھتے ہو؟
صحابہ رضی اﷲ عنہم نے عرض کیا:یا رَسُولَ اللَّہِ من قُتِلَ فی سَبِیلِ اللَّہِ فَہُوَ شَہِیدٌ۔اے اﷲ کے رسول جو اﷲ کی راہ میں قتل کِیا جاتا ہے (ہم اُسے شہید سمجھتے ہیں)،تو رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:انَّ شُہَدَاء َ اُمَّتِی اذًا لَقَلِیلٌ۔اگر ایسا ہو تو پھر تو میری اُمت کے شہید بہت کم ہوں گے۔صحابہ رضی اﷲ عنہم اجمعین نے عرض کِیا:فَمَنْ ہُمْ یا رَسُولَ اللَّہِ؟اے اﷲ کے رسول تو پھر شہید(اور)کون ہیں؟تو رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:مَن قُتِلَ فی سَبِیلِ اللَّہِ فَہُوَ شَہِیدٌ وَمَنْ مَاتَ فی سَبِیلِ اللَّہِ فَہُوَ شَہِیدٌ وَمَنْ مَاتَ فی الطَّاعُونِ فَہُوَ شَہِیدٌ وَمَنْ مَاتَ فی الْبَطْنِ فَہُوَ شَہِیدٌ۔ جو اﷲ کی راہ میں قتل کِیا گیا وہ شہید ہے،اورجو اﷲ کی راہ میں نکلا (اور کسی معرکہِ جِہاد میں شامل ہوئے بغیر مر گیا، یا جو اﷲ کے دِین کی کِسی بھی خِدمت کے لیے نکلا اور اُس دوران)مر گیا وہ بھی شہید ہے، اور اور جو طاعون (کی بیماری)سے مر گیا وہ بھی شہید ہے، اورجو پیٹ (کی بیماری)سے مر گیا وہ بھی شہید ہے۔قال بن مِقْسَمٍ اَشْہَدُ علی اَبِیکَ فی ہذا الحدیث اَنَّہُ قال۔ عبید اﷲ ابن مقسم نے یہ سُن کر سہیل کو جو اپنے والد سے ابو ہریرہ رضی اﷲ عنہ ُ کے ذریعے روایت کر رہے تھے، کہا، میں اِس حدیث کی روایت میں تمہارے والد کی (اِس بات کی درستگی)پرگواہ ہوں اور اِس حدیث میں یہ بھی ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ و علی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا: ''وَالْغَرِیق ُ شَہِیدٌ '' ڈوب کر مرنے والا بھی شہید ہے۔(2)ابو ہریرہ رضی اﷲ عنہ ُ سے دوسری روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ و علی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:الشُّہَدَاء ُ خَمْسَۃٌ الْمَطْعُونُ وَالْمَبْطُونُ وَالْغَرِق ُ وَصَاحِبُ الْہَدْمِ وَالشَّہِیدُ فی سَبِیلِ اللَّہِ عز وجل۔شہید پانچ ہیں(1) مطعون، اور(2)پیٹ کی بیماری سے مرنے والا، اور(3) ڈوب کر مرنے والا، اور(4) ملبے میں دب کر مرنے والا، اور(5) اﷲ کی راہ میں شہید ہونے والا۔(صحیح مُسلم /کتاب الامارۃ)مذکورہ بالااحادیث کی روشنی میں شہید کی مندرجہ ذیل اقسام سامنے آتی ہیں۔
(1)اﷲ کی راہ میں قتل کیا جانے والا، یعنی شہیدِ معرکہ اور مسلمانوں کے یقینی اجماع کے مطابق یہ افضل ترین شہادت ہے۔
(2)اﷲ کی راہ میں مرنے والا، یعنی جو اﷲ کی راہ میں نکلا اور موت واقع ہو گئی مثلاً غازی، مہاجر، وغیرہ، سورت النساء(4)/ آیت 100۔
(3)مطعون، طاعون کی بیماری سے مرنے والا۔
(4)پیٹ کی بیماری سے مرنے والا۔
(5) ڈوب کر مرنے والا۔
(6)ملبے میں دب کر مرنے والا،۔
(7)ذات الجنب سے مرنے والا،(ذات الجنب وہ بیماری جِس میں عموماً پیٹ کے پُھلاؤ، اپھراؤ کی وجہ سے، یا کبھی کسی اور سبب سے پسلیوں کی اندرونی اطراف میں ورم (سوجن)ہو جاتی ہے جو موت کا سبب بنتی ہے)۔
(8)آگ سے جل کر مرنے والا۔
(9)حمل کی وجہ سے مرنے والی ایسی عورت جس کے پیٹ میں بچہ بن چکا ہو۔
(10)ولادت کے بعد ولادت کی تکلیف سے مرنے والی عورت۔
(11)پھیپھڑوں کی بیماری (سل) کی وجہ سے مرنے والا۔
(12) جو اپنے مال کی حفاظت کرتے ہوئے قتل کِیا گیا۔
(13)جو اپنے گھر والوں کی حفاظت کرتے ہوئے قتل کِیا گیا۔
(14)جو اپنی جان کی حفاظت کرتے ہوئے قتل کِیا گیا۔
(15)جواپنے دِین کی حفاظت کرتے ہوئے قتل کیا گیا۔
اِن کے عِلاوہ کِسی بھی اور طرح سے مرنے والے کے لیے اﷲ اوراُس کے خلیل محمد رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ و علی آلہ وسلم کی طرف سے کوئی ایسی خبر نہیں ملتی کہ اُسے شہیدسمجھا جائے۔
نشانِ حیدر پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ہے جو اب تک پاک فوج کے دس جوانوں کو مل چکا ہے۔ پاکستان کی فضائیہ کی تاریخ اور پاکستان کی بری فوج کے مطابق نشانِ حیدر حضرت علی رضی اﷲ عنہ کے نام پر دیا جاتا ہے کیونکہ ان کا لقب حیدر کرار تھا اور ان کی بہادری ضرب المثل ہے۔ یہ نشان صرف ان لوگوں کو دیا جاتا ہے، جو وطن کے لیے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہو چکے ہوں۔ ان میں میجر طفیل نے سب سے بڑی عمر یعنی 44 سال میں شہادت پانے کے بعد نشان حیدر حاصل کیا، باقی فوجی جنہوں نے نشان حیدر حاصل کیا ان کی عمریں 40 سال سے بھی کم تھیں جبکہ سب سے کم عمر نشان حیدر پانے والے راشد منہاس تھے جنہوں نے اپنی تربیت میں 20 سال 6 ماہ کی عمر میں شہادت پر نشان حیدر اپنے نام کیا۔ آج تک پاکستان میں صرف دس افراد کو نشانِ حیدر دیا گیا ہے
1۔راجہ محمد سرور2/1 پنجاب رجمنٹ، پاک فوج کیپٹن پاک بھارت جنگ 1947 27 جولائی 1948
2۔میجر طفیل محمدسولہویں پنجاب رجمنٹ مشرقی پاکستان رائفل، پاک فوج میجرپاک بھارت جنگ 1965ء7 اگست 1958
3۔راجہ عزیز بھٹی17 پنجاب رجمنٹ، پاک فوج میجرپاک بھارت جنگ 1965ء10 ستمبر 1965
4۔راشد منہاس نمبر۔ 2 فائٹر کنورژن یونٹ، پاک فضائیہ پائلٹ آفیسرپاک بھارت جنگ 1971ء20 اگست 1971
5۔میجر شبیر شریف6 فرنٹیئر فورس رجمنٹ، پاک فوج میجرپاک بھارت جنگ 1971ء6 دسمبر 1971
6۔سوار محمد حسین20 لانسرز (آرمرڈ کور)، پاک فوج سوارپاک بھارت جنگ 1971ء10 دسمبر 1971
7۔میجر محمد اکرم 4 فرنٹئیر فورس رجمنٹ، پاک فوج میجرپاک بھارت جنگ 1971ء5 دسمبر 1971
8۔لانس نائیک محمد محفوظ15 پنجاب رجمنٹ، پاک فوج لانس نائیک پاک بھارت جنگ 1971ء17 دسمبر 1971
9۔کرنل شیر خان سندھ رجمنٹ/12 ناردرن لائٹ انفنٹری، پاک فوج کیپٹن کارگل جنگ7 جولائی 1999
10۔حوالدار لالک جان12 ناردرن لائٹ انفنٹری، پاک فوج حوالدارکارگل جنگ 7 جولائی 1999
ہمارے ضلع اوکاڑہ کی پولیس کے جوانوں نے بھی ضلع میں امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ہمارے ضلع کے ایک سپوت طیب سعید شہید ایس پی ناروال نے ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ضلع بھر میں 36پولیس اہلکار ہیں جنھوں نے شہریوں کی حفاظت کے لیے ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں ۔معروف شاعر احمد فراز کی ایک خاص نظم قارئین کرام چھ ستمبر کے حوالہ سے کالم کا حصہ بنا رہا ہوں
دائم آباد تیری حسیں انجمن
اے وطن۔۔۔ اے وطن
تیرے کھیتوں کا سونا سلامت رہے
تیرے شہروں کا سکھ تا قیامت رہے
تاقیامت رہے یہ بہارِ چمن
اے وطن۔۔۔ اے وطن
تیری آباد گلیاں مہکتی رہیں
تیری راہیں فضائیں چمکتی رہیں
مسکراتے رہیں تیرے کوہ و دمن
اے وطن۔۔۔ اے وطن
تیرے بیٹے تری آبرو کے لئے
یوں جلائیں گے اپنے لہو کے دیے
پھوٹ نکلے گی تاریکیوں سے کِرن
اے وطن۔۔۔ اے وطن
دائم آباد تیری حسیں انجمن

Muhammad Mazhar Rasheed
About the Author: Muhammad Mazhar Rasheed Read More Articles by Muhammad Mazhar Rasheed: 129 Articles with 133554 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.