کیا یورپ کا بھوت ٹرین سٹیشن پھر سے زندہ ہوگا؟

یہ کبھی دنیا کے مصروف ترین ریلوے سٹیشنوں میں سے ایک تھا اور یہ فرانس اور سپین کی سرحد پر سر اٹھائے کھڑا تھا لیکن پھر یہ امتدادِ زمانہ کی نذر ہو گیا۔ لیکن کرس بوکمین بتاتے ہیں کہ اس میں نئی جان پھونکی جا رہی ہے۔

جب کینفرینک میں سٹیشن کی تعمیر ہوئی تھی تو پیسے خرچ کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی گئی تھی۔ اسے بڑا اور جدید طرز پر تیار کیا جانا تھا تاکہ آرکیٹیکٹ کے خوابوں کی تکمیل ہو سکے۔ اسے فولاد اور شیشے سے تیار کیا جانا تھا جس میں ایک ہسپتال، ریستوران اور فرانس اور سپین کے کسٹم آفیسرز کی رہائش کے لیے مکانات بھی ہوں۔
 

image


اس وقت اسے 'پہاڑوں کے ٹائٹینک' کا نام دیا گیا تھا۔

اس کی عظمت کا ایک اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ سال کے ہر دن کے حساب سے اس میں 365 کھڑکیاں، 100 دروازے اور اس کا پلیٹ فارم 200 میٹر طویل تھا۔ اسے ایک پہاڑی گا‎ؤں میں تعمیر کیا گیا تھا جس کی آبادی 500 لوگوں پر مشتمل تھی۔

20ویں صدی کی آمد پر سپین اور فرانس کے حکام نے پائرینیس سے اپنی سرحد کھولنے کا منصوبہ بنایا تاکہ زیادہ نقل و حمل اور تجارت ہو۔ یہ ایک بڑا اور حوصلہ مند پروجیکٹ تھا جس میں درجنوں پل اور پہاڑوں کے درمیان سرنگیں بنانا شامل تھا۔

ایک وقت ایسا بھی آیا جب اس کام کو روکنا پڑا کیونکہ فرانس کے کام کرنے والوں کو پہلی جنگ عظیم میں لڑنے کے لیے بھیج دیا گیا اور ان کی جگہ سپین والوں نے لے لی۔
 

image

اس لیے سٹیشن سپین کی جانب ہی تیار ہو سکا لیکن اس کا ایک پلیٹ فارم ابھی بھی فرانس کا خطہ سمجھا جاتا ہے جہاں فرانس کا ایک قسم کا سفارت خانہ ہے۔ فرانسیسی پولیس اور کسٹم افسر اپنے بچوں کو فرانسیسی زبان کے سکول میں بھیجنے لگے جو کہ گاؤں میں قائم کیا گیا تھا۔

لیکن جب سنہ 1928 میں فرانسیسی صدر گیستوں دومرغ اور سپین کے شاہ الفونسو سیزدہم نے اس کا افتتاح کیا تو اس کی خامیاں فوری طور پر واضح ہونا شروع ہو گئیں۔

دونوں جانب کی ٹرین کی پٹریوں کی چوڑائی مختلف تھی اس لیے مسافروں کو وہاں ٹرین بدلنی ہوتی تھی جس کے سبب مال کے نقل و حمل میں بھی سستی تھی۔

سنہ 1929 کی کساد بازاری کا بھی اثر ہوا اور 1930 کی دہائی کے اوائل میں یورپ کے اس دوسرے سب سے بڑے سٹیشن سے روزانہ صرف 50 مسافر ہی سفر کرتے تھے۔ اس کے بعد حالات مزید خراب ہو گئے۔ سپین کی خانہ جنگی کے دوران سپین کی جانب کی سرنگوں کو بند کر دیا گيا تاکہ رپبلکن باغی ہتھیار سمگل نہ کرسکیں۔
 

image

بہرحال جب دوسری جنگ عظیم کے دوران یہ راستہ پھر سے کھلا تو ہزاروں یہودیوں اور اتحادی فوجیوں نے سپین بھاگنے کے لیے اس راستے کو اختیار کیا۔

آج کینفرینک کے میئر فرنینڈو سانچیز ہیں جن کے والد اس سٹیشن پر کسٹم آفیسر تھے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ اتحادیوں کے لیے جاسوسی کا اڈا بن گیا تھا تاہم جرمنی والے اس راستے کا استعمال یورپ سے چرائے ہوئے سونے کو لانے لے جانے کے لیے کرتے تھے۔

جنگ کے بعد فرانس کی اس میں دلچسپی کم ہو گئی اور اسے ختم ہونے دیا گیا۔ جب سنہ 1970 میں ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی اس کے بعد سے فرانس نے اس ریل لائن کو ترک ہی کر دیا۔
 

image

لیکن فرنینڈو سانچیز کا کہنا ہے کہ اس پر سپین والے برہم تھے کیونکہ اس ریل لائن کو برقرار رکھنے کے لیے بین الاقوامی معاہدہ ہوا تھا اور فرانس پر اسے توڑنے کا الزام تھا۔ سٹیشن کی وجہ سے کینفرینک کی آبادی دو ہزار ہو گئی تھی لیکن پھر یہ پانچ سو پر واپس آگئی۔

اس کے ساتھ یہ عظیم عمارت بھی خستگی کا شکار ہو گئی۔ ریلوے لائنیں زنگ آلود ہو گئی۔ سردی کے سخت موسم میں چھت گر گئی اور باقی کام لوٹ مار نے پورا کر دیا۔

لیکن چند سال قبل ایک اریگون کی مقامی حکومت نے اس جگہ کو خرید کر اس کو جدید بنانے کا فیصلہ کیا کہ یہ سپین کی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔

گزشتہ چار سال میں تقریباً سوا لاکھ لوگوں نے سخت ہیٹ پہن کر یہاں کا دورہ کیا۔ یہ ستم ظریفی ہے کہ جب یہ راستہ کھلا ہوا تھا اس وقت کبھی اتنے لوگ یہاں نہیں آئے تھے۔
 

image

تمام تر سیاحوں کا تعلق سپین سے ہے اور وہ اس کے سائز سے متاثر ہیں جوکہ ان کے لیے ایک علامت بھی ہے۔

اب اریگون کی حکومت نہ صرف اس سٹیشن کو ایک ہوٹل میں تبدیل کرنا چاہتی ہے بلکہ اس کے سامنے وہ ایک اور ہوٹل بنانا چاہتی ہے اور پھر سے پائرینیز سے ریل کا سفر شروع کرنا چاہتی ہے۔ فرانس میں بورڈو کی مقامی حکومت نے بھی اس ریل راستے کو کھولنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

اس علاقے کے صدر الین روسیٹ نے بتایا کہ خوبصورت آپسے وادی سے گزرنے والے اس راستے کو ویسٹر ٹرانس پائیرینین لائن کا نام دیا جائے گا۔ انھوں نے اس کے لیے 20 کروڑ یورو کی امداد کا وعدہ کیا ہے اور برسلز بھی اتنے ہی فنڈ فراہم کرے گا۔
 

image

اگر سب منصوبے کے مطابق ہوا تو یہ پائرینیز کا ٹائٹینک پانچ سال میں پھر سے رواں دواں ہو جائے گا۔ فی الحال سٹیشن کے بڑے ٹکٹ گھر کو از سر نو بحال کر دیا گیا ہے۔

(بشکریہ : بی بی سی اردو)
YOU MAY ALSO LIKE:

It was once the second biggest train station in Europe. The opening was visited by royals and it was dubbed the "Titanic of the Mountains". But you won't find this extravagance in a major European city, or even in a small town - in fact Canfranc International Railway Station was built high in the Pyrenees mountains in a village of only 500.