کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی کی بے پناہ مقبولیت کے بعد اب متحدہ
عرب امارات میں ٹی ٹین لیگ بھی شروع ہونے والی ہے جس کا اہتمام ایمریٹس
کرکٹ بورڈ اور ٹین سپورٹس مینیجمنٹ نے کیا ہے۔
یہ ٹی ٹین لیگ اس سال 21 سے 24 دسمبر تک شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلی جائے
گی۔
|
|
اس ٹی ٹین لیگ میں چھ فرنچائز ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجابی لیجنڈز،
پختونز، مراٹھا عربیئنز، بنگلہ ٹائیگرز، کولمبو لائنز اور کیرالہ کنگز شامل
ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق اس لیگ کے برینڈ مینٹور ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انضمام الحق اپنے بھائی انتظار الحق کے ساتھ پنجابی
لیجنڈز فرنچائز کے مشترکہ مالک بھی ہیں۔
پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی، بھارت کے سابق اوپنر وریندر سہواگ
اور سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا اس ایونٹ کے برینڈ ایمبیسڈرز ہیں۔
|
|
پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق، بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن اور
انگلینڈ کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان اوئن مورگن اس ٹی ٹین لیگ کے آئیکون
کرکٹرز قرار پائے ہیں۔
شاہد آفریدی نے ٹی ٹین لیگ کی دبئی میں منعقدہ تقریب میں بی بی سی سے بات
ہوئے کہا کہ کرکٹ میں لمحہ بہ لمحہ تبدیلی آ رہی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ
تیز ہوتی جا رہی ہے۔ کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی آنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ بھی بدل گئی
ہے۔ ٹی ٹین ایک اچھا فارمیٹ ہے جس میں شائقین کی دلچسپی بہت زیادہ رہے گی۔
شاہد آفریدی کا اس لیگ میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ
دس اوورز کی کرکٹ ہوگی اور اسی کی مناسبت سے بوم بوم بھی ہوگا۔
مصباح الحق کا بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹین فارمیٹ سے
بہت خوش ہیں کیونکہ جتنے اوورز کم ہو رہے ہیں وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اس
طرح کی کرکٹ میں زیادہ عرصہ حصہ لے سکیں گے۔
|
|
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹی ٹین کا مقصد بھی یہی ہے کہ
کس طرح زیادہ سے زیادہ شائقین کو کرکٹ کی جانب لایا جائے۔ یہ ابھی ابتدا ہے
جس میں دیکھا جاتا ہے کہ لوگ اس میں کتنی دلچسپی لے رہے ہیں اگر اس ٹی ٹین
سے کرکٹ کو فروغ حاصل ہوا تو ایک دن آئے گا کہ آئی سی سی بھی اسے تسلیم کرے
گی۔
اس ٹی ٹین لیگ میں حصہ لینے والے کرکٹرز کا انتخاب دبئی میں 25 اکتوبر کو
ہونے والی ڈرافٹنگ کے ذریعے ہوگا۔ اس ڈرافٹنگ میں 120 کھلاڑی شامل کیے گئے
ہیں۔
اس لیگ کے منتظمین کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے تمام رکن ممالک
کو اپنے کھلاڑی اس ایونٹ میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔ |