’اگر انضمام کا بھتیجا ہوں تو میری کیا غلطی‘

نوجوان بیٹسمین امام الحق کو جب پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا تو اس سلیکشن کو چچا کی جانب سے بھتیجے کی سلیکشن کے طور پر دیکھا گیا تھا۔

حالانکہ اس وقت بھی انضمام الحق نے یہ واضح کر دیا تھا کہ اس سلیکشن کو رشتہ داری کی نظر سے نہیں بلکہ میرٹ کی نگاہ سے دیکھا جائے اور امام الحق نے اپنے اولین ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری بنا کر اپنے چچا کے موقف کو درست ثابت کر دکھایا ہے۔
 

image


امام الحق کے باصلاحیت ہونے کے بارے میں کبھی بھی دو رائے نہیں رہی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ تک آنے کا ہر زینہ اپنی کارکردگی سے طے کرتے آئے ہیں لیکن اسے محض اتفاق ہی کہا جا سکتا ہے کہ امام الحق کے پاکستانی ٹیم میں منتخب ہونے کا وقت آیا تو اس وقت چیف سلیکٹر ان کے چچا ہیں لیکن امام الحق کے نزدیک اس میں ان کا کیا قصور ہے؟

’اس میں میری کیا غلطی ہے کہ میں انضمام الحق کا بھتیجا ہوں۔ میں ہر کسی کو تو جواب دہ نہیں ہوں لیکن اس کا سب سے آسان جواب پرفارمنس ہے۔ میں ناکامی سے نہیں ڈرتا کیونکہ دنیا کے ہر کرکٹر کے کریئر میں ناکامیاں آتی ہیں۔ اچھا کرکٹر وہی ہے جو اس ناکامی سے خود کو نکالے اور پرفارمنس دے۔'

امام الحق سے سوال تھا کہ انضمام الحق پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ آپ کے سلیکشن کو میرٹ کی بنیاد پر دیکھا جائے۔ آپ خود ناقدین کے اس تاثر کو غلط ثابت کرنے کے لیے کتنے پر امید تھے؟

'مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ مجھے خود پر بہت زیادہ بھروسہ ہے۔ میں اس فیملی کا حصہ ہوں لہٰذا مجھ میں بہت پختگی ہے۔ جو لوگ باتیں کرتے ہیں میں ان کی بھی عزت کرتا ہوں لیکن میرے نزدیک اس کا بہتر جواب میدان میں دکھائی جانے والی کارکردگی ہے۔ اگر اگلے میچ میں پرفارمنس نہ ہوئی تو پھر تنقید ہو گی جس پر میں زیادہ غور نہیں کرتا۔'
 

image

امام الحق کے لیے وہ لمحہ خاصا پریشان کن تھا جب 89 کے سکور پر امپائر احسن رضا نے انہیں وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ دے دیا تھا لیکن ٹی وی ری پلے نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔

'ظاہر ہے کہ اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری کے قریب آ کر آؤٹ ہونے پر بہت برا محسوس کر رہا تھا لیکن کپتان نے ڈریسنگ روم سے مجھے اشارہ کر کے بتا دیا کہ گیند زمین سے لگ کر وکٹ کیپر کے پاس گئی تھی۔'

امام الحق اس بارے میں بھی لاعلم تھے کہ وہ سلیم الٰہی کے بعد اولین ون ڈے میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بنے ہیں۔

'میں اولین ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری کو بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں لیکن سچ یہ ہے کہ مجھے یہ نہیں پتہ تھا کہ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والا دوسرا پاکستانی ہوں۔ میں جب آؤٹ ہو کر آیا تو کپتان سرفراز نے مجھے اس بارے میں بتایا۔'

امام الحق اپنی اس سنچری کا کریڈٹ محمد حفیظ کو دیتے ہیں۔
 

image

'حفیظ بھائی نے میچ سے قبل مجھے گرین کیپ بھی دی،یہاں تک کہ ہماری فیلڈنگ کے دوران بھی انھوں نے یہ کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ تم ضرور سنچری بناؤ گے۔ جب بیٹنگ کے دوران مجھے کریمپ پڑ گئے تھے تو اس وقت بھی انھوں نے میری ہمت بڑھائی اور مذاقاً کہا کہ اگر تم غلط شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے تو تمہیں جوتے پڑیں گے۔'

امام الحق کا پسندیدہ کھلاڑی کوئی نہیں لیکن وہ یونس خان کی خوبیوں کے قائل ہیں۔

'یونس خان کا انہماک غیرمعمولی محنت، کھیل سے دیانت داری اور وقت کی اہمیت کو سمجھنا ہے۔ ان کی یہ باتیں مجھے پسند ہیں۔ موجودہ ٹیم میں شعیب ملک جس طرح ہر کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں وہ بہت اہم ہے۔'

امام الحق ان چند کرکٹرز میں سے ایک ہیں جو عینک لگا کر کھیلتے ہیں ان کی بائیں آنکھ کا نمبر ٹو پوائنٹ سیون فائیو ہے جبکہ دائیں آنکھ کا نمبر ون پوائنٹ سیون ہے۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Pakistan’s young batsman Imam-ul-Haq achieved a unique feat on his ODI debut on Wednesday with a splendid 100 against Sri Lanka in Abu Dhabi. The 21-year-old, who was included in squad as replacement of out-of-form Ahmad Shahzad, smashed two sixes and stroked four boundaries to score 100 off 125 deliveries to become only 2nd Pakistani to score a century on his debut ODI.