محمد سلمان: سعودی ولی عہد کا ترقی کا خواب اور کئی لڑائیاں

سنہ 2015 میں شاہ سلمان کے سعودی عرب کے بادشاہ بننے سے پہلے شاید کسی نے ہی ان کے بیٹے شہزادہ محمد سلمان کا نام سنا ہو۔ لیکن اس کے بعد 32 سالہ سعودی شہزادے تیل کی دولت سے مالا مال اس سلطنت کی سب سے اہم شخصیت شمار کیے جاتے ہیں۔
 

image


مبصرین کا خیال ہے کہ وہ دن دور نہیں جب انھیں سعودی عرب کا فرمانروا بنا دیا جائے گا۔ شاہ سلمان ضعیف ہیں اور بیمار بھی، یہ کبھی بھی ہو سکتا ہے کہ وہ تاج چھوڑ دیں اور شہزادہ محمد سلمان کو بادشاہ بنانے کا اعلان کر دیں۔ ویسے اگر دیکھا جائے تو شہزادہ محمد ہی اصل میں ملک کو چلا رہے ہیں۔

دنیا کے سب سے کم عمر وزیرِ دفاع
محمد بن سلمان 31 اگست 1985 کو پیدا ہوئے تھے اور وہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی تیسری اہلیہ فہدہ بن فلاح کے سب سے بڑے صاحبزادے ہیں۔

ریاض کی کنگ سعود یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد شہزادہ محمد نے کئی سرکاری اداروں میں کام کیا۔ اُن کی ایک ہی بیوی ہے جن سے ان کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔
 

image


شاہ سلمان نے 2015 میں اقتدار سنبھالتے ہی دو اہم تبدیلیاں کیں اور اپنے بیٹے کو تخت کے قریب کر دیا۔ شہزادہ محمد 29 برس کی عمر میں دنیا کے سب سے کم عمر وزیر دفاع بنے۔

یمن کے ساتھ جنگ
وزارتِ دفاع کا عہدہ سنبھالتے ہی پہلا کام جو نوجوان وزیرِ دفاع نے کیا وہ مارچ 2015 میں یمن کے ساتھ اعلان جنگ تھا۔ اس کا موقع انھیں اس وقت ملا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صناء سمیت یمن کے کئی علاقوں پر قبضہ کر کے یمن کے صدر عبدالرب منصور حادی کو ملک سے فرار ہونے پر مجبور کیا اور انھوں نے سعودی عرب میں پناہ لی۔ سعودی فوجی اتحاد حوثی باغیوں کو اس وقت سے نشانہ بنا رہا ہے۔

تاہم سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر الزام لگتا رہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور انھوں نے عرب دنیا کے سب سے غریب ملک میں ایک انسانی بحران کھڑا کر دیا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ ڈھائی سال بعد بھی جنگ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
 

image


کلسٹر بموں کا استعمال
شہزادہ سلمان کی بطور وزیرِ دفاع سربراہی میں ہی سعودی عرب نے یمن پر برطانوی ساخت کے کلسٹر بم گرائے۔ برطانیہ نے 1989 میں کلسٹر بم بنانے بند کر دیے تھے اور 2008 میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے کہ وہ انسانی وجوہات کی بنا پر انھیں کبھی استعمال نہیں کرے گا۔

دنیا کا سب سے بڑا اسلحے کا سودا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مئی میں سعودی عرب کے پہلے سرکاری دورے سے ایک ماہ پہلے شہزادہ محمد سلمان واشنگٹن گئے اور صدر ٹرمپ اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے تاریخی دورے کے دوران ایک اور تاریخی کام کیا اور وہ تھا دنیا کے سب سے بڑے اسلحے کے سودے کا معاہدہ۔ انھوں نے 110 ارب ڈالر کے ٹینک، آرٹلری، ریڈار سسٹم، بکتر بند گاڑیوں، بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز اور پیٹریاٹ میزائل کی فروخت کے معاہدے کا اعلان کیا۔
 

image


تیل سے ماورا معیشت
اپریل 2016 میں انتہائی بااثر شہزادہ محمد نے کونسل آف اکنامک اینڈ ڈیولیپمنٹ افیئر کے صدر کی حیثیت سے ملک میں بڑے پیمانے پر معاشی اور سماجی اصلاحات کے پروگرام شروع کیے جن کا مقصد سلطنت کے تیل پر انحصار کو ختم کرنا تھا۔

محمد بن سلمان نے وژن 2030 کے نام سے ملک میں ایک نیا منصوبہ متعارف کروایا ہے جس کے تحت 2020 تک سعودی عرب کا تیل پر انحصار ختم ہو جائے گا۔ یہ بات درست بھی ہے۔ کبھی تو تیل ختم ہونا ہے اور محمد سلمان اس دور کو دیکھ رہے ہیں۔

انھوں نے اس کے لیے صحرا میں آدھے ٹریلین ڈالر کے ایک وسیع شہر کا منصوبہ بنایا ہے جس میں روبوٹ، ڈرونز، ڈرائیوروں کے بغیر کاریں، سنیما اور ایسے ریزورٹ ہوں گے جن میں عورتیں اور مرد آپس میں مل سکیں گے۔

ایسی باتیں پہلے کبھی اس قدامت پسند معاشرے میں نہیں سنی گئی تھیں۔ تو ایسا صاف ظاہر ہے کہ ولی عہد محمد سلمان اپنی وژن کے متعلق بہت کلیئر ہیں اور جو کوئی بھی ان کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کرے گا وہ اسے ہٹا دیں گے۔

لمبے چاقوؤں کی رات
سنیچر چار اکتوبر کو سعودی عرب میں لمبے نوکیلے چاقوؤں کی رات کہا جاتا ہے۔ اس رات ولی عہد محمد سلمان کے حکم پر سعودی شہزادوں، وزیروں اور اہم شخصیات کی ایک بڑی تعداد کو حراست میں لے کر ایک بڑے ہوٹل میں بند کر دیا گیا۔
 

image


ایسا سعودی عرب کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ یہ سبھی بہت اثر و رسوخ والی اہم شخصیات تھیں۔ انھیں اس طرح کرپشن کے الزام میں پکڑنا ان کی بڑی تذلیل تھی۔ لیکن سعودی ولی عہد نے نہ صرف اس کا حکم جاری کیا بلکہ یہ بھی یقینی بنایا کہ ان کے حکم پر مکمل عمل ہو اور کوئی بھی ملک سے فرار نہ ہو سکے۔

واشنگٹن اور روس سے تعلقات
محمد سلمان کو ولی عہد بنائے جانے سے پہلے ان کے کزن محمد بن نائف ولی عہد تھے اور واشنگٹن خصوصاً سی آئی اے کے ساتھ تعلقات ان ہی کی ذمہ داری تھی۔ جب شاہ سلمان کے حکم پر محمد نائف کی جگہ محمد سلمان کو ولی عہد بنایا گیا تو واشنگٹن کو سمجھ آ گیا کہ ریاض میں طاقتور کون ہے۔ اس کے بعد واشنگٹن اور ریاض کے درمیان وہ مرکزی رابطہ رہے ہیں۔ لیکن واشنگٹن ہی نہیں ولی عہد محمد سلمان نے شام اور ایران کے مسئلے پر بھی روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے کئی ملاقاتیں کی ہیں۔
 

image

محمد سلمان اسرائیل کے لیے ایک 'اچھی خبر'
اسرائیلی اخبار ہیرٹز کے مطابق محمد بن سلمان اپنی ایران مخالف حکمت عملی کی وجہ سے اسرائیل اور امریکہ دونوں کے لیے ایک اچھی خبر ہیں۔

پچھلے ماہ شہزادہ محمد نے ایران کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کے امکان کو مسترد کر دیا تھا۔ دونوں ممالک شام اور یمن میں مخالف دھڑوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ ریاض اور تہران میں تعلقات اُس وقت مزید کشیدہ ہو گئے جب سعودی حکام نے معروف شیعہ عالم نمر النمر کی سزائے موت پر عمل کیا۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے محمد سلمان کی تیزی سے بڑھتے ہوئے اثر او رسوخ کو ایک 'سافٹ کُو' قرار دیا ہے۔
 

image

بیک وقت کئی لڑائیاں
سعودی ولی عہد ایک ہی وقت میں کئی لڑائیاں لڑ رہے ہیں۔ ڈھائی سال پہلے انھوں نے سعودی افواج کو یمن پر حملے کا حکم دیا تھا۔ یہ جنگ ابھی بھی جاری ہے اور اس میں لاکھوں ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔

وہ اپنے ہمسایہ ملک قطر کے بھی بائیکاٹ کی سربراہی کر رہے ہیں جس کا نقصان دونوں ممالک کو ہو رہا ہے۔ اس اقتصادی بائیکاٹ میں ان کا ساتھ مصر، اردن، یمن اور متحدہ عرب امارات بھی دے رہے ہیں۔

وہ ایران کے ساتھ الفاظ کی جنگ میں بھی پیش پیش ہیں اور ایران پر مشرقِ وسطیٰ میں جارحیت اور بدامنی پھیلانے کا الزام لگاتے ہیں۔ منگل کو بھی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر الزام لگایا تھا کہ وہ یمن میں باغیوں کو میزائل فراہم کر کے 'براہ راست جارحانہ فوجی کارروائی' میں ملوث ہونے کا مرتکب ہو رہا ہے۔

گذشتہ ہفتے لبنانی وزیرِ اعظم سعد حریری نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں استعفیٰ دیتے ہوئے حزب اللہ کے حمایتی ایران پر الزام لگایا تھا کہ وہ اس سارے فساد کی جڑ ہے۔ سعودی عرب پہلے ہی یہ کہتا رہا ہے اور ولی عہد سلمان ایران سے اپنی نفرت کو کبھی نہیں چھپاتے۔

سعودی عرب پہلے ہی شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا حامی ہے دوسری طرف اس کی دولتِ اسلامیہ سے بھی جنگ ہے۔

عورتوں کی ڈرائیونگ کے حامی
سعودی ولی عہد سلطنت میں بہت کم افراد میں سے ایک ہیں جو مذہبی علما سے ٹکر لے سکتے تھے اور ان سے کہہ سکتے تھے کہ بس اب بہت ہو گئی اب سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت مل جانی چاہیے۔
 

image

سعودی عرب دنیا میں آخری ملک تھا جہاں عورتوں کو ڈرائیونگ کی اجازت نہیں تھی۔ اب جون میں یہ پابندی بھی ختم ہو جائے گی اور سعودی عورتوں کا خواب پورا ہو جائے گا۔ ابھی تک تو مذہبی علما نے اس فیصلے کو مان لیا ہے دیکھیں جون میں کیا ہوتا ہے۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Traditional. Predictable. Risk-averse. These words defined Saudi Arabia and its elderly monarchs for decades. But the kingdom's brash crown prince, 32-year-old Mohammad bin Salman, is swiftly scrapping the old ways of doing business at home and abroad.