موٹاپے سے نجات کا بہترین علاج٬ حکیم رخِ نسرین آغا

موٹاپے کو بیماریوں کی ماں کہا جاتا ہے اور یہ انسانی جسم کی ایک ایسی طبی حالت ہے جس میں انسانی جسم پر چربی چڑھ جاتی ہے اور انسان کا وزن زیادہ ہو جاتا ہے اور توند نکل آتی ہے۔ موٹاپا آج ہماری دنیا کا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور اس مسئلے کا تعلق ہماری زندگی اور موت دونوں سے ہی ہے- ایک اندازے کے مطابق ہر سال کم سے کم 2.8 ملین افراد صرف موٹاپے کی وجہ سے موت کا شکار بن جاتے ہیں- موٹاپے کے شکار افراد اس مرض سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مختلف ٹوٹکے اور دوائیں استعمال کرتے ہیں جو بعض اوقات پریشانی کم کرنے کے بجائے اس میں مزید اضافہ کردیتی ہیں- موٹاپے سے نجات حاصل کرنے لیے انسان کو کونسا راستہ اختیار کرنا چاہیے؟ یہ جاننے کے لیے ہماری ویب کی ٹیم نے معروف حکیم رخِ نسرین آغا سے خصوصی ملاقات کی- اس نشست میں حاصل ہونے والی اہم معلومات یہاں ہماری ویب کے قارئین کی خدمت میں پیش کی جارہی ہیں-

حکیم رخِ نسرین کے مطابق “ موٹاپے کی شکایت اکثر افراد میں موجود ہے اور اس مرض کے شکار افراد اپنے آپ کو دبلا کرنے کے لیے پریشان ہیں“-
 

image

“سب سے پہلے تو جو شخص موٹا ہے وہ یہ سوچ لے کہ اگر وہ واقعی جینا چاہتا ہے٬ بہتر زندگی گزارنا چاہتا ہے تو اسے خود محنت کرنا ہوگی اور یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ موٹاپا برقرار رہنے سے اس کے لیے کتنے مسائل پیدا ہوتے ہیں٬ بچپن میں بھی٬ جوانی میں بھی اور بڑھاپے میں بھی“-

حکیم رخِ نسرین کہتی ہیں کہ “ موٹاپا آپ کے دل اور جوڑوں پر دباؤ بڑھاتا ہے- اضافی وزن والے افراد یہ بھی یاد رکھیں کہ اگر وہ کوئی چیز کھانا چھوڑیں گے تو وہ مزید پریشانی میں مبتلا ہوجائیں گے- وہ صرف وہی چیز کھانا چھوڑیں جس کی ان کے جسم کو ضرورت نہیں ہے“-

“ ممکن ہے اس میں وہ چیز بھی شامل ہو جو ان کی من پسند ہو لیکن جب انسان کسی چیز کا تہیہ کر لیتا ہے تو وہ ضرور کامیاب ہوتا ہے“-

“ 20 سال سے 25 سال کی عمر کی لڑکیوں کو ابھی سے وزن کم کرنا چاہیے کیونکہ وزن تو آپ کا 35 سال کی عمر میں بھی کم ہوجائے گا لیکن اس وقت تک کئی مسائل میں اضافہ ہوچکا ہوگا“-
 

image


حکیم رخِ نسرین کا کہنا تھا کہ “ وزن کم کرنے کے لیے بہت زیادہ محنت یا پھر ہر چیز چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہوتی٬ یہ سب عمر کے اعتبار سے ہوتا ہے“-

“ صبح جلدی بیدار ہوں اور کوشش کیجیے کہ صبح 9 بجے سے قبل ناشتہ کر کے فارغ ہوجائیں- صبح اٹھ کر جاگنگ کیجیے اور یہ جاگنگ آپ کسی بھی چھوٹی سی جگہ پر بھی کر سکتے ہیں- چاہے وہ کچن ہو یا پھر آپ کے گھر کا صحن- لیکن جاگنگ کے دوران بولنا اور پڑھنا نہیں ہے“-

“ جن افراد کا وزن 80 کلو گرام سے زائد ہے اور ان کا قد 5 فٹ 2 انچ یا 5 فٹ 3 انچ ہے تو وہ جاگنگ کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے ان کے جوڑ متاثر ہوسکتے ہیں- ایسے لوگ بیٹھ یا لیٹ کر ورزش کریں اور اس سلسلے میں وہ کسی ورزش کے ٹرینر سے مدد لے سکتے ہیں- جاگنگ چاہے 15 منٹ کی کریں یا 30 منٹ کی یہ آپ پر ہے٬ آپ کے پاس جتنا وقت ہے اتنی جاگنگ کرلیں“-

موٹاپے میں غذاؤں کے حوالے سے حکیم رخِ نسرین کہتی ہیں کہ “ بہترین اور معیاری غذائیں کھائیں اور انہیں تبدیل کر کے کھائیں٬ ایک جیسی چیزیں بار بار نہ کھائیں- کبھی دودھ پئیں٬ کبھی جو کا دلیہ کھائیں٬ کبھی انڈے کی سفیدی کا آملیٹ بنا کر کھائیں- اس آملیٹ میں پیاز٬ ٹماٹر٬ پھلیا٬ پالک٬ مشروم اور اگر کوئی دال ابلی ہوئی ہے تو وہ بھی ساتھ شامل کر کے کھائیں“-
 

image

“ میدے سے تیارہ کردہ اشیاﺀ سے پرہیز کیجیے اور اگر آپ کا وزن بہت زیادہ تو انہیں بالکل بھی نہ کھائیں کیونکہ میدے کی کوئی بھی چیز بغیر گھی یا کریم کے تیار نہیں ہوتی ہے“-

“ 10 یا 11 بجے کوئی پھل ضرور کھائیے- ہم عموماً ڈائٹنگ کے دوران سب کچھ چھوڑ دیتے ہیں لیکن یہ بھی صحیح نہیں ہے کیونکہ اس طرح ہمارے جسم کو جس چیز کی ضرورت ہوتی بھی ہے اس طرح وہ اس سے بھی محروم ہوجاتا ہے“-

“ دوپہر کا کھانا خوشنما اور بہترین ہونا چاہیے جیسے کہ چاروں دالیں اور جو کا دلیہ ملا حلیم بنا لیں یا کالے چنے کی چاٹ یا لوبیے کی چاٹ ہو اور اس کے ساتھ بہترین چٹنی اور تھوڑا بہت سلاد ہو٬ یہ سب پیالہ بھر کر خوشی سے کھائیے- آپ سبزی یا مچھلی کا ٹکڑا یا پھر چکن کا ٹکڑا بھی کھا سکتے ہیں“-

“ شام میں چائے سے قبل آدھا کپ دودھ پیجیے اور دن میں دو کپ دودھ ضرور پیجیے کیونکہ آپ کی ہڈیوں پر اضافی وزن ہے اور آپ کی ہڈیوں کو عام لوگوں کے مقابلے میں زیادہ مضبوطی کی ضرورت ہے- اسی طرح شامل میں چہل قدمی کیجیے لیکن خیال رہے کہ چہل قدمی صرف مغرب سے قبل تک کی جاسکتی ہے“-
 

image

“ رات کے کھانے میں جو مرضی سالن کھائیں لیکن روٹی کو چار حصوں میں تقسیم کرنا ہے- ایک حصہ بیسن کا آٹا٬ ایک حصہ باجرے کا٬ ایک حصہ جو کا اور ایک حصہ گیہو کا ملا کر روٹی کھائیے- اور یہ روٹی جس طرح کے سالن کے ساتھ چاہیں کھائیں“-

حکیم رخِ نسرین مزید احتیاطی تدابیر کے طور پر بتاتی ہیں کہ “ اگر آپ کا وزن زیادہ ہے تو چند چیزیں بالکل نہ کھائیں جن میں میدہ نہ کھائیں٬ انڈے کی زردی سال میں ایک مرتبہ بھی نہ کھائیں(سفید ضرور کھانی ہے)٬ حلوائی یا بیکری آئیٹم جن میں کریم شامل ہو وہ بھی نہ کھائیں اور ایسے مشروبات بھی استعمال نہ کریں جن میں چینی شامل ہو“-

“ اپنے آپ کو صحت مند بنانے کے لیے آپ کو خود کوشش کرنی ہوگی اور اس کے علاوہ گھر والوں یا رشتے داروں کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے افراد کی مدد کریں جو اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں“-

“ یاد رکھیں وزن میں کمی کے لیے کوئی دوا استعمال نہ کریں٬ یہ ظلم ہے کیونکہ دنیا میں کوئی بھی دوا ایسی موجود نہیں جو وزن کم کرنے کے حوالے سے معاون ثابت ہو بلکہ ان دواؤں کے انتہائی خطرناک اثرات مرتب ہوتے ہیں جو آپ کے گردوں یا جگر کو ناکارہ بنا دیتے ہیں“-

 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

Obesity around the world is a serious problem. It is estimated that at least 2.8 million adults die each year due to obesity. HamariWeb team visited Hakima Rukh Nasreen Agha to discuss about obesity and treatment Option. The information gathered in this meeting is presented here for the viewers.