سورہ بینہ اردو ترجمہ اور آڈیو Mp3 - یہ سورہ نمبر 98 ہے اور یہ 8 آیات پر مشتمل ہے- یہاں آن لائن سورہ بینہ اردو ترجمہ اور تعارف بھی موجود ہے- یہ مدنی سورہ ہے جو کہ پارہ نمبر 30 میں موجود ہے-
عربی عبدالرحمان السدیس اور سعود الشریم اور اردو ترجمہ فتح محمد جالندھری
شروع الله کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ِ
جو لوگ کافر ہیں (یعنی) اہل کتاب اور مشرک وہ (کفر سے) باز رہنے والے نہ تھے جب تک ان کے پاس کھلی دلیل (نہ) آتی ﴿۱﴾ (یعنی) خدا کے پیغمبر جو پاک اوراق پڑھتے ہیں ﴿۲﴾ جن میں( مستحکم) آیتیں لکھی ہوئی ہیں ﴿۳﴾ اور اہل کتاب جو متفرق (و مختلف) ہوئے ہیں تو دلیل واضح آنے کے بعد( ہوئے ہیں) ﴿۴﴾ اور ان کو حکم تو یہی ہوا تھا کہ اخلاص عمل کے ساتھ خدا کی عبادت کریں (اور) یکسو ہو کراورنماز پڑھیں اور زکوٰة دیں اور یہی سچا دین ہے ﴿۵﴾ جو لوگ کافر ہیں (یعنی) اہل کتاب اور مشرک وہ دوزخ کی آگ میں پڑیں گے (اور) ہمیشہ اس میں رہیں گے۔ یہ لوگ سب مخلوق سے بدتر ہیں ﴿۶﴾ (اور) جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے وہ تمام خلقت سے بہتر ہیں ﴿۷﴾ ان کا صلہ ان کے پروردگار کے ہاں ہمیشہ رہنے کے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں ابدالاباد ان میں رہیں گے۔ خدا ان سے خوش اور وہ اس سے خوش۔ یہ (صلہ) اس کے لیے ہے جو اپنے پروردگار سے ڈرتا رہا ﴿۸﴾