کورونا وائرس کے خطرے کے سبب شہر بھر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال برقرار ہے لیکن کچھ شہری جان بوجھ کر بلاضرورت سڑکوں پر نکلتے ہیں جس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے آغاز میں پولیس نے سخت کارروائی بھی کی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب بنا کسی ضرورت کے گھر سے باہر نکلنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ تجویز شہر کی پولیس کی جانب سے کی گئی ہے جبکہ سفارشات جلد سندھ حکومت کو بھجوانے کا امکان ہے۔
لاک ڈاؤن کے خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمے درج ہو چکے ہیں لیکن شہریوں پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ اسی سلسلے میں کراچی پولیس نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا سوچا ہے۔
پولیس افسران کے مطابق غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے والے افراد پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز مؤثر ثابت ہوسکتی ہے، اگر کوئی شہری دوسری بار غیر ضروری طور پر سڑک پر نظر آئے تو جرمانہ کیا جائے جبکہ تیسری بار نظر آنے پر اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔