پچاس سال قبل پکنک کے موقع پر بنائی جانے والی اس عام سی نظر آنے والی تصویر نے ایسے پراسرار معاملے کو جنم دیا، جو اب تک حل نہ ہوسکا۔ سن 1964 میں ایک تصویر جم ٹیمپلیٹن نے مغربی برطانیہ کے خوبصورت علاقے کامبریا کی ایک پہاڑی پر بنائی۔ اس روز جم نے اپنی بیٹی کی چند تصاویر بنائیں۔ اس وقت تو کوئی عجیب واقعہ رونما نہیں ہوا، مگر جب ان تصاویر کو دھلوایا گیا، تو جم کے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔
اس تصویر میں ان کی بیٹی کے عقب میں ایک پراسرار ہیولا دکھائی دے رہا تھا، جو کسی بھوت کے مانند نظر آتا تھا۔
یہ تصویر دیکھ کر جم ٹیمپلیٹن کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، وہ فوراً پولیس اسٹیشن گیا، مگر پولیس کے پاس بات کا کوئی جواب موجود نہیں تھا۔ جم نے بعد میں کوڈک کمپنی سے رابطہ کیا، جنھوں نے فارنسک ٹیسٹ کے بعد اعلان کر دیا کہ تصویر میں کوئی خرابی نہیں، اگر واقعی کوئی شے دکھائی دے رہی ہے، تو ضرور وہاں کوئی اور بھی موجود تھا۔
بعد میں یہ خوفزدہ کر دینے والی تصویر اخبارات کی زینت بن گئی۔ یہ پراسرار تصویر سامنے آنے کے بعد ایک عرصے تک جم ٹیمپلیٹن کا خاندان خوف کا شکار رہا اور دوبارہ اس پہاڑی علاقے پر کبھی نہیں گیا۔ پچاس سال بعد بھی یہ راز حل نہ ہوسکا اور آج بھی اس تصاویر کا شمار دنیا کی پراسرار تصاویر میں ہوتا ہے، جسے Solway Firth Spaceman کے نام سے جانا جاتا ہے۔