نادرا قوانین یتیم طالبہ کی تعلیمی راہ میں رکاوٹ بن گئے، یتیم طالبہ کو سندھ ہائی کورٹ جانے پر مجبور کر دیا

image

تعلیم جاری رکھنی ہے تو نادرا کے قوانین پر مکمل اُترنا ہوگا، نادرا کے قوانین یتیم بچی کے لئے بھی نرم نہیں، طالبہ نے انصاف کے لئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی طالبہ ماہم رحمان ب فارم کے لئے نادرا کے متعدد چکر لگانے کے بعد سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئیں، ماہم نے انصاف حاصل کرنے کے لئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اُنکے والدین دنیا میں نہیں ہیں، وہ اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتی ہیں مگر نادرا نے انہیں والدین کے نہ ہونے کی وجہ سے ب فارم جاری نہیں کیا اور ساتھ ہی میٹرک بورڈ نے بھی ان کا ایڈمٹ کارڈ روک لیا۔

ماہم کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس بچی کا کوئی وارث نہیں ہے، یہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ رہتی ہیں، جب ماہم 3 ماہ کی تھیں تو ان کے والد کا انتقال ہوا اور جب تین برس کی ہوئیں تو والدہ بھی دنیا سے رخصت ہوگئیں تھیں، نادرا نے والدین کے بغیر ب فارم جاری کرنے سے انکار کردیا ہے تاہم درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے اپیل کی کہ ماہم رحمان کا ایڈمٹ کارڈ اور ب فارم جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ درخواست کے حوالے سے فیصلہ عدالت اگلی تاریخ میں سُنائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US