کورونا کی دوسری لہر، کراچی میں خطرے کی گھنٹیاں بج گئیں

image

شہرِقائد میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کر گئی، مثبت کورونا کیسز کی شرح سب سے زیادہ۔

پاکستان بھر میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.71 فیصد کی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح کا تناسب سب سے زیادہ 21.31 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جہاں چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، اجلاس میں کورونا کیسز کی مثبت شرح اور وفاق کی جانب سے دی گئی ایس او پیز کے لئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی نے اجلاس میں بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران روزانہ کی بنیاد پر 40 ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے گئے جن میں 81 فیصد مثبت کیسز بڑے شہری مراکز سے رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ ایند آپریشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ مثبت کیسز کی شرح شہرِ قائد میں 21.31 فیصد ریکارڈ ہوئی، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں عالمی وبا سے 37 اموات ہوئی ہیں، تاہم اموات میں حالیہ اضافے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار 398 تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کے مطابق صوبہ سندھ میں اس وقت 20 ہزار 895، پنجاب 20 ہزار 483، خیبر پختونخوا 3 ہزار 549، اسلام آباد میں 5 ہزار 5866، گلگت بلتستان میں 166، بلوچستان میں 535 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 477 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں عالمی وبا پنجے گاڑھ چکی ہے، تاہم عوام کی جانب سے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا جا رہا جس سے یہ مرض مزید بڑھنے کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US