دنیا بھر میں ایک بار پھر تشویش کی لہر دوڑ گئی، برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہونے کے بعد خطرناک انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہونے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ وباء کی یہ نئی قسم 70 فیصد زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے، اور وائرس کی اس نئی قسم میں مختلف 23 جینیائی تبدیلیاں ہوئیں ہیں تاہم ان میں سے زیادہ تبدیلیاں وائرس کے ان حصوں میں ہوئی ہیں جو وائرس کو انسانی خلیات میں گھُسنے یا جکڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
وائرس سے متعلق یہ انکشاف ہوتے ہی دنیا بھر میں ایک تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، ابھی کورونا وائرس مکمل قابو میں بھی نہ آ سکا تھا کہ اس وائرس کی نئی قسم نے پنجے گاڑنا شروع کر دیئے، بین الااقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 دسمبر کو برطانیہ نے عالمی ادارہِ صحت کو کورونا سے متعلق یہ دریافت پیش کی کہ یہ 70 فیصد زیادہ تیزی سے پھیلنے والی کورونا کی مزید طاقتور قسم ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ نئی قسم برطانیہ، نیدرلینڈ، آسٹریلیا اور ڈنمارک میں پھیلنا شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ایک کے بعد ایک دنیا کے بیشتر ممالک ان تینوں ملکوں سے بری، بحری اور فضائی راستے بند کر کے آمدورفت پر پابندی لگا رہے ہیں۔
کیا یہ وائرس دماغ کے اندر بھی گُھس سکتا ہے؟
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس میں انسانی دماغ میں گھسنے کی صلاحیت موجود ہے جس کے باعث کورونا وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں میں ذہنی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یونیورسٹی آف واشنگٹن، اسکول آف میڈیسین اور پیوگیٹ ساؤنڈ ویٹرنز افیئرز ہیلتھ کیئر سسٹم کے محققین نے مشترکہ طور پر یہ تحقیق کی ہے کہ 'اسپائیک پروٹین، میں خون اور دماغ کے درمیان رکاوٹ کو عبور کرنے کی صلاحیت موجود ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کورونا وائرس انسانی دماغ میں بھی داخل ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق کورونا وائرس اسپائیک پروٹین یعنی ایس 1 پروٹین کو خلیات میں داخل ہونے کے لیے استعمال کرتا ہے، 1 پروٹین ریسیپٹر کو جکڑ لیتے ہیں اور اپنے وائرس کو پھیلنے کا موقع فراہم کرتے ہیں جو خون کے زریعے دماغ میں داخل ہو جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کی صورتحال تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے، صرف ایک دن میں 82 افراد اس مرض میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔
این سی او سی کی جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں کل وبا کے 34 ہزار 594 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 704 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ملک میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 9 ہزار 392 تک پہنچ چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 60 ہزار 672 ہو گئی ہے۔