پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر ملک عزیز احمد اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو دس، دس سال قید کی سزا سنائے جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نے خود احتسابی کا عمل اپنے ادارے سے شروع کیا اور جنرل فیض حمید کو 14 سال قید کی سزا ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ احتساب بلا تفریق جاری ہے، جس پر پورے ملک میں یکسوئی پائی جاتی ہے۔
ملک عزیز احمد اعوان نے مزید کہا کہ عظمیٰ بخاری کے خلاف جعلی ویڈیو بنانے اور کردار کشی کے معاملے میں فلک جاوید پر فردِ جرم عائد ہونا بھی ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ قانون حرکت میں ہے۔
انہوں نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی مبینہ جعلی ڈگری کے معاملے پر فیصلے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ عہدے سے ہٹانے کے بعد اب ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور پاکستان پینل کوڈ کے تحت سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔
آخر میں ملک عزیز احمد اعوان نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان کا پانی روکا گیا تو جنگ ہوگی، اس پر کوئی دو رائے نہیں۔