بھارت: تین ماہ کے بچے کا خون بلکل سفید، ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں نمونا کی شکایت پر ایک تین ماہ کے بچے کو اسپتال لایا گیا، ڈاکٹر نے خون ٹیسٹ تجویز کیا تاہم ٹیسٹ کروانے کے لئے جب سرنج میں بچے کا خون نکالا گیا تو معلوم ہوا کہ اس بچے کا خون ایک دم سفید ہے یہ واقعہ اس قدر عجیب تھا کہ بچے کہ والدین اور ڈاکٹرز بھی بچے کا سفید خون دیکھ کر دنگ رہ گئے۔
تاہم اسپتال میں علاج کے لیے آنے والا بچہ ڈاکٹروں کے درمیان موضوع بحث بن گیا ہے کیونکہ مذکورہ بچے کا خون لال کے بجائے سفید رنگ کا ہے اور ایسا کوئی واقعہ پہلے کبھی سامنے نہیں آیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق اس بچے کو خون کی کمی ہو سکتی ہے تاہم سفید خون نکلنا ایک انوکھا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ صحت مند انسانی جسم میں آر بی سی اور ڈبلیو بی سی دونوں پائے جاتے ہیں لیکن بچے کی اس بیماری کے بعد یہ تحقیقی مسئلہ بھی بن گیا ہے اور اس پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں کہ آخر انسانی خون کا رنگ سفید کیسے ہوسکتا ہے اور یہ بچہ اب تک زندہ کیسے ہے؟
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس بچے میں لپڈ اور کولیسٹرول کی مقدار زیادہ دیکھنے کو ملی ہے جبکہ عام طور پر اس عمر کے بچوں میں کولیسٹرول کافی کم ہوتا ہے اور ابتدائی طور پر ڈسلائیپیڈیا کی علامت ظاہر ہوتی ہے جو کافی نایاب ہے۔
خیال رہے کہ اس بچے کے خون کے مزید سیمپلز لے لیے گئے ہیں جس پر تحقیق کی جا رہی ہے تاہم اب تک اس بیماری کی کوئی وجہ یا علاج بتانا ڈاکٹرز کے لئے ایک چیلنج ہے۔