کہتے ہیں ایک انسان کی سب سے بہترین ساتھی اور دوست کتابیں ہوتی ہیں۔ زمانہ طالب علمی سے لے کر آخری سانس تک ، کتابیں ہی تو ہماری رہنمائی کرتی ہیں اور واقعی ایک ایسا دوست ہونے کا فرض نبھاتی ہیں جو نہ صرف انسان کی تنہائی بانٹتا ہے بلکہ برائیوں سے بچا کر رکھنے کے علاوہ ہر وقت ہماری قابلیت میں اضافہ ہی کرتا ہے۔ نیچے ہم اسی پیارے دوست کی حفاظت کے کچھ طریقے بتا رہے ہیں جن کے زریعے آپ اپنی کتابوں کو ہمیشہ کے لئے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
١ : شیلف کا استعمال:
کتابوں کو ہمیشہ ان کے صحیح مقام یعنی شیلف میں ترتیب سے رکھیں۔ بڑی اور ضخیم کتابیں پیچھے کی جانب جبکہ کم وزن اور چھوٹے سائز کی کتابیں بالترتیب آگے کی جانب رکھیں۔
٢ : نمی سے بچائیں :
کتابوں کو نمی سے بچا کر رکیں ۔ اگر کبھی کوئی صفحہ یا جلد گیلی ہوجائے تو بند کر کے رکھنے کے بجائے پہلے ان کو سکھا لیں ورنہ باقی کے صفحات خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
٣ : دھوپ میں نہ رکھیں :
نمی کی طرح دھوپ بھی کتابوں کے لئے خطرناک ہوتی ہے۔ اکثر آپ نے دیکھا ہوگا اخبار کے صفحات باہر رکھے رکھے پیلا پن اختیار کرلیتے ہیں یا پھر خستہ حالی کا شکار ہوجاتے ہیں اس لئے کتابوں کو دھوپ سے بچانا بھی بہت ضروری ہے اس کے علاوہ کوشش کریں کہ شیلف بھی اسی جگہ بنوایا جائے جہاں دھوپ نہ آتی ہو۔
٤ : گرد و غبار :
کتابوں کی جلد کو اکثر کپڑے کی مدد سے صاف کرلیا کریں تکہ بیٹھی ہوئی گرد ان پر جم نہ جائے۔
٥ : بہت زیادہ نہ کھولیں :
یہ نکتہ خاص طور پر بچوں کو سمجھانا ضروری ہے کہ کتابوں کو ایک ممکنہ حد تک کھولیں جہاں تک ان کی جلد اجازت دے ورنہ جلد کمزور ہونے کے سبب صفحات نکل جائیں گے۔
٦ : گندے ہاتھوں سے دور رکھیں :
کھانے پینے کے دوران کتابیں پکڑنے سے اجتناب کریں ورنہ صفحات پر کبھی نہ ختم ہونے والا داغ رہ جائے گا۔
٧ : بک مارک :
بطورِ نشانی کتابوں کے صفحات کے کنارے موڑنے کے بجائے بک مارک استعمال کرنے کی عادت ڈالیں۔
٨ : پلاسٹک شیٹ :
اگر کتابوں کو لمبے عرصے تک استعمال نہ کرنا ہو تو ان کی جلد کے اطراف پلاسٹک شیٹ لگا کر رکھیں ۔