سندھ بھر کے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کی حاضری کی دہری تصدیق اب واٹس ایپ پر ہو گی، مراسلہ جاری
تفصیلات کے مطابق سندھ بھر کے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کی حاضری کی دہری تصدیق کے سلسلے میں ’’واٹس ایپ ‘‘ پر ویڈیو کالنگ کا سلسلہ شروع کرنے کا مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ کالج ایجوکیشن نے سرکاری کالجز میں پرنسپلز اور اساتذہ کی غیر حاضری پر دوہری تصدیق کا فیصلہ کر لیا اس سلسلے میں محکمہ کالج ایجوکیشن نے کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری کالجوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کی حاضری کی دہری تصدیق (کاؤنٹر چیک) کرنے کے لئے ’’واٹس ایپ ‘‘ پر ویڈیو کالنگ کا سلسلہ شروع کرنے کا اقدام کیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں سندھ کے تمام ریجنز کے ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپلز کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ "کالج پرنسپلز کی حاضری کے سلسلے میں بھجوائی گئی معلومات کو چیک کرنے کے لیے انھیں واٹس ایپ پر ویڈیو کال کی جائے گی تاکہ پرنسپل کی کالج میں موجودگی کی تصدیق ہوسکے"۔
ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن ضمیر احمد کھوسو کی جانب جاری اس مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ "اس ویڈیو کال کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن آفیسرکالج کی کلاس روم سرگرمی ، لائبریری، تجربہ گاہوں اور کالج کے انفرااسٹریکچر کی صورتحال کا بھی جائزہ لے گا"۔
واضح رہے کہ یہ اقدام پرنسپلز کی حاضری کے سلسلے میں بھجوائے جانے والے بعض ڈیٹا کے غلط ثابت ہونے اور ان کی تصدیق نہ ہونے پر کیا گیا۔