پیسوں کا ڈھیر لگا دیا۔۔۔ رشوت دینے والا یہ شخص کون ہے؟ ارکانِ اسمبلی کو رشوت دینے کی ویڈیو وائرل

image

2018کے سینٹ انتخابات میں مبینہ طور پر ووٹ فروخت کرنے والے خیبر پختون خواہ اسمبلی کے اراکین کی ویڈیو منظر عام آگئی، کابینہ کے وزیرِ قانون بھی ملوث۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خواہ کابینہ کے موجودہ وزیرِ قانون سلطان محمد بھی 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ میں ملوث نکلے ہیں، منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیرِ قانون سلطان محمد بھی ویڈیو میں رقم لے رہے ہیں۔

ویڈیو آگ کی طرح ایسی پھیلی کہ وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ کو فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے وزیر قانون کو عہدے سے دستبردار کر دیا۔

وزیرِاعظم کے حکم پر وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان نے وزیرِ قانون سلطان محمد سے فوری طور پر استعفیٰ طلب کرتے ہوئے معاملے کی شفاف انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔

تاہم وائرل ہونے والی ویڈیو میں رقم لیتے دِکھائی دینے والے سلطان محمد خان نے اپنا تحریری استعفیٰ وزیرِ اعلیٰ کے پی کے کو ارسال کر دیا، ارسال کردہ استعفے میں سلطان محمد نے کہا ہے کہ ''ایک ویڈیو منظرِعام پر آئی ہے جس میں میرا بھی ذکر کیا گیا لہٰذا یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں کابینہ سے الگ ہو کر استعفیٰ دیدوں، میرے لئے یہ بات باعث عزت ہے کہ میں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی سربراہی میں کام کیا، میں ہر قسم کی انکوائری کیلئے تیار ہوں اور مجھے اللہ سے امید ہے کہ انصاف ہوگا اور میں خود کو بے گناہ ثابت کرسکوں گا''۔

یہی نہیں بلکہ سابق ایم پی اے عبید اللہ مایار نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے خود ہمیں آئندہ الیکشن کیلئے رقم دی تھی انہوں نے کہا کہ ''وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کئی مرتبہ فون کرکے بلوایا اور کہا کہ حکومت کے سینیٹرز کو کامیاب بنائیں ہم آپ کو الیکشن کیلئے فنڈز دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ پرویز خٹک کے کہنے پر ہم نے الیکشن کیلئے فنڈز لئے جن کا میں نے 2018 میں بھی اعلان کیا تھا''۔

واضح رہے کہ سابق ایم پی اے عبید اللہ مایار نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ہر ایم پی اے کو اسپیکر ہاؤس بلوایا گیا اور ایک ایک کروڑ روپے کی رقم دی گئی، تاہم وائرل ویڈیو میں دو خواتین سمیت پانچ ایم پی ایز کو رقم وصول کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈر محمد علی شاہ باچا سمیت ویڈیو میں سلطان محمد، سردار ادریس، عبید اللہ مایار، دینا ناز اور معراج ہمایوں شامل ہیں۔

ویڈیو میں نوٹوں کی گڈیاں بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں کڑک نوٹوں کو مختلف اراکین گِنتے ہوئے بھی دِکھائی دے رہے ہیں تاہم بعض اراکین نے کچھ رقم جیب میں ڈالی تو کسی نے نوٹوں کی گڈیاں گِن کر بیگ میں بھر لیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما محمد علی شاہ باچا نے ویڈیو کومسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ویڈیو ایڈیٹ کی گئی ہے معاملے کی تحقیقات کروائی جائے۔

یاد رہے کہ وزیرِاعظم عمران خان نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ 'یہ سیاسی اشرافیہ کی ایک گھناؤنی داستان ہے'۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US