اسلام آباد پولیس کا مطالبات کے لیے احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر دھاوا، شاہراہِ دستور میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کرنے والے سرکاری ملازمین اور وفاقی وزرا کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد آج احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے ملازمین پر دھاوا بول دیا۔
پولیس کی جانب سے احتجاجی مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا گیا جس پر مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد سرکاری ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
شاہراہ دستور پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ سکیورٹی حکام نے فوری طور پر اسلام آباد سیکرٹریٹ اور وزیراعظم ہاؤس جانے والے راستوں کو مکمل بند کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس کی مزاحمت کے باوجود سرکاری ملازمین سیکرٹریٹ کے دوازے کھول کر اندر گھس گئے جس کے بعد پولیس اب تک درجنوں سرکاری ملازمین کو حراست میں لے چکی ہے۔