کینیڈین فلم میکر نے علی سدپارہ کی آخری تصویر جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈین فلم میکر اور فوٹوگرافر ایلیا سیکلے نے علی سدپارہ کی کے ٹو سر کرنے کے لیے جانے سے قبل لی آخری تصویر جاری کر دی۔
انہوں نے ٹوئٹر پر علی سدپارہ کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ''یہ علی سدپارہ کی کے ٹو سر کرنے کے لیے روانہ ہونے سے قبل میرے ٹینٹ میں لی گئی آخری تصویر ہے''۔
ایلیا سیکلے نے اپنے ٹوئٹ میں مزید یہ بھی لکھا کہ ''جیسا کہ ان کے بیٹے ساجد کا کہنا ہے کہ میرے والد برفانی چیتے کی طرح ہیں، وہ پہاڑوں میں ناقابل یقین حد تک تیز رفتاری سے چڑھتے ہیں''۔
یاد رہے کہ کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران پاکستان کے جانباز کوہ پیما علی سد پارہ اور دو غیر ملکی 5 فروری سے لاپتہ ہیں جنہیں لاپتہ ہوئے آج 7 روز گزر چکے ہیں تاہم تاحال انکی کوئی خبر نہیں مل سکی۔
واضح رہے کہ کوہ پیماؤں کا آخری مرتبہ رابطہ 8200 میٹر بلندی پر بوٹل نک سے ہوا تھا۔