2019 میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی یاسر حسین کی اہلیہ اقراء عزیز کے مداح اور ان کی جانب سے خوشخبری سننے کے منتظر ہیں۔
اور اسی حوالے سے اقراء عزیز اور یاسر حسین نے احسن خان کے شو میں کھل کر بات بھی کی اور مداحوں کو پیغام بھی دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقراء اور یاسر حسین گزشتہ ہفتے ایکسپریس ٹی وی پر نشر ہونے والے احسن خان کے شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کھل کر ذاتی زندگی سمیت پیشہ ورانہ زندگی پر بات کی۔
جوڑے کے ہاں ننھے مہمان کی آمد سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اقرا عزیز نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’اس خوشخبری کا علم صرف خدا کو ہے کہ وہ کب ہمیں اس لائق بناتے ہیں‘۔
اسی سوال پر یاسر حسین نے بھی کہا کہ 'جب خدا چاہیں گے تو وہ مداحوں کو بھی خوشخبری سنائیں گے'۔
احسن خان نے یاسر حسین کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اہلیہ کو درست جواب دینے سے روکا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ان کے خیال میں شاید اقرا عزیز یہ جواب دینے والی تھیں کہ وہ جلد مداحوں کو خوشخبری سنائیں گی، جس پر دونوں اداکاروں نے نفی میں جواب دیا۔
احسن خان نے کہا کہ وہ 8 یا 9 ماہ بعد پروگرام کا یہ والا کلپ نکال کر لوگوں کو دکھائیں گے کہ انہوں نے ان کے شو میں انکار کیا تھا اور اب یہ بات ہوگئی، جس پر دونوں اداکار ہنس پڑے۔
پروگرام میں اقراء نے خود سے گیارہ سال بڑے شخص سے شادی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ یاسر ان سے بڑے ہیں اور انہیں ہر چیز کا ان سے زیادہ تجربہ اور سمجھ ہے اور وہ زندگی کے ہر موڑ پر ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔