افسران و ملازمین کی نا اہلی، محکمہ بلدیات سندھ نے ایکشن لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ نے 62 افسران و ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا ہے جن میں گریڈ ایک سے 18 تک کے افسران و ملازمین شامل ہیں۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے ان ملازمین کو برطرف کرنے کے لئے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افسران و ملازمین محکمہ بلدیات کی جانچ پڑتال کے لیے بلانے پر حاضر نہیں ہوئے، جب تک ان افسران و ملازمین کی اہلیت ثابت نہیں ہوتی، یہ ملازمت سے فارغ رہیں گے۔
لوکل گورنمنٹ کے ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات کے افسران و ملازمین کی اسکروٹنی میں جعلی افسران سامنے آئے تھے، جو اسکروٹنی ٹیم کو دستاویزات فراہم نہ کر سکے تھے جس کی بنیاد پر ان کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
نا اہل افسران و ملازمین پر آؤٹ آف ٹرن پروموشن، جعلی بھرتی، ریکارڈ کی عدم فراہمی اور جعلی سروس بک رکھنے کا الزام ہے۔
عہدوں سے ہٹائے گئے افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر، چیف آفیسر، ٹاؤن افسران، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر اور سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں جو کہ مختلف اضلاع کی یوسیز میں تعینات تھے۔