بھارتی پرواز انڈیگو کی کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر لینڈنگ، جہاز میں مسافر کی طبیعت اچانک خراب۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ سے بھارتی شہر لکھنؤ جانے والے انڈین ایئر لائن انڈیگو کی پرواز 6 ای 1412 میں مسافر کی طبیعت خراب ہونے کے باعث جہاز کو ہنگامی طور پر صبح 4 بجے کراچی اُتار لیا گیا۔
جونہی ایران کے راستے سے پرواز پاکستانی حدود میں داخل ہوئی تو جہاز میں سوار مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی تھی تاہم 60 سالہ مسافر جہاز میں ہی انتقال کر چکے تھے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کپتان کی جانب سے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا گیا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جہاز کو کراچی ایئر پورٹ اتارنے کی اجازت مانگی گئی۔
اتھارٹیز کی جانب سے اجازت ملنے پر طیارے نے صبح 5 بجے ہنگامی طور پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ فوری طبی امداد دیئے جانے تک 60 سالہ مسافر حبیب الرحمٰن جہاز میں ہی انتقال کر چکے تھے، تاہم ڈاکٹر کی جانب سے موت کی تصدیق، دستاویزی کارروائی اور ضروری اقدامات کے بعد فلائٹ 6 ای 1412 صبح 8 بج کر 36 منٹ پر کراچی سے احمد آباد کے لیے واپس روانہ ہو گئی۔