کراچی پولیس کی’پاوری کرنے والی‘ خواتین اہلکار معطل، ٹک ٹاک ویڈیو وائرل۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی 3 خواتین اہلکاروں کو ٹک ٹاک پر ''پاووری'' ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کردیا گیا ہے، خواتین اہلکاروں نے پاوری گرل دنانیر کی حال ہی میں وائرل ہونے والی سے متاثر ہو کر دو ویڈیوز بنائی تھیں۔
خواتین اہلکاروں نے سندھ پولیس کی وردی میں ویڈیو بنائی اور بیک گراؤنڈ میں دنانیر کی آواز کا ہی استعمال کیا جبکہ دوسری ویڈیو میں خواتین اہلکاروں کی آواز کو سنا جا سکتا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ‘یہ ہم ہیں اور یہ ہماری کار ہے اور یہاں خواری ہو رہی ہے’۔
خواتین پولیس اہلکاروں نے یہ ویڈیوز ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیں، ویڈیو وائرل ہونے پر سندھ پولیس نے فوری محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے تینوں خواتین کانسٹیبل کو معطل کر دیا۔
طوبیٰ علی، زارا مظہر اور تابندہ حفیظ کیخلاف انکوائری جاری ہے، ساتھ ہی یہ حکم بھی جاری کیا گیا کہ ان کی تنخواہ اور تمام الاؤنسز بھی روک دیئے جائیں۔
یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے باعث کسی پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ایسے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔