سینیٹ انتخابات کا میدان سج گیا، انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل شروع۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح 9 بجے سے سینیت انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے جو کہ بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا، سینیٹ انتخابات میں سب سے اہم اور کانٹے دار مقابلہ حکومتی امیدوار وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان ہے۔
ایوان بالا کی نشستوں کے لیے سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے مجموعی طور پر 78 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ پنجاب سے تمام 11 امیدوار مدِ مقابل اُمیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے یا نااہل ہونے کے باعث بلامقابلہ منتخب ہو گئے تھے۔
سینیٹ انتخابات میں پہلا ووٹ تحریک انصاف کے رکن شفیق ارائیں نے کاسٹ کیا جس کے بعد ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
ملک کے سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں جیت کس کے نام ہو گی یہ کہنا بہت مشکل ہے کیونکہ حکومتی اُمیدوار عبدالحفیظ شیخ کو حکومت اور اتحادیوں کی مکمل سپورٹ حاصل ہے جبکہ یوسف رضا گیلانی کی سیاسی ساکھ بھی بہت مضبوط ہے تاہم دونوں شخصیات کے درمیان یہ مقابلہ اسلام آباد کی جنرل نشست پر ہے۔
یاد رہے کہ ایوان بالا کے 100 میں سے 52 سینیٹرز کی مدت مکمل ہونے والی ہے، یہ اراکین 11 مارچ کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ االیکشن کو شفاف، منصفانہ اور آزادانہ بنانے کا اعادہ کیا ہے اور تمام انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو انتخابی عمل کی نگرانی بھی کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا ایوان بالا حال ہی تک 104 قانون سازوں کا ایوان تھا اور ہر رکن استعفیٰ، نااہلی یا انتہائی غیرمعمولی حالات کو چھوڑ کر 6 سال کی مدت پوری کرتا ہے، یہ تمام اراکین ایک ہی وقت میں منتخب نہیں ہوتے بلکہ ان میں سے نصف ایک مرتبہ جبکہ باقی کے نصف 3 سال بعد ہوتے ہیں۔