پاکستان کے کئی شہروں میں عالمی وبا کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شادی ہالز اور دیگر پبلک مقامات بند کرنے کے حوالے سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافے کے پیش نظر شادی ہالز بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ پیر سے میلے کے کھیل ہر بھی پابندی عائد کرنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز اور حفاظتی اقدامات پر نظر ثانی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے آج کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس طلب کیا ہے۔
صوبے بھر میں کورونا کے باعث شادی ہال بند کرنے پرغور کیا جا رہا ہے جبکہ پبلک پارکس میں لگے میلے اور ٹھیلے بھی پیر سے ختم کرنے سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس میں وزیر صحت یاسمین راشد سمیت دیگر صوبائی وزراء اور اعلیٰ افسر شرکت کریں گے جبکہ اعلیٰ عسکری حکام اور ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں اب تک 5،697 کورونا کے مریض انتقال کر چکے ہیں۔