پشاور کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن نافذ۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر پشاور کے مزید 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا اطلاق آج شام سے ہوگا۔
برطانوی وائرس کے تیزی سے بڑھتے وار نے ملک میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کی صورتحال پیدا کر دی یے، اس سے قبل لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 1، پولیس چوکی، پشاور کینٹ میں اسٹریٹ نمبر 11 ڈیفنس کالونی اور حیات آباد فیز 4 میں اسٹریٹ نمبر 5 سیکٹر ایف 5 میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔
تاہم اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق آج کی شام 6 بجے سے ہوگا جبکہ متاثرہ علاقوں کی مساجد میں صرف 5 افراد باجماعت نماز ادا کر سکیں گے۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دی جائے گی، متعلقہ علاقوں میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جانے یا آنے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم
ماسک پہن کر صرف رہائشیوں کو ان علاقوں میں آنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بتائے گئے اوقات پر ان علاقوں میں صرف اشیائے ضروریات کی دکانیں یا ادویات کی دکانیں کھلی رہ سکتی ہیں جبکہ دیگر تمام کاروباری سرگرمیاں سختی سے بند رہیں گی۔