کورونا کم نہ ہوا تو اسکول بند ہی رہیں گے، وفاقی وزیر تعلیم کا بیان۔
پاکستان میں برطانوی وائرس نے شدت اختیار کر لی ایک بار پھر ملک میں لاک ڈاؤن کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، تعلیمی اداروں کے حوالے سے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اگر کورونا کم نہ ہوا تو اسکول بند ہی رہیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو اسکول دوبارہ بند کئے جا سکتے ہیں جبکہ طلبہ کو بغیر امتحانات پروموٹ کرنے کا بھی آپشن موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں امتحانات کی وجہ سے کورونا کے سائے منڈلا رہے ہیں اور اگر کورونا سے حالات زیادہ خراب ہوئے تو کچھ بھی ممکن ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اگر بڑھتے کورونا کیسز میں کمی نہیں آئی تو ملک کے تمام اسکولز اور دیگر تعلیمی ادارے بند رکھنے پر غور کریں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پنجاب کے سات شہروں میں آج سے تمام تعلیمی اداروں کو 15 دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جن میں اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ اور لاہور کے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔