میاں بیوی کے درمیان ایک دوسرے کے موبائل چیک کرنے کے معاملے پر ہمشیہ ہی تجسس پایا جاتا ہے، مگر متحدہ عرب امارات میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے۔
خبر کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شوہر بیوی کے ذاتی موبائل چیک کرنے کے خلاف عدالت پہنچ گیا۔
شوہر نے ذاتی موبائل فون چیک کرنے پر بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، عدالت میں شوہر کا کہنا تھا کہ میری بیوی نے میرے ذاتی فون کی تلاشی لی، اور میرے موبائل سے تصاویر، ویڈیوز، اور دیگر چیزوں کو میری بدنامی کے لیے استعمال کیا۔
راس الخیمہ کی عدالت نے ملزمہ پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ عدالت کی جانب سے ملزمہ کو عدالتی کاروائی اور وکیلوں کے اخراجات خود ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق بیوی نے شوہر کے ذاتی موبائل میں موجود تصاویر، ویڈیوز، پیغامات شوہر کے موبائل سے گھر والوں کو بھیجے، جبکہ پراسیکیوٹر کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزمہ سائبر کرائم کے قوانین کے مطابق قصوروار پائی گئیں ہیں۔
پراسیکیوٹر جنرل نے مزید بتایا کہ ملزمہ بیوی کے اقدام سے سماجی، مالی اور اخلاقی طور پر شوہر کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔