کراچی میں آئے روز مخدوش عمارتوں کے بارے میں خبریں سنتے رہتے ہیں، کئی ایسی خبریں بھی آئی ہیں جن میں مخدوش عمارت گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے اور ہلاک ہوئے ہیں۔ لیکن سوشل میڈیا پر کراچی کے ایک شہری کی جانب سے ویڈیو اپلوڈ کی گئی ہے جس میں ایک مخدوش عمارت کسی بھی وقت ملبے کا ڈھیر بن سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایک مخدوش عمارت سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ 6 منزلہ اور 40 گز پر تعمیر ہونے والی یہ عمارت انمتا ٹاور کے نام سے مشہور ہے اور قدوسی مسجد اور عابدیہ امام بارگاہ کے قریب واقع ہے۔
ویڈیو میں شہری نے مخدوش عمارت کے بارے میں سندھ حکومت اور اعلیٰ عہدیداران کی توجہ دلائی ہے۔ شہری کا کہنا ہے کہ یہ مخدوش عمارت کے کچھ گھروں کو خالی کرالیا گیا ہے البتہ رہائشی عمارت میں موجود کچھ لوگ گھر خالی نہیں کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مخدوش عمارت کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں دراڑیں پڑچکی ہیں جبکہ کچھ خطرناک حصوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
ویڈیو میں شہری کی جانب سے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ شہری کا کہنا ہے کہ اس مخدوش عمارت کی وجہ سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔
شہری نے کے ڈی اے اور سی ڈی سی سے عمارت فوری خالی کرانے اور مخدوش عمارت کو گرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کسی نے حکومت کی نااہلی کو اجاگر کیا، تو کوئی اس مخدوش عمارت کے بنانے والے بلڈر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتا نظر آیا۔
واضح رہے گزشتہ سالوں میں بھی کراچی میں مخدوش عمارتوں کے گرنے سے جانی اور مالی نقصان ہوچکا ہے۔