سال 2021 کے آغاز سے ہی شوبز کی دنیا سے چاہے وہ پاکستانی ہو یا پھر بالی ووڈ انڈسٹری، نئے ایسے جوڑے سامنے آئے جنہوں نے منگنی کی اور اب ان کی شادی رواں سال جلد متوقع ہے۔ فنکاروں کی فہرست میں بڑے بڑے اداکاروں کے نام شامل ہیں اور ان کے پرستاروں کو بھی ان کی شادی کا بہت بے صبری سے انتظار ہے۔
' ہماری ویب' کی جانب سے آج ان فنکار جوڑیوں پر نگاہ ڈالی جائے گی جو بہت جلد شادی کے خوبصورت رشتے سے جڑ جائیں گے۔
تو آیئے جانتے ہیں ان مشہور ستاروں کے بارے میں۔
1- رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ
بالی ووڈ کے مقبول دو ستارے رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ دونوں ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست ہیں اور اپنی اس دوستی کو رشتے میں بدلنے کے خواہشمند بھی ہیں۔ دونوں ستاروں کو کئی مقامات پر اور بیرونی ممالک سفر کرتے ہوئے اکثر ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے جس سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ بالی ووڈ کے یہ 2 ستارے جلد شادی کرلیں گے۔
2- صبور علی اور علی انصاری
گزشتہ ماہ یکم مئی کو صبور علی اور علی انصاری کی بات پکی ہوئی جس کی خوبصورت تصاویر نے سوشل میڈیا صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر لیا تھا۔ اب ان کے مداحوں کو ان کی شادی کا شدت سے انتظار ہے۔ صبور اور علی ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست ہیں اور قریب مستقبل میں رشتہ ازدوج میں منسلک ہوجائیں گے۔
3- منال خان اور احسن محسن
گزشتہ مہینے صبور اور علی انصاری کی بات پکی کے 17 روز بعد منال خان اور احسن محسن اکرام کی بات پکی کی خبروں نے سوشل میڈیا کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ ویسے تو منال خان اور احسن محسن کے بارے میں یہی خیال کیا جا رہا تھا کہ دونوں نکاح کرلیں گے لیکن بات پکی کی خبر بھی ان کے چاہنے والوں کے لئے کسی بڑی خبر سے کم نہیں تھی۔ دونوں مشہور شخصیات کی رواں سال شادی ممکن دکھائی دیتی ہے۔
4- سدھارت ملہوترا اور کیارا اڈوانی
گزشتہ کچھ مہینوں سے سدھارت ملہوترا اور کیارا کے رلیشن شپ سے متعلق خبریں گردش میں ہیں کہ دونوں کے درمیان کچھ تو چل رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ تفریحی مقامات پر سفر کرتے دیکھا گیا ہے۔
ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق رواں سال جنوری میں کیارا اور سدھارت کے والدین کے درمیان ممبئی کے ایک ریسٹورینٹ میں ملاقات پیش آئی تھی جہاں دونوں فنکاروں کی فیملیز نے ایک ساتھ کھانا کھایا تھا۔ قیاس آرئیاں جاری ہیں کہ دونوں اداکاروں کی شادی رواں سال ہوجائے گی۔
5- آئمہ بیگ اور شہباز شگری
پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اور اداکار شہباز شگری نے 20 مارچ کو اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔
شہباز شگری سے منگنی کا اعلان گلوکارہ آئمہ بیگ نے فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کیا تھا۔ دیگر فنکاروں کی طرح رواں سال ان دونوں معروف شخصیات کی بھی شادی متوقع ہے۔