سوشل میڈیا پر کئی ایسی ویڈیوز موجود ہیں جو کہ آنکھیں پُر نرم کر دیتی ہیں، مگر اب جو ویڈیو آپ دیکھنے جا رہے ہیں اس میں چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو تحفے میں نئی گاڑی دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہد عمر نامی شہری نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی، ویڈیو میں شاہد نے اپنے بڑے بھائی کو نئی گاڑی تحفے میں دی ہے۔ جب بڑے بھائی نے تحفہ دیکھا تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور شاہد کو گلے سے لگا کر رونے لگے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہوتے ہی وائرل ہوگئی ہے۔
شاہد نے پوسٹ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ جب میں اپنا گھر بنوا رہا تھا تو میرے بھائی نے اپنی گاڑیاں بیچ دی تھیں اور اس دوران وہ تقریبا 6 سے 7 ماہ تک بے روزگار تھے، مگر میرے بھائی نے اُف تک نہیں کیا۔
آج جب میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہوچکا ہوں، تو میں نے اپنے بھائی کو تحفہ دینے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ شاہد نے اس تحفے سے متعلق گھر میں کسی کو بھی نہیں بتایا تھا، البتہ صرف ایک بھائی کو اس تحفے کا علم تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد جب بڑے بھائی کو کمرے سے باہر لے کر آیا تو بڑے بھائی حیرت سے پہلے گاڑی کو دیکھتے رہے اور پھر شاہد کو گلے لگا لیا۔ شاہد کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے شاہد کے مزید تین بھائی ہیں اور شاہد جوائنٹ فیملی میں ایک ساتھ اپنی ماں کے ساتھ رہتے ہیں۔