آج کل کے بچے اتنے تیز ہوچکے ہیں کہ والدین کی سختی اور ان کی ڈانٹ کو بھی سنجیدہ نہیں لیتے۔ یہی وجہ ہوتی ہے کہ بچو کی ناسمجھی کی وجہ سے والدین کو نقصان اٹھانا پڑجاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بچی کی ویڈیو اس وقت زیر گردش ہے جس میں وہ ایک سڑک پر تیز رفتار گاڑی چلا رہی ہے۔ کسی موٹر سائیکل سوار نے مذکورہ بچی کی گاڑی چلاتے ویڈیو بنا لی اور سوشل میڈیا پر شئیر کردی۔
بچی کا تعلق فیصل آباد سے بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 10 سال ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی دس سالہ بچی کی کار چلاتے ویڈیو فیصل آباد کے علاقے سمن آباد کی بتائی گئی ہے جہاں 10 سالہ بچی سڑک پر کار دوڑا رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ دوسری سیٹ پر ایک کم عمر بچہ بھی بیٹھا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
ویڈیو سامنے آنے پر سٹی ٹریفک آفیسر نے سمن آباد سیکٹر کی پولیس کو فوری طور پر گاڑی تلاش کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ گاڑی کی نمبر پلیٹ سے بھی اسکا سراغ لگایا جا رہا ہے جس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔